اس کالم میں الفضل انٹرنیشنل کو موصول ہونے والی جماعت احمدیہ عالمگیر کی تبلیغی و تربیتی مساعی پر مشتمل رپورٹس کا خلاصہ پیش کیا جاتا ہے۔ ……………………… [ بینن (مغربی افریقہ) ] بینن کے ریجن پاراکو کی جماعت Bourando میں نومبائعین کے جلسہ کا بابرکت انعقاد مورخہ18اکتوبر2015ء بروز اتوار پارکو ریجن کے ایک قصبہ Bourandoمیں نومبائعین کے جلسے کا انعقاد ہوا جس میں 4جماعتوں کے178 احباب شامل ہوئے ۔یہ قصبہParakouشہر سے68کلومیٹر دور واقع ہے ۔مقامی داعی الی اللہ حمید جبریل صاحب کے ذریعہ 2009ء میں اس گاؤں میں احمدیت کا پودا لگاتھا ۔ مکرم میاں قمر احمدمبلغ سلسلہ بینن کی جانب سے موصولہ تفصیلی رپورٹ کے مطابق مکرم رانا فاروق احمد صاحب امیر جماعت بینن نے اپنے ایک 5رکنی وفد کے ساتھ اس جلسہ میں شرکت کی۔ مرکزی وفد کی آمد پر پروگرام کا آغاز تلاوت قران کریم سے ہوا۔ ’’پِل ‘‘ زبان میں ترجمہ کے بعد مقامی زبان میں احادیث مع ترجمہ پیش کی گئیں ۔مقامی وفد کے تعارف کے بعدیہاں کے صدر صاحب نے مہمانان کو خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں ایک مقامی خادم عبد الرزاق صاحب نے تمام نومبائعین کی طرف سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم خلافت کی بدولت قرآن پڑھنے لگ گئے ہیں ۔ جو اسلام محمد صلی اللہ علیہ و سلم لے کر آئے تھے وہ آ ج ہم تک پہنچ گیا ہے ۔ اس کے بعد فرانس سے آئے ہوئے ایک مبلغ سلسلہ مرزا نبیل احمد صاحب نے آنحضور صلی اللہ علیہ و سلم کی احادیث اور ارشادات کی روشنی میں انفاق فی سبیل اللہ، جماعت سے محبت اور خلافت کی اطاعت کے موضوع پر فرنچ میں تقریر کی جس کا پِل زبان میں ترجمہ کیا گیا۔ اس کے بعد مکرم بکری مصلحو صاحب نائب امیر بینن نے جلسوں کے مقاصد کے متعلق اپنی تقریر میں کہا کہ ان جلسوں کا مقصد نئے آنے والوں کو جماعتی نظام میں پرونا ہے تاکہ امام مہدی علیہ السلام کی جماعت ایک ہوجائے۔ مکرم رانا فاروق احمد صاحب امیر جماعت بینن نے اختتامی تقریر میں تمام مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں آپ نے وَاعْتَصِمُوْا بِحَبْلِ اللّٰہِ جَمِیْعًا وَّ لَا تَفَرَّقُوْا کی آیت کی تشریح کی اور نظام جماعت اور خلافت سے وابستہ رہنے اور اطاعت کے اعلیٰ معیار قائم کرنے کی تلقین کی۔آخر میں امیر صاحب نے جماعت کی طرف سے مسجد تعمیرکرنے کا اعلان کیا جس پر سب لوگوں نے نعرۂ تکبیر سے خوشی کا اظہار کیا۔ ……………………… [یوکے] شمالی انگلستان کے ایک کرائسٹ چرچ میں پِیس کانفرنس کا کامیاب انعقاد مکرم صباحت کریم صاحب مبلغ سلسلہ یوکے کی مرسلہ رپورٹ کے مطابق ہڈرزفیلڈ (نارتھ) جماعت کو 18؍اکتوبر 2015ء کو Halifaxٹاؤن کے کرائسٹ چرچ میں ’’مشرقی وسطیٰ کے مسائل نیز مختلف مذاہب کی امداد و کردار‘‘ کے موضوع پر پِیس کانفرنس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ پروگرام کا آغاز چرچ میں نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد مکرم عطاء المجیب راشد صاحب کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مع انگریزی ترجمہ کے بعد بائبل سے ایک منتخب حصہ Kevin Barnard the Vicar of St Paul's King Crossنے پیش کیا۔ بعدازاں مکرم منیر احمد صاحب صدر جماعت ہڈرزفیلڈ (نارتھ) نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور مقررین کے تعارف کے بعد پِیس کانفرنس کی اہمیت اور ضرورت پر تقریر کی۔ جماعت احمدیہ کا تعارف مکرم بلال ایٹکینسن صاحب ریجنل امیر نے پیش کیا۔ بعد ازاں پہلی تقریر بدھ مت کی نمائندہ Miss Anne Lenhan نے کی۔ہندو مت کی نمائندگی Mr Rajeev Dewediنے کی۔ عیسائیت کی نمائندگی Halifaxچرچ کے پادری John Hellwellنے کی۔ اسلام کی نمائندگی مکرم عطاء المجیب راشد صاحب امام مسجد فضل لندن نے کی۔ آپ نے بتایا کہ کس طرح آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے اپنی زندگی میں لوگوں سے ہمدردی کرتے ہوئے ان کی امداد کی نیز آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کی زندگی کے مختلف واقعات کے ساتھ آپ نے اپنی تقریر کو مزیّن کیا۔بعد ازاں آپ نے Humanity Firstکی بین الاقوامی خدمات کا ذکر کیا۔ امام صاحب کی تقریر کے بعد حاضرین کو سوالات کرنے کا موقع دیا گیا ۔آخر پر Kevin Barnard the Vicar of St Paul's King Crossنے حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔ کانفرنس کا اختتام امام صاحب نے دعا کے ساتھ کیا جس کے بعد حاضرین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ پروگرام میں 93غیر از جماعت اور 43 افراد جماعت جماعت کُل 136 مرد و زن شامل ہوئے ۔ ……………………… [البانیہ(مشرقی یورپ)] جماعت احمدیہ البانیہ کے 8ویں جلسہ سالانہ کا بابرکت انعقاد ٭…البانیہ کے جلسہ سالانہ میں پہلی مرتبہ سرکاری نمائندہ کی شمولیت جماعت احمدیہ کی مسجد ’’مسجد بیت الاوّل‘‘ البانیہ کے دار الحکومت ترانہ (Tirana) میں 18؍اکتوبر 2015ء بروز اتوار اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ البانیہ نے اپنا آٹھواں جلسہ سالانہ منعقد کیا۔ مکرم جاوید اقبال ناصر صاحب مربی سلسلہ نے اطلاع دی ہے کہ اس جلسہ میں حضور انور کی منظوری سے مرکزی مہمان خصوصی مکرم زکریا خان صاحب امیر و مشنری انچارج ڈنمارک نے شرکت کی۔پہلے اجلاس کا آغازمرکزی مہمان کی زیرصدارت تلاوت قرآن کریم مع البانین ترجمہ سے ہواجو مکرم Bekim Biciصاحب نے کی۔ البانین زبان میں نظم مکرم Artan Maurajصاحب نے پڑھی۔ بعدازاں درج ذیل دو تقاریر ہوئیں : ٭ …’’زندہ خدا ‘‘از مکرم Neszir Bajhajصاحب۔ ٭ …’’قرآن کریم تمام انسانیت کی رہنمائی کا ضامن‘‘ از مکرم Valdon Mustafaصاحب۔ دوسرے اجلاس میں درج ذیل تقاریر ہوئیں : ٭ …حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کی سیرت عدل و انصاف کے آئینہ میں ‘‘ از مکرم جاوید اقبال ناصر صاحب مربی سلسلہ۔٭ …حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا پیدا کردہ انقلاب‘‘ از مکرم شاہد احمد بٹ صاحب مربی سلسلہ و صدر جماعت البانیہ۔٭ …’’سچّے خلفاء کی اطاعت و فرمانبرداری‘‘ از مکرم صمد احمد غوری صاحب مربی سلسلہ ۔ اس کے بعد مکرم Bujar Ramajصاحب نے البانین زبان میں شائع ہونے والی جماعتی کتب کا مختصر تعارف پیش کیا۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور کھانے کے بعد جلسہ سالانہ کے اختتامی اجلاس کا آغازمرکزی مہمان کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں درج ذیل تقاریر ہوئیں : ٭ …’’ اسلام اور اظہار رائے کی آزادی‘‘ از مکرم Rexhep Hasaniصاحب۔ ٭ …’’خدا تعالیٰ نے اپنی محبت لوگوں کے دلوں میں گاڑدی ہے‘‘ از مکرم Bujar Ramajصاحب۔ اختتامی اجلاس کی آخری تقریر مرکزی مہمان مکرم زکریا خان صاحب امیر و مشنری انچارج ڈنمارک نے ’’مذہبی بنیاد پر ستی اور اُس کی روک تھام‘‘ کے موضوع پر کی۔ تقریر کے آخر پر مہمان خصوصی نے دعا کرائی اور اس طرح جلسہ سالانہ اپنے اختتام کو پہنچا۔ امسال پہلی مرتبہ گورنمنٹ کی طرف سے ایک سرکاری نمائندہ مکرم Ilir Dizdari صاحب (Director of Cult Community)شامل ہوئے۔ انہوں نے اپنے مختصر ایڈریس میں جماعت کا شکریہ ادا کیا اور جماعت کے پیغامِ امن کو سراہااور جماعت کی سرگرمیوں تعریف کرتے ہوئے انہیں خوش اسلوبی سے جاری رکھنے کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ حسب سابق امسال بھی لجنہ اماء اللہ کا ایک اجلاس صدر لجنہ کی زیر صدارت الگ سے ہوا۔ جلسہ سالانہ میں ہمسایہ ممالک Kosovoاور مقدونیہ سے بھی احباب و خواتین شام ہوئے۔جلسہ کی کُل حاضری 265رہی۔ ……………………… [کروشیا ] کروشیا میں ہیومینٹی فرسٹ کے زیر اہتمام خدمت خلق کے مختلف پروگرامز اور کروشیا کی ایک فلاحی تنظیم کو ویگن کا عطیہ اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ جماعت احمدیہ کروشیا کو ہیومینٹی فرسٹ کے زیر اہتمام خدمت خلق کے مختلف پروگرامز منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ مکرم زبیر خلیل خان صاحب کی مرسلہ رپورٹ کے مطابق ستمبر2015ء میں نادار مریضوں کے طبّی چیک اَپ کے لئے تین میڈیکل کیمپ لگائے گئے جن سے تین صد سے زائد مقامی افراد نے استفادہ کیا۔ ٭…عید الاضحی کے موقع پر بیس دنبوں کی قربانی کی گئی اور تین ہزار سے زائد ریفیوجیز اور مقامی نادار افراد کو اس کا گوشت اور چھ صد کلو چاول پر مبنی کھانا پیش کیا گیا۔ زاغرب میں موجود ڈوبری ڈوم نامی ادارہ غرباء کے لئے کھانا تیار کرتا ہے اس کے تعاون سے یہ کام کیا گیا۔ ٭…کروشیا میں معذور افراد کی مدد کے لئے SRCE (SRCEکا مطلب ’’دل‘‘ہے)تنظیم قائم ہے جو اس وقت مختلف عمر کے یک صد پچاس سے زائد معذور انسانوں کی مدد کر رہی ہے ۔22؍اکتوبر 2015ء کو ہیومینٹی فرسٹ کی طرف سے اس تنظیم کو ایک ایمبولینس نما ویگن کا عطیہ پیش کیا گیا۔ اس ویگن میں معذور افرادکے لئے وہیل چیرز کے ذریعہ ٹرانسپو رٹیشن کی سہولت موجود ہے۔ SRCEکی دسویں سالگرہ کی تقریب میں یہ ویگن بطور عطیہ پیش کی گئی۔ہیومینٹی فرسٹ کی اس کاوش پر حاضرین نے بہت تعریف کی اور تہ دل سے شکرگزاری کا اظہار کیا۔ اس موقع پر تنظیم کی سربراہ محترمہ ماریا کے علا وہ شہر کے میئرHrvoj Koscecصاحب اور County Zagrebacka کے سربراہ Stjepan Kozic صاحب اور کروشین پارلیمنٹ کے ممبر Drazenko Pandek صاحب نے بھی جماعت اور ہیومینٹی فرسٹ کی طرف سے دیئے گئے عطیہ کو سراہا۔ تقریب کی کوریج مقامی ٹی وی، ریڈیو اور اخبارات کے نمائندگان نے کی۔ ………………… [فرنچ گیانا ] فرنچ گیانا کی ایک بین المذاہب تنظیم Alliance Religions کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فرنچ گیانا کے مبلغین کو اسلام کی نمائندگی میں متعدد پروگراموں میں شرکت کرنے کی توفیق ملتی ہے۔ فرنچ گیانا میں ایک بین المذاہب تنظیمAlliance Religions قائم ہے جو کیتھولک چرچ کے بشپ کی کوشش سے وجود میں آئی۔ 30؍اکتوبر 2015ء کوبمقام Cayenne کیتھولک عیسائیوں کے سب سے بڑے چرچ میں ایک سیمینار منعقد کیا گیاجس کا عنوان ’’بُرائی کا جواب نیکی سے دو‘‘ تھا۔ سیمینار میں مختلف مذاہب کے نمائندے شامل ہوئے۔ مکرم صدیق احمد منور صاحب مبلغ انچارج فرنچ گیانا کی مرسلہ رپورٹ کے مطابق اللہ تعالیٰ کے فضل سے اسلام کی نمائندگی جماعت احمدیہ فرنچ گیانا کے مبلغین نے کی۔ مکرم صدیق احمد منور صاحب مبلغ انچارج فرنچ گیانانے تلاوت قرآن کریم مع فرنچ ترجمہ کی۔ بعد ازاں مکرم محمد بشارت صاحب مبلغ سلسلہ نے اپنی تقریر کا آغاز سورۃ حٰم السجدہ کی آیات 34 و 35 سے کیا۔ بعدازاں احادیث نبوی اور اسوۂ رسول صلی اللہ علیہ و سلم کے واقعات سے حاضرین کو بتایا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کا یہ دستور تھا کہ آپ بُرائی کا جواب نیکی سے دیتے تھے۔ اس موقع پر مسلمانوں کی ایک تنظیم کے صدر Keita Lasanaصاحب بھی موجود تھے۔ پروگرام کے آخر پر صدر مجلس نے انجیل سے بعض دعائیں پڑھ کر سنائیں اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ اسلام کی نمائندگی میں بھی بعض دعائیں پڑھی جائیں ۔ چنانچہ مکرم محمد بشارت صاحب نے سورۃ البقرۃ کی آخری دعائیہ آیات پڑھ کر سنائیں اور حاضرین نے ساتھ ساتھ آمین کے الفاظ دہرائے۔ اس پروگرام کی کوریج ایک پرائیویٹ ٹی وی چینل ATVنے مختصر طور پر کی۔مکرم محمد بشارت صاحب مبلغ سلسلہ نے اس چینل کے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امن کی فضا پیدا کرنے کے لئے یہ سیمینار بہت اہم ہے۔سیمینار کی خبر اگلے روز TVپر نشر ہوئی اور فرنچ گیانا کے واحد اخبارFrance Guyane میں بھی نمائندگان کے اسماء کے ساتھ شائع ہوئی۔ ………………………