متفرق شعراء

حمد رب ذو الجلال

(محمد سلیم اختر۔ ربوہ)

ساتھ رہتا ہے ہمیشہ کب جُدا ہوتا ہے تُو

من بھی جاتا ہے کسی سے گر خفا ہوتا ہے تُو

جلوہ گر ہوتا ہے رنگ و بُوئے گل میں تُو ہمیش

جلوہ فرما ماہ و انجم میں سدا ہوتا ہے تُو

خلوتیں آباد تُجھ سے جلوتوں کا حُسن تُو

ہر گھڑی، ہر لحظہ، ہر پل، ہر جگہ ہوتا ہے تُو

سوزِ دل بھی عشق بھی دردِ درُونِ دل بھی تُو

قلب و جسم میں رُوح میں جلوہ نُما ہوتا ہے تُو

تیری ہی رحمت سے ٹلتے ہیں مصیبت کے پہاڑ

مشکلیں کیسی بھی ہوں مشکل کشا ہوتا ہے تُو

تُو کبھی یُوسفؑ کو زِنداں سے دلاتا ہے نجات

اور کبھی عیسیٰؑ کے زخموں کی دوا ہوتا ہے تُو

جانِ عزم و حوصلہ تُو محورِ اُمیّد تُو

تُو وسیلہ، تُو سہارا، آسرا ہوتا ہے تُو

راستہ بھٹکے ہوؤں کو تُو دکھاتا ہے سدا

اخترِ گُم کردہ رہ کا، رہنُما ہوتا ہے تُو

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button