فرمودہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 14دسمبر 2013ء بروز ہفتہ مسجد فضل لندن میں درج ذیل نکاحوں کا اعلان فرمایا۔ تشہد و تعوذ اور مسنون آیات قرآنیہ کی تلاوت کے بعدحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:۔ اس وقت مَیں چند نکاحوں کا اعلان کروں گا۔ ان میں سے بعض نکاح واقفاتِ نو اور واقفین نَو مربیان سلسلہ کے بھی ہیں۔ اللہ تعالیٰ تمام نکاح جو آج طے پا رہے ہیں ان کو بابرکت فرمائے اور ہر ایک نیا قائم ہونے والا رشتہ اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنے والا ہو اور وہ ذمہ داریاں وہ ہیں جو اللہ تعالیٰ نے ان آیات میں بیان فرمائی ہیں جن کی نکاح سے پہلے تلاوت کی جاتی ہے اور ان میں سب سے بڑی ذمہ داری یاسب سے بڑا کام یا وہ اہم بات جس کی طرف اللہ تعالیٰ نے توجہ دلائی ہے وہ تقویٰ ہے۔ جب یہ تقویٰ ہو تو پھر ہر کام میں برکت پڑتی ہے چاہے وہ دنیوی کام ہے یا دینی کام۔ بظاہر دنیوی کام بھی دینی بن جاتے ہیں۔ ہر کام جو خدا تعالیٰ کی خاطر کیا جائے اللہ تعالیٰ اس کا ثواب دیتا ہے، اس میں برکت ڈالتا ہے، چاہے وہ دنیوی ہو۔آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا کہ اگر خاوند اپنی بیوی کے منہ میں لقمہ بھی اس وجہ سے ڈالتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرے تو وہ اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے والابن جاتا ہے، اس کا بھی اس کوثواب ہے۔ پس ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے کہ ہم نے ہر کام جو کرنا ہے وہ خدا تعالیٰ کی رضا کی خاطر کرنا ہے، تقویٰ کو سامنے رکھتے ہوئے کرنا ہے، سچائی پر قائم رہتے ہوئے کرنا ہے اور اس دنیاسے زیادہ آئندہ دنیاپر، مرنے کے بعد کی زندگی پر، نظر رکھتے ہوئے کرنا ہے تاکہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے حاصل کرنے والے بنیں۔ حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:۔مبلغین سلسلہ اور واقفین زندگی ہمیشہ یاد رکھیں کہ ان کے گھر دوسروں کے لئے نمونہ ہونے چاہئیں۔ ان کے رشتے مثالی ہونے چاہئیں۔ ان کے ایک دوسرے کے لئے حقوق ایسے ہوں جس کو پھر لوگ اس نظر سے دیکھیں کہ ہمیں بھی ایسا بننا چاہئے۔ اور واقفین زندگی، مربیان سلسلہ سے جن بچیوں کے رشتے طے ہو رہے ہیں ان کو بھی ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے کہ واقفِ زندگی سے بیاہ کرکے وہ بھی وقف زندگی کی صف میں آرہی ہیں۔ اس لئے ان کی بھی وہ ذمہ داریاں ہیں جو واقف زندگی نے نبھانی ہیں اور اس میں ان کی بیویوں نے مدد گار بننا ہے۔ حضور انور نے فرمایا:۔پس یہ باتیں ہر نئے قائم ہونے والے رشتے کو چاہے وہ ایک عام احمدی کا رشتہ ہے یا واقف زندگی کا رشتہ ہے یاد رکھنی چاہئیں کہ اگر تقویٰ مدنظر ہوگا، اللہ تعالیٰ کی رضا مدنظر ہو گی تو ہمیشہ گھروں میں خوشیاں قائم رہیں گی اور آئندہ نسلیں بھی نیک اور صالح پیدا ہوں گی، جماعت سے وابستہ ہوں گی۔ اللہ کرے کہ یہ تمام قائم ہونے والے رشتے ان باتوں کو ملحوظ رکھنے والے ہوں۔ ان چند باتوں کے بعد اب مَیں نکاحوں کا اعلان کرتا ہوں۔ پہلا نکاح ہے عزیزہ سعدیہ عصمت آیت اللہ۔ یہ بھی واقفۂ نو ہیں۔ مکرم قمر آیت اللہ صاحب کی بیٹی ہیں۔ ان کا نکاح عزیزم عطاء الرحمٰن خالد صاحب مربی سلسلہ سے جنہوں نے یوکے سے جامعہ احمدیہ پاس کیا ہے تین ہزار پاؤنڈ حق مہر پر طے پا یا ہے۔ اگلا نکاح عزیزہ حانیہ انور بنت مکرم انور احمد قریشی صاحب کراچی کا ہے جو عزیزم عاطف اعجاز احمد صاحب مربی سلسلہ کے ساتھ پچاس ہزار روپیہ حق مہر پر طے پایا ہے۔ اور ہمارے یہ مربی پاکستان میں ہیں۔ مکرم اعجاز احمد صاحب کے بیٹے ہیں۔ اور ان دونوں کے، لڑکا اور لڑکی کے وکیل یہاں موجود ہیں۔ مکرم محمد رفیع الزمان صاحب لڑکی کے اور مکرم پرویز احمد صاحب لڑکے کے وکیل ہیں۔ حضور انور نے فرمایا:۔اگلا نکاح عزیزہ اسیفہ محمود بنت مکرم محمود عالم صاحب کا ہے جو عزیزم فضل عمر صاحب مربی سلسلہ ابن مکرم انور احمد قریشی صاحب کے ساتھ پچاس ہزار روپے حق مہر پر طے پایا ہے۔ دولہا یہاں نہیں، مکرم محمد رفیع الزمان صاحب ان کے وکیل ہیں ۔ اگلا نکاح عزیزہ سویرا منیر بنت مکرم منیر اختر کملانہ صاحب کا ہے جو عزیزم عارف محمود ابن مکرم شیخ محمد احمد صاحب شہید کے ساتھ پانچ ہزار پاؤنڈ حق مہر پر طے پایا ہے۔ یہ عزیز جب مردان میں ان کے والد شہید ہوئے تھے تو ان کو بھی گولی لگی تھی،یہ زخمی ہوئے تھے۔اللہ تعالیٰ نے فضل کیا، بچا لیا۔لڑکی کے وکیل مکرم حارث بلال منیر صاحب ہیں۔ اگلا نکاح عزیزہ حمیرہ پروین بنت مکرم بشارت احمد صاحب کا ہے جو عزیزم شاہد محمود واقف نو ابن مکرم محمود عالم صاحب کے ساتھ پانچ ہزار پاؤنڈ حق مہر پر طے پایا ہے۔ حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:۔اگلا نکاح عزیزہ فائقہ ناصر بنت مکرم ناصر احمد تارڑ صاحب کا ہے جو عزیزم محمد اظفر منہاس ابن مکرم محمد سرور منہاس صاحب کے ساتھ دس ہزار پاؤنڈ حق مہر پر طے پایا ہے۔ اگلا نکاح عزیزہ فائزۃ الاسلام بنت مکرم سید ظفر محمود شاہ صاحب کا ہے جو عزیزم سید مطاہر جمال ابن مکرم سیدنورالمبین شاہ صاحب آسٹریلیا کے ساتھ دس ہزار آسٹریلین ڈالر حق مہر پر طے پایا ہے۔ لڑکا یہاں نہیں ان کے وکیل مکرم حافظ فضل ربی صاحب ہیں ۔ تمام نکاحوں کے اعلان اور فریقین کے درمیان ایجاب و قبول کروانے کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے رشتوں کے بابرکت ہونے کے لئے دعا کروائی اور فریقین کو شرف مصافحہ بخشتے ہوئے مبارکباد دی۔ (مرتبہ : ظہیر احمد خان۔ مربی سلسلہ شعبہ ریکارڈ دفتر پی ایس،لندن)