فرمودہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز 02جون 2013ء حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے02جون 2013ء بروزاتوار مسجد فضل لندن میں درج ذیل نکاح کا اعلان فرمایا۔ تشہد و تعوذ اور مسنون آیات قرآنیہ کی تلاوت کے بعدحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:۔ اس وقت میں ایک نکاح کا اعلان کروں گا۔ عزیزہ امۃ الشافی سیّدجو واقفہ نو ہے اور یہ مکرم سید احمد یحیٰ صاحب کی بیٹی ہیں ۔ ان کا نکاح عزیزم طارق احمد حیات ابن رفیق حیات صاحب کے ساتھ20ہزار پاؤنڈ حق مہر پرطے پایا ہے۔ عزیزہ امۃ الشافی جیسا کہ میں نے کہا خود تو واقفۂ نَو ہے اور مکرم سید عبدالحی شاہ صاحب کی پوتی ہے،جو واقف زندگی تھے اور ایک بڑا لمبا عرصہ ان کو خدمت کی توفیق ملی۔ بڑی وفا کے ساتھ انہوں نے جماعت کی خدمت کی اور وقف میں رہتے ہوئے انہوں نے اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم بھی دلوائی اور بڑے بے نفس انسان تھے۔عزیزہ شافی کا یہ نکاح میرا خیال ہے کہ ان کی نسل میں سے پہلا ہے۔ عزیزہ کی دادی دادادونوں وفات پا چکے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ عزیزہ کو ہر لحاظ سے خوش بھی رکھے اور وہ دعائیں جو سید عبد الحئی شاہ صاحب اور ان کی اہلیہ کرتے رہے، اللہ تعالیٰ ان دعاؤں کا بھی ان لوگوں کو وارث بنائے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:۔شاہ صاحب کو میں ذاتی طور پر جانتا ہوں ، علاوہ جماعتی خدمات کے اور بڑی وفا کے ساتھ اور بے نفس ہو کر خدمات کے، ان کی گھریلو زند گی بھی بڑی خوشگوار گزری ہے اور باوجود واقف زندگی ہونے کے دونوں میاں بیوی نے بڑی قناعت سے اور اللہ تعالیٰ کی رضا پر راضی رہتے ہوئے اپنی زندگیاں گزاری ہیں ۔اسی طرح اس لڑکی کے اور لڑکے کے والدین جو ہیں جہاں تک میرے علم میں ہے ان دونوں کی زندگیا ں بھی آپس میں ، لڑکی کے ساس سسر کی بھی اور لڑکے کے ساس سسر کی بھی اور ماں باپ کی بھی آپس میں پیار محبت سے گزری ہیں اور یہی چیز ہے جو آگے پھر ایک تو گھروں کے سکون کو قائم رکھتی ہے اور اگلی نسلوں کو بھی نیکیوں پر چلنے کی توفیق دیتی ہے کیوں کہ وہ بھی اپنے ماں باپ کے نمونے دیکھ رہے ہوتے ہیں ۔ حضور انور نے فرمایا:۔پس آج قائم ہونے والے یہ رشتے بھی اس بات کا خیال رکھیں کہ ایک دوسرے پر اعتماد ہو۔ ایک دوسرے سے وفا ہواور سب سے بڑھ کر یہ کہ اللہ تعالیٰ کی رضا ہو۔ تقویٰ پر چلنے والے ہوں ۔اگر ان چیزوں کو مدّ نظر رکھیں گے تو انشاء اللہ تعالیٰ یہ رشتے ہمیشہ قائم رہنے والے اور نیک اولاد پیدا کرنے والے اور گھروں کے سکون کو قائم کرنے والے ہوں گے۔ اللہ کرے کہ آج یہ رشتہ جو قائم ہو رہا ہے ان باتوں کا خیال رکھنے والا ہو۔ اب میں نکاح کا اعلان کرتا ہوں ۔ اعلان نکاح اور فریقین کے درمیان ایجاب و قبول کروانے کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اس رشتہ کے بابرکت ہونے کے لئے دعا کروائی اور فریقین کو شرف مصافحہ بخشتے ہوئے مبارکباد دی۔ (مرتبہ : ظہیر احمد خان۔ مربی سلسلہ شعبہ ریکارڈدفتر پی ایس،لندن) ٭…٭…٭