لندن 07؍ فروری 2016ء(نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے مورخہ 07؍فروری2016ء بروزاتوار بعد دوپہر طاہرہاؤس ڈیئر پارک روڈ میں تشریف لا کر شعبہ ’مخزنِ تصاویر‘ کی ویب سائٹ کا افتتاح فرمایا۔شعبہ مخزنِ تصاویر جماعت احمدیہ کی نادر، قیمتی ،اہم تاریخی تصاویر کو محفوظ کرتا ہے۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے موجودہ صورت میں قائم شعبہ ’مخزن تصاویر‘ کا آغاز 2006ء میں فرمایا تھا۔اب تک اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہزاروں تصاویر کو جدید طرز پر محفوظ کر لیا گیا ہے اور یہ کام بڑی تیزی سے جاری ہے۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے طاہر ہاؤس کی تیسری منزل پرقائم شعبہ مخزنِ تصاویرمیں کمپیوٹر کی سکرین پر ایک بٹن دبا کر ویب سائٹ (www.makhzan.org)کا باقاعدہ افتتاح فرمایا اور دعا کروائی۔ اس موقع پر شعبہ مخزن تصاویر نے ایک کیک بھی تیار کیا تھا۔ حضورِ انو رنے ازراہِ شفقت اسے اپنے دست مبارک سے کاٹا۔ بعد ازاں حضورِ انور نے جماعتِ احمدیہ کی نادر، قیمتی، تعارفی اور تاریخی تصاویر پر مشتمل نمائش کا مختصر معائنہ بھی فرمایا۔ طاہر ہاؤس میں مستقل نوعیت کی اس نمائش کا باقاعدہ افتتاح حضورِ انور نے اپنے دستِ مبارک سے اکتوبر 2007ء میں فرمایا تھا۔ مخزن تصاویر کی ویب سائٹ کے آغاز سے اب دنیا بھر کے افراد جماعت احمدیہ کی اہم تاریخی تصاویر کو اپنے اپنے مقام پر رہتے ہوئے دیکھ سکیں گے اور بعض تصاویر آن لائن آرڈر کے ذریعہ خرید بھی سکیں گے۔ مزید معلومات کے لئے اس ویب سائٹ (www.makhzan.org) کو وزِٹ کریں۔ بعد ازاں حضورِ انورطاہر ہاؤس کی پہلی منزل پر موجود ایڈیشنل وکالت اشاعت اور ویئر ہاؤس ایڈیشنل وکالت اشاعت (ترسیل) کا مختصر جائزہ لینے اور اپنے خدام کو شرفِ دیدار بخشنے کے بعد مسجد فضل روانہ ہو گئے۔ ٭…٭…٭