اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے جماعت احمدیہ مڈغاسکر کو اپنا گیارہواں جلسہ سالانہ 18۔19دسمبر 2015ء کو مڈغاسکر کے دارالحکومت انتاناناریوو (Antananarivo) میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ جلسہ سالانہ کو کامیاب بنانے کے لئے مختلف جماعتوں میں ریجنل مشنریز نے لوکل معلمین کے ساتھ مل کر لوگوں کو جلسہ سالانہ کی اہمیت و برکات اور نیز روایات سے آگاہ کیا گیا۔ جلسہ کے تمام تر پروگرام و تقاریر کو Malagasy(مالاگاسی )زبان میں تیار کیا گیا تا کہ سامعین کو سمجھنے میں آسانی ہوسکے۔ جماعت احمدیہ کی مسجد، مرکزی مشن اور سکول کو مختلف تعارفی اور تصویری بینرز سے سجایا گیا۔حکومتی عہدیداران، پریس کے نمائندگان اور مختلف مذاہب اور فرقوں کے راہنماؤں کو جلسہ کے دعوت نامے چند روز قبل دیئے گئے۔ جلسہ سالانہ کی کارروائی کا انعقاد جماعت احمدیہ مڈغاسکر کی باقاعدہ پہلی مسجد ’مسجد نور‘ میں کیا گیا۔ کھانے کا انتظام جماعتی سکول کے احاطہ میں ٹینٹ لگا کر کیا گیااور رہائش کا انتظام سکول کے کمرہ جات میں کیا گیا۔ جلسہ کے پہلے سیشن کا باقاعدہ آغاز 18دسمبر 2015ء بروز جمعۃ المبارک پرچم کشائی سے ہوا۔ مکرم بشارت نوید صاحب مشنری انچارج ماریشس اور مکرم مجیب احمد صاحب مشنری انچارج مڈغاسکر نے بالترتیب لوائے احمدیت اور مڈغاسکر کا قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر جماعتی سکول کے طلباء و طالبات نے مڈغاسکر کا قومی ترانہ نیز خوش آمدید کے الفاظ فرنچ اور مالاگاسی (لوکل زبان) میں ترانہ کی شکل میں پیش کئے۔ بعد ازاں اطفال الاحمدیہ نے ترانہ احمدیت پڑھا۔اس کے بعد دعا ہوئی۔ اس سیشن کو لوکل میڈیا نے بھی کور یج دی۔ دعا کے بعد نماز جمعہ و نماز عصر ادا کی گئیں اور پھر کھانے کا وقفہ ہوا۔ مہمان خصوصی کی صدارت میں دوسرے سیشن کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم و قصیدہ سے ہوا۔ بعد ازاں معلم عبد الرحمن صاحب نے جماعت احمدیہ کے تعارف کے موضوع پر ایک جامع تقریر کی۔ اس کے بعد تمام احباب نے مسجد میں حضور انور اید ہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ براہ راست سناجو کہ فرنچ ترجمہ کے ساتھ تھا۔ خطبہ جمعہ کے بعدمعلم عبد الرحمن صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبہ جمعہ کا مالاگاسی زبان میں خلاصہ پیش کیا۔ پھر ایک تصویری نمائش پیش کی گئی جس میں حضرت مسیح موعود ؑاور خلفاء احمدیت کا مختصراً تعارف ریجنل مشنری Mahajanga Region (ماہاجنگا ریجن) مکرم مدثر احمد صاحب نے کروایا۔ بعد ازاں نماز مغرب و عشاء اد ا کی گئیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد مجلس سوال و جواب کا انعقاد کیا گیا جس میں مبلغین سلسلہ نے مختلف سوالات کے جوابات دیئے۔ احباب جماعت نے اس سیشن میں خاص دلچسپی کے ساتھ حصہ لیا۔ جلسہ سالانہ کا دوسرا اور آخری روز نماز تہجد سے شروع ہوا۔ نماز فجر کے بعد درس دیا گیا۔ تیسرے سیشن کا آغاز معلّم عبدالرحمن کی تلاوت قرآن کریم اور عزیزم Arthure (نو مبائع)کی اردو زبان میں نظم سے ہوا۔ نظم کے بعد عزیزم واصف تیجو نے امن کے موضوع پر تقریر کی۔ عزیزم Hoby (نو مبائع) نے بھی اردو زبان میں نظم پیش کی۔ اس کے بعد خاکسار جبار ندیم ریجنل مشنری نے ’’اسلام یعنی امن‘‘ کے موضوع پر تقریر کی اوربعد میں عربی قصیدہ پیش کیا۔ چوتھے سیشن یعنی اختتا می اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو کہ ریجنل مشنری مکرم مدثر احمد صاحب نے کی۔اس کے بعد مکر م رانا فاروق صاحب نے نظم پیش کی۔اس سیشن میں احباب جماعت کے علاوہ 11 مہمانان کرام نے بھی شرکت کی۔جس میں محکمہ تعلیم کی افسر نیز سنّی اور شیعہ کی 3 بڑی مساجد کے امام بھی اپنے وفود کے ساتھ شامل ہوئے۔ امیگریشن پولیس افسر، انٹرپول پولیس انسپکٹر اور پولیس کمشنروغیرہ بھی مہمانوں میں شامل تھے۔ ان میں سے بعض مہمانان کرام نے اپنے تأثرات بھی بیان کئے۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے اختتامی تقریر کے بعد دعا کروائی اور یہ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ بعد ازاں مہمانان کرام کوکھانا پیش کیا گیا اور جماعتی لٹریچر دیا گیااور احباب جماعت کو قرآن کریم کی تعظیم و تکریم بیان کر کے سب کو ایک ایک قرآن کریم مالاگاسی زبان میں تحفۃ ًدیا گیا۔بعدازاں نماز ظہرو عصر اد ا کی گئیں۔ خداتعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ مڈغاسکر کو 5 اخبارات، 3 ٹی وی چینلزاور نیشنل ریڈیو نے کوریج دی۔ ان اخبارات میں مہمان خصوصی اور معلم عبد الرحمن کے انٹرویو اور اسلام کا حقیقی چہرہ پیش کیا گیااورجماعت احمدیہ کی امن کے لئے کوشش کو سراہا گیااور جلسہ سالانہ مڈغاسکر کی چند تصاویر بھی شائع کی گئیں۔ اس جلسہ میں مہمانوں کے علاوہ 8؍ جماعتوں سے تشریف لائے ہوئے 357؍ احباب نے شرکت کی۔ قارئین کرام سے درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ مڈغاسکر کو دن دوگنی اور رات چوگنی ترقیات سے نوازے۔ آمین