اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گوئٹے مالا (سنٹرل امریکہ) کا 26واں جلسہ سالانہ 18 تا 20 دسمبر 2015ء مسجد بیت الاوّل میں منعقد ہوا۔ اس جلسہ کے لئے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مکرم سید عبداللہ شاہ صاحب مبلغ سلسلہ امریکہ کو اپنا نمائندہ مقرر فرمایا۔ 18دسمبر کو قبل از نماز جمعہ گوئٹے مالا کے نومبایعین کی تربیتی کلاس منعقد کی گئی جس میں انہیں اسلام کے بنیادی دینی مسائل سکھائے گئے اور ان کے سوالات کے جواب دیئے۔ نماز جمعہ کے بعد ساڑھے تین بجے سہ پہر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ بعد ازاں جلسہ سالانہ کا باقاعدہ آغاز مکرم سید عبداللہ شاہ صاحب کی زیرصدارت تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو میکسیکو سے تعلق رکھنے والے ایک مقامی احمدی مکرم حافظ داؤد صاحب نے کی۔ بعدازاں حضور ایدہ اللہ کا محبت بھرا پیغام سپینش زبان میں خاکسار نے پڑھ کر سنایا جس کے بعد مکرم سید عبداللہ شاہ صاحب نے افتتاحی تقریر میں جلسہ سالانہ کی غرض و غایت بیان کی۔ دوسرے روز کے پہلے اجلاس کی کارروائی صبح ساڑھے نو بجے تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوئی جس کے بعد گوئٹے مالا کے نومبایع مکرم Domingo صاحب اور میکسیکو کے مقامی نومبایعین مکرم مصطفی صاحب اور مکرم سِیڈی عمر صاحب نے باری باری اپنے قبول احمدیت کے ایمان افروز واقعات سنائے۔ مکرم David Gonzalez صاحب جنرل سیکرٹری نے خلافت کی اہمیت و برکات نیز پانچوں خلفاء احمدیت کا تعارف کروایا۔ بعد ازاں مکرم سید عبداللہ شاہ صاحب نے تقریر میں احمدیوں کی ذمہ داریوں کی طرف حاضرین کو توجہ دلائی۔ نماز ظہر و عصر اور کھانے کے وقفہ کے بعد کے سیشن میں خاکسار نے سیرۃالنبی صلی اللہ علیہ وسلم اور مکرم سید عبداللہ شاہ صاحب نے خلافت احمدیہ و تائیداتِ الٰہیہ کے موضوع پر ایمان افروز تقریر کی۔ جس کے بعد مکرم Dario Samayoa صاحب صدر خدام الاحمدیہ نے عیسائیت و بائبل کی حقیقت پر بہت دلچسپ معلومات افزاء تقریر کی۔ جلسہ کے ایام میں مسجد بیت الاوّل میں روزانہ نماز تہجد باجماعت ادا کی جاتی تھی اور نماز فجر کے بعد درس قرآن، حدیث و ملفوظات دیا جاتا رہا۔ 20 دسمبر کو آخری روز اختتامی اجلاس غیرمسلم زیرتبلیغ مہمان مدعو کئے گئے تھے۔ مکرم Dario Samayoa صاحب صدر خدام الاحمدیہ نے جملہ حاضرین کو خوش آمدید کہا۔ خاکسار نے دنیا میں قیام امن سے متعلق آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات و اسوۂ حسنہ کو پیش کیا۔ مکرم David Gomzalez صاحب نے ہیومینٹی فرسٹ کے تحت خدمت انسانیت سے متعلق مختصر رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ہیومینٹی فرسٹ اس وقت تک 43ممالک میں رجسٹرڈ ہوچکی ہے اور بغیر تفریق رنگ و نسل و مذہب و ملّت خدمت خلق میں مصروف ہے۔صرف گوئٹے مالا میں گزشتہ تین سال میں میڈیکل کیمپس کے ذریعہ قریباً 35 ہزار افراد کو مفت طبّی سہولت مع ادویات مہیا کی جاچکی ہے۔ اسی طرح ہیومینٹی فرسٹ کے تحت کمپیوٹر اکیڈمی اور ’’مسرور احمد‘‘ سکول کے تحت سینکڑوں مستحق طلباء کو مفت تعلیمی سہولیات مہیا کرنے کی بھی توفیق ملی ہے۔ اس اجلاس کی آخری تقریر مکرم سید عبداللہ شاہ صاحب کی تھی۔ آپ نے قرآن کریم کی روشنی میں قیام امن کے موضوع پر تقریر کی اور آخر پر حاضرین کو سوالات کرنے کا بھی موقع دیا۔ دعا کے ساتھ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ کے موقع پر Chiapa میکسیکو کی دو خواتین اور کوسٹاریکا کے ایک زیرتبلیغ دوست Francisco کو بیعت کرنے کی توفیق ملی۔ اللہ تعالیٰ انہیں استقامت عطا فرمائے۔ امسال جلسہ کی کُل حاضری 125 تھی جن میں غیرمسلم مہمان 45 تھے۔ مقامی احمدیوں کی تعداد 25 تھی جبکہ میکسیکو سے 16، پانامہ اور کوسٹاریکا سے دو دو احمدی شامل ہوئے۔ 35 نومبایعین گوئٹے مالا کے دُوردراز علاقے Coban سے پانچ سو کلومیٹر کا سفر طے کرکے جلسہ میں شامل ہوئے۔ یہ نومبایعین قریباً ایک ہفتہ تک مشن ہاؤس میں مقیم رہے۔ جلسہ سالانہ کے بعد میکسیکو سے آنے والے احمدیوں نے اپنے تأثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس جلسہ کا ماحول بہت روحانی اور علمی تھا اور اب ہم میکسیکو میں بھی اسی طرح کا جلسہ کریں گے۔ پریس کانفرنس جلسہ سے ایک روز قبل ہوٹل Holy In میں پریس کانفرنس کی گئی جس میں نیشنل ٹی وی، اخبار La Hora اور A.F.P. کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اسی رات خبروں کے بلٹن میں نیشنل ٹی وی پر تفصیل سے اس پریس کانفرنس کو نشر کیا گیا کہ جماعت احمدیہ ایک پُرامن جماعت ہے اور ہر قسم کے نشدّد کے خلاف ہے اور ہر ملک میں اپنے وسائل کے مطابق امن کی تعلیمات پھیلانے میں مصروف ہے۔ پریس کانفرنس میں اخباری نمائندوں کے سوالات کے جواب مکرم سید عبداللہ شاہ صاحب، مکرم David Gonzalez صاحب اور خاکسار نے دیئے۔ اخبار La Hora نے تصویر کے ساتھ نمایاں سرخی لکھی کہ: ’’اسلام کا تشدّد سے کوئی تعلق نہیں ‘‘۔ نیشنل صدر جماعت احمدیہ گوئٹے مالا نے بتایا کہ لفظ اسلام کا مطلب ہی امن و سلامتی اور محبت و پیار ہے۔ انہوں نے متشدّد اسلامی تنظیم ISIS کی کارروائیوں کو اسلام کے خلاف قرار دیا اور کہا کہ اس تنظیم کی ظالمانہ اور پُرتشدّد کارروائیوں کی وجہ سے امن پسند مسلمانوں کو سخت دکھ اور تکلیف پہنچتی ہے۔ نیشنل صدر نے بتایا کہ ان کی جماعت گوئٹے مالا اور دنیا کے دیگر ممالک میں قیام امن کے لئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ نائب وزیرخارجہ سے ملاقات 17 دسمبر 2015ء کو جماعت احمدیہ گوئٹے مالا کے ایک وفد نے گوئٹے مالا کے نائب وزیرخارجہ Oscar Adolfo Padilla سے ملاقات کرکے جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا۔ اسلام کے بارے میں ان کی غلط فہمیاں دُور کیں۔ نیز جماعت کی کتب و لٹریچر کا تحفہ پیش کیا۔ اللہ تعالیٰ اس جلسہ کو ہر لحاظ سے کامیاب اور باعث خیروبرکت فرمائے اور شاملین کا حافظ و ناصر ہو۔ کارکنان کو بھی جزائے خیر عطا کرے۔ آمین