کتاب کا نام:Invocations of the Holy Prophet (sa) مصنف کا نام: Dr. Karimullah Zirvi کُل صفحات: 427 ناشر: KZ Publications, USA زبان: انگریزی جیسا کہ نام سے ظاہر ہے یہ کتاب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی پاکیزہ دعاؤں کا ایک انتخاب ہے اور مکرم ڈاکٹر کریم اللہ زیروی صاحب نے اسے انگریزی زبان میں مرتب کیا ہے۔ اس کتاب کا پہلا ایڈیشن جون 2005ء میں امریکہ سے شائع ہوا تھا اور اس نے انگریزی دان طبقہ میں پذیرائی بھی حاصل کی تھی۔ چنانچہ اس کتاب کا دوسرا ایڈیشن اضافہ جات کے ساتھ اگست 2014ء میں امریکہ سے ہی شائع ہوا ہے۔ اس کتاب میں دعا کی اہمیت و عظمت اور قبولیت کے متعلق نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ارشادات بیان کئے گئے ہیں۔ اس کے بعد حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے الفاظ میں دعا کے 9 فوائد بیان کئے گئے ہیں۔ پھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی دعاؤں کے حسین تذکرہ کا آغاز ہوتا ہے۔ مصنف نے 240 متنوع عناوین کے تحت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی دعاؤں کا ذکر کیا ہے۔ اس کتاب کی ایک منفرد خصوصیت یہ بھی ہے کہ اصل عربی متن کے ساتھ ساتھ ایسے افراد کے لئے جو عربی زبان پڑھ نہیں سکتے، عربی متن کی انگریزی زبان میں ٹرانسلیٹیریشن (Transliteration) بھی دی گئی ہے۔ اور اس کے بعد اس دعا کا انگریزی زبان میں ترجمہ لکھا گیا ہے۔ دیدہ زیب کور (cover) کے ساتھ یہ کتاب شائع کی گئی ہے جو جماعت احمدیہ کے لٹریچر میں ایک خوبصورت اضافہ ہے اور انگریزی دان افراد کے لئے ایک بہت اچھا اور پاکیزہ تحفہ ہے۔ یہ کتاب جماعت احمدیہ امریکہ کے بکسٹال سے دستیاب ہے۔