٭…مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ 30؍ اکتوبر2015ء بروزہفتہ نمازعصر سے قبل حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کرمکرم چوہدری حبیب احمد باجوہ صاحب۔جرمنی (ابن مکرم چوہدری شریف احمد صاحب باجوہ مرحوم)کی نماز جنازہ حاضر پڑھائی۔ آپ25؍اکتوبر2015ء کو اچانک حرکت قلب بند ہونے سے 74سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت چوہدری عبد اللہ خان صاحب کے پوتے تھے جو کہ حضرت چوہدری محمد ظفراللہ خان صاحب کے ماموں زاد بھائی تھے۔آپ بہت شریف النفس، ملنسار، مخلص اور باوفا انسان تھے۔ خلافت کے ساتھ بہت محبت اور اخلاص کا تعلق تھا۔آپ نے جرمنی میں زعیم انصاراللہ کے علاوہ شعبہ ضیافت میں بھی خدمت کی توفیق پائی۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹیاں اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں ۔ آپ مکرم خلیل احمد صاحب باجوہ صاحب (رضا کار کارکن دفتر پرائیویٹ سیکرٹری) کے بڑے بھائی تھے۔ اس کے ساتھ حسب ذیل مرحومین کی نماز جنازہ غائب بھی ادا کی گئی: (1)مکرم مہر شمس الدین بھر وانہ صاحب (جھنگ۔پاکستان) 22 ستمبر 2015ء کو72 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے 1953ئمیں قبول احمدیت کی سعادت پائی۔ آپ کو 20سال صدر جماعت کی حیثیت سے خدمت کی توفیق ملی۔ بہت سادہ مزاج، غریب پرور، مہمان نواز، صلہ رحمی کرنے والے نیک اور مخلص انسان تھے۔ دوکان پر آنے والے دوستوں کو بڑے شوق سے تبلیغ کیا کرتے تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ 3بیٹیاں اور 5 بیٹے یادگار چھوڑے ہیں ۔ آپ کے دوبیٹے واقف زندگی ہیں جن میں سے ایک مکرم حفیظ اللہ بھروانہ صاحب (مربی سلسلہ) جامعہ احمدیہ جرمنی میں استاد کے طور پر خدمت بجالارہے ہیں جبکہ دوسرے بیٹے مکرم سیف اللہ بھروانہ صاحب مربی سلسلہ ہیں ۔ان کے علاوہ ایک بیٹے مکرم رفیق احمد صاحب صدر جماعت اور نگران حلقہ کی حیثیت سے خدمت کی توفیق پا رہے ہیں ۔ (2)مکرم رانا عبد الرحمٰن صاحب( ہڈرزفیلڈ ۔یوکے) 18اکتوبر2015 کو 86سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ1990میں پاکستان سے یوکے شفٹ ہوئے تھے۔ 1974 میں غیراحمدیوں نے آپ کے کاروبار کو لوٹ لیا تھا۔ مگر اس کے باوجود آپ نے کبھی تبلیغ کو نہیں چھوڑا۔ آپ پنجوقتہ نمازوں کے بڑے پابند تھے اورہمیشہ اپنی اولاد کو بھی مسجد میں نماز ادا کرنے کے لئے لاتے اورانہیں نظام جماعت سے وابستہ رکھنے کی کوشش کرتے۔ بہت دعا گو نیک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں 6بیٹیاں اور 5بیٹے یادگار چھوڑے ہیں ۔ (3)مکرم سید مبشر احمد صاحب (ابن مکرم سید عارف احمد صاحب ۔ قادیان) 9اکتوبر2015ء کو 28سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے والد بہار سے آکر قادیان میں آباد ہوئے ۔مرحوم نیک ، اچھے اخلاق کے مالک اور مخلص انسان تھے۔ (4)مکرم سیٹھ نذیر احمدصاحب بھٹی ( ابن مکرم شہاب الدین بھٹی صاحب آف راجوری حال بشیر آباد سندھ) 23ستمبر2015ء کو طویل علالت کے بعد بعارضہ قلب وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کو قاضی سلسلہ جماعت بشیرآباد سندھ کے علاوہ کئی حیثیتوں سے جماعتی خدمات کی توفیق ملی۔آپ نمازوں کے پابند، تہجد گزار، صاف گو، نڈر، بہت مہمان نواز، نیک اور مخلص انسان تھے۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم فرید احمد بھٹی صاحب کونگو میں مبلغ سلسلہ ہیں ۔ (5)مکرمہ صدیقہ خانم صاحبہ( اہلیہ مکرم نذیر احمد صاحب شہید آف تخت ہزارہ ضلع سرگودھا۔ حال ربوہ) 20اگست 2015ء کو بقضائے الہٰی وفات پاگئیں ۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کا خلافت سے بے انتہاء محبت ، اخلاص اور وفا کا تعلق تھا۔ 2000ء میں تخت ھزارہ ضلع سرگودھا میں اپنے عزیزوں کی شہادتوں کے بعد ربوہ شفٹ ہوگئی تھیں ۔ مرحومہ موصیہ تھیں ۔ آپ نمازوں کی پابند ، دعا گو، نیک اور مخلص خاتون تھیں ۔ پسماندگان میں 2بیٹیاں اور 2بیٹے یادگار چھوڑے ہیں ۔ آپ کے ایک نواسے عزیزم راحیل احمد جامعہ احمدیہ یوکے میں درجہ خامسہ کے طالب علم ہیں ۔ (6)مکرم چوہدری عبد اللطیف اٹھوال صاحب (سابق اکاؤنٹنٹ دفتر مجلس خدام الاحمدیہ مرکزیہ ربوہ) 15اکتوبر2015ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کو لمبا عرصہ دفتر مجلس خدام الاحمدیہ مرکزیہ ربوہ میں اکاڈنٹنٹ کی حیثیت سے نہایت ذمہ داری سے خدمت بجالانے کی توفیق ملی۔ آپ پنجوقتہ نمازوں کے پابند، دعا گو، دین کو دنیا پر مقدم رکھنے والے، بڑے محنتی، انتہائی سادہ مزاج، دیانتدار، مہمان نواز اور مخلص انسان تھے۔ ہر مالی قربانی اور تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ ایک دفعہ جب حضرت خلیفۃالمسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ نے ایک مالی تحریک فرمائی تو آپ نے فوری طور پر اپنی دو بیٹیوں کے جہیز کے لئے جمع کی ہوئی رقم چندہ میں دے دی۔ MTAباقاعدگی سے دیکھتے اور جماعتی کتب و رسائل کا باقاعدگی سے مطالعہ کرتے تھے۔ اپنے بچوں کی نیک تربیت کے لئے ہمیشہ کوشاں رہتے تھے۔ خلافت سے نہایت محبت اور عقیدت کا تعلق تھا۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں 3بیٹیاں اور 2بیٹے یادگار چھوڑے ہیں ۔آپ کے داماد مکرم مسعود احمد شاہد صاحب مربی سلسلہ کینبرا۔آسٹریلیا میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں ۔ (7)مکرم عزیز احمد بھٹی صاحب (ابن مکرم عبد الغنی بھٹی صاحب۔کنری سندھ ) 4 ستمبر2015 ء کو ایک ایکسیدنٹ میں 47سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم ڈرائیور تھے اور جماعتی کاموں میں بھرپور حصہ لیتے تھے۔ بہت نیک ، مخلص اور با وفا انسان تھے۔ خلافت کے ساتھ بے انتہا محبت اور اخلاص کا تعلق تھا۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے یادگار چھوڑے ہیں ۔ آپ کے بڑے بیٹے عزیزم راحیل احمد بھٹی جامعہ احمدیہ ربوہ میں درجہ رابعہ کے طالبعلم ہیں ۔ (8)مکرمہ امۃ الکریم نصرت چوہدری صاحبہ(اہلیہ مکرم مبشراحمد چوہدری صاحب۔ امریکہ) 22؍اکتوبر 2015ء کو 65سال کی عمر میں وفات پاگئیں ۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت چوہدری محمد دین صاحب رضی اللہ عنہ کی پوتی تھیں ۔ آپ جماعت کی فعال رکن تھیں ۔ خلافت کے ساتھ بہت عقیدت اور وفا کا تعلق تھا۔ پردہ کا بہت خیال رکھتی تھیں ۔آپ نے مختلف حیثیتوں سے لجنہ اماء اللہ میں خدمت کی توفیق پائی ۔ربوہ میں سیکرٹری مال اورامریکہ میں لوکل صدر لجنہ کے طور پر کئی سال خدمت بجالاتی رہیں ۔ صوم وصلوۃکی پابند ،تہجد گزار ،نیک اور مخلص خاتون تھیں ۔آپ نے حج بیت اللہ کی سعادت بھی پائی ۔ مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں اور ضرورتمندوں کی بھی مدد کیاکرتی تھیں ۔ بچوں کو بڑے شوق سے قرآن کریم پڑھایا کرتی تھیں ۔ بڑی صائب الرائے اور ہمدرد تھیں ۔ اسی لئے لوگ رشتوں اوردیگرعائلی معاملات میں آپ سے مشورے لیا کرتے تھے۔آپ نے 18سال کی عمر میں وصیت کی اور 1/3حصہ کی موصیہ تھیں ۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹیاں اور ایک بیٹا یادگار چھوڑے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر کرنے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین