فرمودہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 21دسمبر 2013ء بروز ہفتہ مسجد فضل لندن میں درج ذیل نکاحوں کا اعلان فرمایا۔ تشہد و تعوذ اور مسنون آیات قرآنیہ کی تلاوت کے بعدحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:۔ اس وقت مَیں دو نکاحوں کے اعلان کروں گا۔ اللہ تعالیٰ کرے کہ یہ دونوں نکاح ہر لحاظ سے بابرکت ہوں اور دونوں نکاحوں کے دونوں فریق ایک دوسرے کا خیال رکھنے والے ہوں۔ حضور انور نے فرمایا:۔ نکاح اور شادی کا جو مقصد ہے صرف دنیاوی مقصد نہ ہو بلکہ دین پیشِ نظر ہو اور اس کا حق ادا کرنے والے ہوں۔ کیونکہ اگر صرف دنیاوی مقصد پیشِ نظر رہے تو بہت سی دنیاوی لالچیں سامنے آ جاتی ہیں جبکہ دین اگر پیشِ نظر ہو تو پھر اللہ تعالیٰ کا خوف اور تقویٰ سامنے رہتا ہے اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کے لئے انسان پھر بہت سے کام کرتا ہے۔ ایک دوسرے کی بہت سی کمیوں اور خامیوں کو نظر انداز کرتا ہے۔ اور یہ کمیاں اور خامیاں نظر انداز ہونا ہی اصل چیز ہے جو شادیوں کو اور رشتوں کو کامیاب بناتی ہے۔ کیونکہ کوئی انسان کامل نہیں ہے سوائے آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کی ذات کے۔ پس جب کاملیت ہر ایک میں نہیں ہے،کسی میں نہیں ہے تو پھر ایسی امیدیں رکھنا جو بلا وجہ مسائل پیدا کرنے والی ہوں، روزمرہ کے معاملات کو الجھانے والی ہوں، اس سے پھر رشتوں میں دراڑیں پیدا ہوتی ہیں۔ اللہ کرے کہ ہر دو قائم ہونے والے رشتے یا ہر دو نکاح جن کے آج اعلان ہوں گے اس بات کو سامنے رکھتے ہوئے بہترین رنگ میں اپنی زندگیاں گزارنے والے ہوں اور ان کی اولادیں بھی نیک اور صالح ہوں۔ حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:۔ان الفاظ کے ساتھ اب مَیں نکاح کا اعلان کرتا ہوں۔ پہلا نکاح عزیزہ انیلہ احمد بھنو کا ہے جو واقفۂ نو ہیں اور مکرم ڈاکٹر فضل محمود بھنو صاحب کی بیٹی ہیں۔ یہ ماریشس کے رہنے والے واقفِ زندگی ہیں اور برکینا فاسو میں ہمارے ڈاکٹر ہیں۔ ان کا نکاح عزیزم عبد اللہ بن مسعود وقفِ نو کے ساتھ طے پایا ہے جو Lagos,Nigeria میں رہتے ہیں اور مکرم مسعوداحمد پرویز صاحب کراچی کے بیٹے ہیں۔ بچی کے دادا کو اللہ تعالیٰ نے فرانسیسی میں پہلا ترجمہ قرآن کرنے کی بھی توفیق عطا فرمائی۔ اس لحاظ سے ان کا باپ بھی وقفِ زندگی، خود بھی واقفۂ نو اور دادا کو بھی اللہ تعالیٰ نے دین کی خدمت کی توفیق عطا فرمائی۔ اللہ کرے کہ بچی بھی ان نیکیوں پہ قائم رہنے والی ہو۔ اسی طرح لڑکا عزیزم عبد اللہ بن مسعود جو ہے یہIlaro,Nigeriaمیں جو کالج ہے وہاں پرنسپل کے طور پر خدمت بجا لا رہے ہیں۔ مکرم ناصر بھنو صاحب لڑکی کے وکیل ہیں اور مکرم حارث مہر شاہ صاحب لڑکے کے وکیل ہیں۔ اور یہ نکاح چار ہزار ڈالر حق مہر پر طے پایا ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فریقین میں انگریزی میں ایجاب و قبول کرو ایا۔ پھر فرمایا:دوسرا نکاح عزیزہ عائشہ حفیظ بنت مکرم عبدالحفیظ صاحب گلشن اقبال کراچی کا ہے جو عزیزم توصیف احمد واقفِ نو ابن مکرم ریاض احمد صاحب لندن کے ساتھ بارہ ہزار پاؤنڈ حق مہر پر طے پایا ہے۔ دونوں نکاحوں کے اعلان اور فریقین کے درمیان ایجاب و قبول کروانے کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے رشتوں کے بابرکت ہونے کے لئے دعا کروائی اور فریقین کو شرف مصافحہ بخشتے ہوئے مبارک باد دی۔ (مرتبہ : ظہیر احمد خان۔ مربی سلسلہ شعبہ ریکارڈ دفتر پی ایس،لندن)