فرمودہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز18 جون 2013ء حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 18 جون 2013ء بروز منگل مسجد فضل لندن میں درج ذیل نکاح کا اعلان فرمایا۔ تشہد و تعوذ اور مسنون آیات قرآنیہ کی تلاوت کے بعدحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: اس وقت مَیں جس نکاح کا اعلان کروں گایہ عزیزہ رضوانہ اسلم بنت مکرم محمد اسلم صاحب لنگاہ یوکے کا ہے جوعزیزم احسان نصیر ابن مکرم سفیر احمد قریشی صاحب کے ساتھ دس ہزار پاؤنڈ حق مہر پر طے پایا ہے۔ لڑکے کے والد بھی واقفِ زندگی ہیں اور ان کے دادا حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کی کار چلایا کرتے تھے اور قریشی نذیر احمد صاحب ان کا نام تھا۔ بڑا پرانا خدمتگار خاندان ہے۔ جو رشتہ آج قائم ہو رہا ہے اللہ تعالیٰ ان کو بھی ایک تو اپنے رشتے نبھانے کا حق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ دوسرے آئندہ نسلوں کو بھی اپنے باپ دادا کی طرح جماعت اور خلافت سے اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ ان الفاظ کے بعد اب مَی ں نکاح کا اعلان کرتا ہو ں ۔ اعلان نکاح اور فریقین کے درمیان ایجاب و قبول کروانے کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اس رشتہ کے بابرکت ہونے کے لئے دعا کروائی اور فریقین کو شرف مصافحہ بخشتے ہوئے مبارکباد دی۔ (مرتبہ : ظہیر احمد خان۔ مربی سلسلہ شعبہ ریکارڈدفتر پی ایس،لندن)