رپورٹ دورہ حضور انور

امیرالمومنین حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ جرمنی 2019ء

(عبد الماجد طاہر۔ ایڈیشنل وکیل التبشیر)

مسجد بیت البصیر کی یادگاری تختی کی نقاب کشائی۔ جمعۃ المبارک کے ساتھ مسجدکا افتتاح

……………………………………………

25؍اکتوبر2019ءبروزجمعۃالمبارک
………………………………………………

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے صبح سات بجے ‘‘مسجد بیت البصیر’’ میں تشریف لا کر نماز فجر پڑھائی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

صبح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز دفتری امور کی انجام دہی میں مصروف رہے۔

آج جمعۃ المبارک کا دن تھا۔ جمعۃ المبارک کے ساتھ ہی ‘‘مسجد بیت البصیر’’ کا افتتاح ہو رہا تھا۔ جرمنی کی مختلف جماعتوں سے بڑی تعداد میں احباب جماعت صبح سے ہی مہدی آباد پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔ بعض احباب اور فیملیز بڑے لمبے فاصلے طے کر کے پہنچی تھیں۔ ہر ایک کی خواہش تھی کہ اپنے پیارے آقا کی اقتدا میں نماز جمعہ ادا کرنے کی سعادت پائے اور مسجد کے افتتاح میں شامل ہو ۔

پروگرام کے مطابق دو بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تشریف لائے اور مسجد کی بیرونی دیوار میں نصب تختی کی نقاب کشائی فرمائی۔ بعد ازاں حضور انور نے ایک بڑی مارکی میں تشریف لا کر خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا۔

حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد بیت البصیر کی یادگاری تختی کی نقاب کشائی فرماتے ہوئے

(اس خطبہ جمعہ میں حضور انور نے احباب جماعت کو نمازوں میں باقاعدہ ہونے اور اللہ تعالیٰ سے مانگنے کے لیے اصولوں کا ذکر فرمایا۔ اس خطبہ جمعہ کا مکمل متن الفضل انٹرنیشنل 15؍نومبر2019ء میں شائع ہو چکا ہے۔ )

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا یہ خطبہ جمعہ تین بجے تک جاری رہا اور براہ راست MTA انٹرنیشنل پر Live نشر ہوا۔

آج اپنے آقا کی اقتدا میں نماز جمعہ ادا کرنے کے لیےاردگرد کی جماعتوں سے خصوصاً اور جرمنی بھر سے عموماً احمدیوں کی ایک بھاری تعداد نے شمولیت اختیار کی۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے نماز جمعہ کے ساتھ نماز عصر جمع کر کے پڑھائی۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

فیملی ملاقاتیں

پروگرام کے مطابق سوا چھ بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنے دفتر تشریف لائے اور پروگرام کے مطابق فیملی ملاقاتیں شروع ہوئیں۔آج شام کے اس سیشن میں 19 فیملیز کے 81 افراد نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ سے شرف ملاقات پایا۔ یہ احباب اور فیملیز مہدی آباد کے علاوہ جرمنی کی درج ذیل چھ جماعتوں سے اپنے پیارے آقا سے ملاقات کے لیے پہنچے تھے۔

Hamburg, Vechta, Lübeck, Lüneburg, Bremen, اور Pinneberg۔ علاوہ ازیں سویڈن میں پاکستان سے وزٹ پر آنے والے ایک مربی سلسلہ نے بھی یہاں مہدی آباد پہنچ کر اپنے پیارے آقا سے ملاقات کی سعادت پائی۔

ملاقات کرنے والے سبھی احباب نے اپنے آقا کے ساتھ تصویر بنوانے کا شرف پایا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے تعلیم حاصل کرنے والے طلباء اور طالبات کو قلم عطا فرمائے اور چھوٹی عمر کے بچوں اور بچیوں کو چاکلیٹ عطا فرمائے۔

ملاقاتوں کا یہ پروگرام سات بج کر پندرہ منٹ تک جاری رہا۔ بعد ازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جماعتی سنٹر کی اس پُرانی عمارت اور دفاتر اور مربی ہاؤس کا معائنہ فرمایا اور انتظامیہ کو بعض ہدایات سے نوازا۔

سابق صدر مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کے اعزاز میں تقریب

اس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بڑی مارکی میں تشریف لے آئے جہاں مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کے زیر انتظام سابق صدر مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی مکرم حسنات احمد صاحب کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔

اس تقریب میں تمام سابق صدران مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی، نیشنل مجلس عاملہ خدام الاحمدیہ جرمنی اور تمام قائدین مجالس اور خدام الاحمدیہ کے دیگر عہدیداران شامل ہوئے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم حماد احمد صاحب مہتمم عمومی خدام الاحمدیہ جرمنی نے کی۔ اس کے بعد مکرم حنان احمد باجوہ صاحب نائب ریجنل قائد خدام الاحمدیہ ہمبرگ نے خوش الحانی سے منظوم کلام پیش کیا۔ اس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطاب فرمایا۔

(اس خطاب کا مکمل متن الفضل انٹرنیشنل 15؍نومبر 2019ء میں شائع ہو چکا ہے۔)

خطاب کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے دعا کروائی۔

بعد ازاں شاملین نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی معیت میں کھانا کھایا۔

تقریب آمین

اس پروگرام کے بعد آٹھ بج کر دس منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ‘‘مسجد بیت البصیر ’’تشریف لے آئےجہاں تقریب آمین کا انعقاد ہوا۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے درج ذیل 29 بچوں اور بچیوں سے قرآن کریم کی ایک ایک آیت سنی اور آخر پر دعا کروائی۔

عزیزان تنزیل احمد ملک، توحید نور الدین، ثاقب احمد جاوید، عدیل احمد، باسل فاتح احمد، عطاء الخبیر احمد، ثمر احمد، ملک آحل احمد، حسان احمد قمر، ملک حسیب کھوکھر، فخر سروش احمد، مرزا منیب احمد، موحد احمد، عبد الغفور علیم رانا، ارمان نصیر الدین، سدید احمد، عدیل احسان کھوکھر۔

عزیزات عروش نادیہ رانا، ایمان اختر، نورم جبار، سائرہ ملک، سلمیٰ احمد، عروسہ قمر، ماہین ارشد، سطوت احمد، مہوش ارشد، حراء چوہدری، دیا کھوکھر، عبیرہ کمال۔

تقریب آمین کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے نماز مغرب و عشاء جمع کر کے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

…………………(باقی آئندہ)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button