عالمی خبریں

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(15؍اکتوبر۔ 08:00 GMT)

کل مریض: 38,773,554

صحت یاب ہونے والے: 29,142,591

وفات یافتگان: 1,097,354

٭…آرمینیا کے زیر تسلط آذربائیجان کے علاقے باگورنو کاراباخ میں دونوں ممالک کے درمیان جاری لڑائی میں شدت آگئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 542 بتائی جاتی ہے۔

٭… اسرائیل کے وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو اور ابوظہبی کے ولی عہد شہزارہ محمد بن زاید النہیان کے درمیان پیر 12 اکتوبرکو ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی اور خطے کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔ اسی روز اسرائیل کی کابینہ نے متحدہ عرب امارت کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کے معاہدے کی منظوری بھی دی۔

٭… شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ تاہم انہوں نے معاشی مشکلات کے چیلنجز کا سامنا کرنے پر عوام اور فوج کا شکریہ ادا کیا۔ اتوار 11؍ اکتوبر کو ملٹری پریڈ سے خطاب کے دوران کم جونگ ان عوام کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے رو پڑے۔

٭…وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے پاکستان کو مذکرات کا پیغام بھیجا ہے ، تاہم انہوں نے مذاکرات سے متعلق مزید کچھ بتانے سے گریز کیا۔

٭… وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے بھارتی صحافی کرن تھاپر کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارت کی طرف سے پاکستان میں دہشتگردی کروانے کے نئے ثبوت سامنے رکھ دیے۔ ان کے مطابق اے پی ایس حملے کا ماسٹر مائنڈ ‘را’ سے رابطے میں تھا۔ پاکستان کے پاس بھارت سے کی گئی فون کالز کے ثبوت بھی موجود ہیں۔ ‘را’ نے ہی چائنیز قونصلیٹ، پی سی گوادر اور اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کروایا۔ چینی قونصلیٹ حملے میں ملوث اسلم اچھو کے نیو دہلی میں علاج کے ثبوت موجود ہیں۔

٭… منگل 13؍ اکتوبر کے روز امریکہ نے ترکی کی جانب سے سروے کرنے والے بحری جہاز کو دوبارہ مشرقی بحیرۂ روم میں سروے کے لئے بھیجے جانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے جس سے یونان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں مشکلات پیدا ہوں گی۔

٭… ناروے کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اگست میں اس کی پارلیمنٹ پر سائبر حملہ سے کئی پارلیمنٹیرینز کے ای میل اکاؤنٹ ہیک ہوگئے۔ ناروے کا کہنا ہے کہ ان سائبر حملوں کے پیچھے روس کا ہاتھ ہے۔

٭… مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی افواج کی پڑوسی عرب ریاستوں پر برتری قائم رکھنے کے حوالے سے اسرائیلی وزیر انٹیلی جنس ایلی کوہن کا کہنا ہے کہ ہمارا ملک امریکہ کی طرف سے قطر کو ایف 35 جنگی طیارے فروخت کرنے کی مخالفت کرے گا۔

٭… آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے خدشات بہت زیادہ ہیں۔ دنیا میں کہیں ایٹمی جنگ ہونی ہے تو وہ جنوبی ایشیا کے خطے میں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوتوا نظریے کی بھرپور مخالفت کرنا ہوگی۔

٭… تاجکستان کے الیکشن کمیشن کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے صدارتی انتخابات میں ٹرن آؤٹ 85 فیصد رہا۔ جبکہ ابتدائی نتائج کے مطابق 90.9 فیصد عوام نے امام علی رحمٰن کے حق میں ووٹ دیا۔ وہ 1992ء سے تاجکستان کے حکمران ہیں۔

٭… پاکستان اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے انتخابات میں 191 میں سے 169 ووٹ لے کر اگلے تین سال کے لیے اس کا رُکن منتخب ہوگیا۔

٭… افغانستان کے صوبے ہلمند میں حکومتی فوجوں اور طالبان کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں اور اب تک کم و بیش 35,000؍افراد اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہوچکے ہیں۔

٭… منگل 13؍ اکتوبر کو برطانیہ میں ایک شخص کی جانب سے دھمکی دینے پر مسلح پولیس نے سینٹ تھامس ہسپتال پر پہرہ بڑھا دیا اور اس واقعہ کی وجہ سے ویسٹ منسٹر کا پل اور اس سے ملحقہ سڑکوں کو بند کردیا گیا۔

٭… برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے مشیر ڈاکٹر عاصم نے کہا ہے کہ پیغام پاکستان کے نام سے 20 نکاتی ضابطہ اخلاق انتہائی خوش آئند اور مثبت ہے۔

٭… افغان دارالحکومت کابل میں اغوا، قتل اور دیگر جرائم کی شرح میں اضافے پر ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ مسعود اندرابی نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ مسلح افراد کے نظر آنے پر انہیں وہیں مار دیا جائے۔ قبل ازیں کابل پولیس کو مجرموں سے مقابلے کی صورت میں ہی ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت تھی۔

٭… فیس بک نے اپنی پالیسی کو جدید تر بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نفرت پر مبنی مواد کے حوالے سے ایسے کسی بھی مواد پر پابندی عائد کرے گا جو ہولوکاسٹ کی تردید یا اس میں بگاڑ پیدا کرے گا۔ دو سال قبل چیف ایگزیکٹو فیس بک مارک زیک برگ نے یہ مواد ہٹانے سے انکار کر دیا تھا۔ دی ورلڈ جیوش کانگریس اور امیریکن جیوش کمیٹی نے فیس بک کے اس اقدام کو سراہا ہے۔ دراصل شہری حقوق کیلئے کام کرنے والے گروپوں نے فیس بک کے اشتہارات سے متعلق بائیکاٹ کا وسیع تر اہتمام کیا تاکہ سوشل میڈیا کمپنیوں پر دباؤ ڈالا جاسکے کہ وہ نفرت پر مبنی مواد کو اپنے اپنے پلیٹ فارم سے ہٹائیں۔

٭… ویت نام اور کمبوڈیا میں سمندری طوفان، شدید بارشوں اور سیلابوں سے کم وبیش چالیس افراد ہلاک ہوئے ہیں اور لاتعداد لاپتہ ہیں۔ ہلاک ہونے ولوں میں امدادی کارکن بھی شامل ہیں۔

٭… پولینڈ میں نیوی کے اہلکاروں نے جنگِ عظیم دوم میں برطانیہ کی جانب سے گرائے گئےایک 5,400کلوگرام وزنی بم کو ناکارہ بنانے کا آپریشن شروع کیا تو اس دوران یہ بم پھٹ گیا۔ بم کو ناکارہ کرنے والا عملہ محفوظ رہا۔ یہ بم ایک نہر میں پایا گیا تھا۔ اردگرد کے 750؍افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا تھا۔

٭… ایران کے جنوب مغربی شہر اہواز کی ایک رہائشی عمارت میں گیس لیکیج کے باعث دھماکے سے 5 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے۔ دھماکے میں 2 رہائشی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں، جبکہ قریبی عمارتوں اور دکانوں کا بھی نقصان ہوا۔

٭… برطانیہ کی فضائی کمپنی برٹش ایرویز کی پرواز بی اے 259 منگل کے روز لندن سے لاہور پہنچی جس کے ساتھ دونوں شہروں سے براہِ راست پروازوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

٭… عالمی مالیاتی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ معاشی حالات کی وجہ سے غریب مزید غربت کا شکار ہورہے ہیں اور اس سال نوے ملین لوگوں کے انتہائی غربت کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔

٭… منگل 13؍ اکتوبر کے روز عالمی تجارتی ادارے نے یورپی یونین کو جوابی طور پر امریکہ کی چار بلین ڈالرز کی مصنوعات پر ٹیرف لگانے کی اجازت دے دی ہے۔ اس سے قبل امریکہ نے یورپی یونین کی کئی مصنوعات پر ڈیوٹی عائد کردی تھی۔

٭… انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے مطابق اگلے سال 2021ء میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح آٹھ اعشاریہ آٹھ فیصد رہنے کا امکان ہے۔ رواں سال 2020ء میں یہ شرح دس اعشاریہ سات فیصد رہنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بے روزگاری کی شرح 2020ء میں چار اعشاریہ پانچ فیصد ہے جبکہ یہ شرح 2021ء میں بڑھ کر پانچ اعشاریہ ایک فیصد ہونے کا خدشہ ہے۔

٭… عالمی ادارۂ خوراک کا کہنا ہے کہ اسے اگلے چھ ماہ میں قحط سے بچانے کے لئے 6.8 بلین ڈالرز کے فنڈز کی ضرورت ہے۔

٭… یورپ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے لحاظ سے یورپین سینئر فار ڈیزیز پریوینشن اینڈ کنٹرول (ECDC) کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں کیسز کی تعداد کے لحاظ سے پہلے سولہ ممالک میں چیک ریپبلک، بیلجیئم، نیدرلینڈز، سپین، فرانس، برطانیہ، آئس لینڈ، سلواکیہ، لکسمبرگ، رومانیہ، مالٹا، سلوینیہ، آئر لینڈ، آسٹریا، ہنگری اور پرتگال شامل ہیں۔ یہ وہ تمام ممالک ہیں جن میں ہر ایک لاکھ نفوس پر 120 سے زائد پازیٹیو کیسسز کی تعداد چل رہی ہے۔

٭… سوموار 12؍ اکتوبرکے روز Sageکی جانب سے جاری کی گئی یادداشتوں میں بتایا گیا ہے کہ گروپ کے سائنسدانوں نے تین ہفتے قبل برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ملک میں circuit-breaker لاک ڈاؤن نافذ کریں اور پب، بار، ریستوران، ہیر سلون اور جمز کو بند کردیں اور یونیورسٹیوں کی تعلیم کو آن لائن کردیں۔ بدھ 14؍ اکتوبر کے روز ملک بھر میں 17 ہزارسے زائد کورونا وائرس کے نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔

٭… نیدرلینڈ میں دنیا کا پہلا ایسا کیس سامنے آیا ہے جس میں ایک خاتون کورونا وائرس سے دوسری بار بیمار ہونے کے بعد ہلاک ہوئی ہے۔

٭… معروف ملٹی نیشنل دوا ساز کمپنی جانسن اینڈ جانسن نے رضاکاروں پر منفی اثرات کے باعث اپنی ویکسین کا آزمائشی مرحلہ عارضی طور پر روک دیا ہے۔ رضاکاروں میں ایک نامعلوم مرض کی شکایات سامنے آنے پر ویکسین کی آزمائش کو روکا گیا ہے۔

٭… عالمی ادارۂ صحت کی نگرانی میں کام کرنے والے کورونا ویکسین تیاری کے لیے بنائے گئے پلیٹ فارم کوویکس میں نو تجرباتی ویکسینز پر کام جاری ہے۔ کوویکس نے عہد کیا ہے کہ جیسے ہی کوئی ویکسین بنے گی اسے غریب تر ممالک تک پہنچایا جائے گا۔ چین نے ترقی پذیر ممالک کو ویکسین کی تقسیم کے حوالے سے امریکہ کے برعکس معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ چین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ہماری ویکسین ترقی پذیر ممالک کو ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائے گی۔

٭… عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس نے کہا ہے کہ وائرس کو لوگوں میں پھیلنے کے لیے آزاد چھوڑ دینا مسئلے کا حل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی مدافعت وائرس کو لوگوں کے درمیان پھیلانے سے نہیں لوگوں کو وائرس سے محفوظ بنا کر حاصل ہوتی ہے۔

٭…پاکستان نے ٹی20کرکٹ فارمیٹ میں نئے منفرد ریکارڈ قائم کر لئے۔ وکٹ کیپر اور بیٹسمین کامران اکمل 100سٹمپس کرنے والے دنیا کے پہلے وکٹ کیپر بن گئے۔ جبکہ بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی میں مسلسل دو برس تک زیادہ رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ شعیب ملک نے 10 ہزار رنز مکمل کرکے یہ سنگ میل طے کرنے والے پاکستان اور ایشیا کے پہلے بیٹسمین بن گئےہیں۔ دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی بھی ایک سال کے دوران سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔

٭… کورونا وائرس کے باعث انڈر 19- ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ملتوی کردیا گیا۔یہ ٹورنامنٹ رواں برس نومبر میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونا تھا۔ تاہم یو اے ای میں بھارتی لیگ آئی پی ایل جاری ہے۔

٭… پرتگال اور Juventus فٹ بال کلب کی طرف سے کھیلنے والے مشہور فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

٭… اتوار کے روز فرانس میں ہونے والی فارمولا ون ریس مرسیڈیز کے لوئس ہیملٹن نے جیت لی ہے۔ یہ ان کی 91 ویں فتح تھی۔ اب وہ فارمولا ون میں فتوحات میں مشہور ڈرائیور مائیکل شومیکر کے برابر آگئے ہیں۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button