امسال ٹوگو جماعت کو محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے اپنا آٹھواں جلسہ سالانہ مورخہ18.19.20 دسمبر2015 کو دارالحکومت لومے میں منعقد کرنے کی توفیق ملی، ملک کی تمام جماعتوں کو جلسے کی اطلاع کے علاوہ ملک کے بڑے شہروں میں جلسے کی پبلسٹی کے لئے جلسے کے پوسٹر بھی لگائے گئے اور فیس بُک پر بھی تشہیری مہم چلائی گئی تا کہ دوسرے ممالک تک بھی جماعت کی امن کو قائم رکھنے کی کوششوں کو دکھایا جا سکے اور ریڈیو پر اعلانات بھی کئے گئے جس میں اہل علم، پادری حضرات و دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کو دعوت عام دی گئی کہ اسلام کے متعلق معلومات اور سوالات کرنے کے لئے کوئی بھی اس جلسے میں شامل ہو سکتا ہے۔اس جلسے کے لئے ایک بڑا ہال بک کروایا گیا۔ اس ہال کو خوبصورت طریقے سے سجایا گیا اور ایک بڑے سائز کا بینر جس پر جلسہ کا موضوع لکھا ہوا تھا سٹیج پر لگایا گیا۔ حالات حاضرہ کو مد نظر رکھتے ہوئے جلسے کی کمیٹی نے جلسے کا خصوصی موضوع ’’عصر حاضر کے مسائل اور ان کا اسلامی حل‘‘تجویز کیا تھا۔ مقامی طور پر نماز جمعہ کے بعد تمام حاضرین نے MTA کے ذریعہ حضور انور ایدہ اللہ کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا۔ دوپہر کے کھانے کے بعد پرچم کشائی کی تقریب ہوئی اور مکرم عرفان احمد ظفر صاحب صدر و مشنری انچارج صاحب جماعت ٹوگونے دعا کروائی۔ اس تقریب کی میڈیا کوریج بھی ہوئی۔ جلسے کے پہلے سیشن میں تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد افتتاحی تقریر مکرم عرفان احمد صاحب صدر جماعت ٹوگونے کی۔ آپ نے اپنی تقریر میں حالات حاضرہ کا تذکرہ کرتے ہوئے دنیا کودرپیش مسائل اوران کا حل خلفاء احمدیت کی بیان کردہ نصائح کے حوالہ سے بیان کیا۔دوسری تقریر مکرم محمد عارف گل صاحب مبلغ سلسلہ نے جلسہ سالانہ کی اہمیت کے بارے میں کی جس میں جلسے کی غرض و غایت، اہمیت اور شاملین جلسہ کے لئے حضرت مسیح موعود علیہ اسلام کی دعائوں کا ذکر کیا۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد سوال و جواب کی مجلس کا اہتمام کیا گیا تھا،جو کافی دیر تک جاری رہی۔ اس میں اور تین مختلف زبانوں میں جوابات دئے گئے۔ جلسے کے دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعدنماز کی اہمیت کے بارے میں درس دیا گیا۔آج جلسہ کے دو سیشن ہوئے جن میں مختلف موضوعات پر تقاریر ہوئیں۔ دوسرے روز کے صبح کے اجلاس میں تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم امیدو منیرو صاحب نے احمدیت یعنی اسلام کی نشأۃ ثانیہ کے بارے میں تقریر کی۔ مکرم سوکلو محمد صاحب نے بچوں کی تعلیم و تربیت کے بارے میں تقریر کی،جس میں حضرت خلیفتہ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ کی نصائح احباب جماعت کو پڑھ کر سنائیں، اور اس کا لوکل زبان میں ترجمہ بھی کیا۔ اس کے بعد اطفال نے قصیدہ پڑھا۔ مکرم عبدو یعقوبو صاحب نے شادی کی اہمیت کے بارے میں اور مکرم امیر صاحب نائیجر نے جماعت احمدیہ نائجیرکے بارے میں تقریر کی۔ نماز ظہر و عصر اور کھانے کے وقفہ کے بعد دوسرے سیشن میں تلاوت اور نظم کے بعد مکرم وسیم احمد ظفر صاحب مبلغ سلسلہ نے اسلام میں لیڈرشپ کے موضوع پر اور مکرم آکریم امین صاحب نے ’’عصر حاضر کے مسائل اور ان کا اسلامی حل‘‘ کے موضوع پر تقاریر کیں۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی۔ اس پروگرام میں سب نے بڑی دلچسپی لی اور کافی دیر تک یہ پروگرام جاری رہا۔ اس کا تین زبانوں میں ترجمہ بھی کیا گیا۔ جلسہ کے تیسرے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد مالی قربانی کے بارے میں درس دیا گیا۔ آج جلسہ کے آخری سیشن میں مکرم صالح میکائیل صاحب نے ’’اس جدید دور میں ایک مسلمان کا کردار‘‘کے موضوع پر تقریر کی۔ بعدازاں احباب جماعت کے ایمان میں مزید پختگی کے لئے نومبائعین کو سٹیج پر دعوت دی گئی کہ احمدی ہونے کے بعد جو تبدیلی انہوں نے نے محسوس کی ہے وہ سب کے سامنے بیان کریں۔ چنانچہ کثیر تعداد میں نو مبائعین اکٹھے ہو گئے سب کو باری باری موقع دیا گیا۔ یہ سلسلہ بہت ہی ایمان افروز رہا۔ اس جلسہ کی کوریج ٹوگو کے الیکڑانک میڈیا اور پرنٹ میڈیا پر ہوئی۔ ملک کا نیشنل ٹی دیTVT اور LCF نے اس جلسے کی کارروائی کو اپنی نیوز میں با تصویر نشر کیا جسے ملک کے طول و عرض میں دیکھا اور سنا گیا۔ اس کے علاوہ ملک کے پانچ بڑے اخبارات نے اس جلسے کی کارروائی کو ایک مکمل صفحے پر با تصویر شائع کیا۔ مکرم عرفان احمد ظفر صاحب صدر و مشنری انچارج ٹوگو جلسہ کی برکات کو ہمیشہ یاد رکھنے کی تلقین کی اورجوباتیں یہاں سنی ہیں ان کو ان تک بھی پہنچانے کی طرف توجہ دلائی جو جلسہ میں شامل نہیں ہوسکے۔ اسی طرح حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی نصائح با جماعت تہجد اور نفلی روزہ رکھنے کی بھی یاد دہانی کروائی اوربعدمیں اختتامی دعا کروائی۔ اس کے بعد لوکل زبان میں نظمیں بھی پڑھی گئیں۔ امسال جلسہ میں پورے ملک کی جماعتوں سے 1447 افراد نے شرکت کی۔ قارئین سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس جلسہ سالانہ کو ہر پہلو سے باعث خیروبرکت فرمائے اور شاملین کو جلسہ کی برکات سے متمتّع فرمائے۔ آمین