یورپ (رپورٹس)

مجلس انصاراللہ جرمنی کی ماہ ستمبر ۲۰۲۵ء میں مختلف مساعی

قارئین الفضل انٹرنیشنل کی خدمت میں مجلس انصاراللہ جرمنی کی ماہ ستمبر ۲۰۲۵ء میں مختلف مساعی پیش خدمت ہے۔

احمدیہ موبائل لنگر: مجلس انصار اللہ جرمنی کو احمدیہ مو بائل لنگر کے تحت مورخہ ۱۱؍ستمبر کو مجلس Esslingen علاقہ Württembergمیں ۵۴؍بے گھر افراد کو کھانا مہیا کرنے کی توفیق ملی۔ اس پروگرام میں زعیم صاحب مجلس انصاراللہ کے ساتھ مل کر ۱۳؍انصار کو خدمت کی توفیق ملی جس میں ۳؍نومبائعین بھی شامل تھے۔ مورخہ ۱۴؍ستمبر کو علاقہ بائرن کی مجلس Münchenنے ایک مقامی فلاح و بہبود کے ادارے Münchener Freiheit کے ساتھ مل کر ۲۹۰؍بے گھر افراد کو کھانا مہیا کیا گیا تھا۔ ان پروگرامز کے دوران جماعت احمدیہ کے تعارف اور شہری انتظامیہ کے ساتھ بہتر تعلقات استوار کرنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔ زعماء مجالس کے ساتھ مل کر ۱۵؍ انصار بھائیوں نے اس پروگرام میں خدمت کی توفیق پائی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے بے گھر افراد کے لیے یہ پروگرام بڑی سرگرمی کے ساتھ سارا سال جاری رہتے ہیں اور مجلس انصاراللہ جرمنی کو بنی نوع انسان کی خدمت کے ساتھ ساتھ جماعت کے تعارف کا موقع بھی میسر آتا رہتا ہے۔

سائیکل سفر:مجلس انصار اللہ جرمنی کو مورخہ ۲۰؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو صف دوم کےتحت سائیکل سفر کرنے کی توفیق ملی۔ اس سائیکل سفر کے تمام شاملین نے ایک قسم کی وردیاں پہنی ہوئی تھیں جن پر اسلام کے امن پسندی کے پیغامات درج تھے۔ سفر کا آغاز جرمنی کے شہر Bruchsalمیں واقع مسجد بیت الاحد سے ہوا اور ۴۷؍ انصار نے اس سائیکل سفر میں حصہ لیا۔ صبح نو بجے مسجد میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر مجلس انصار اللہ جرمنی مکرم بشیر احمد ریحان صاحب شامل ہوئے۔ دعا کے بعد اس سائیکل سفر کا آغاز ہوا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے شاملین ایک لمبا سفر طے کر کے فرانس کے شہرKehl پہنچے جہاں پر مکرم سیّد سہیل احمد شاہ صاحب صدر مجلس انصار اللہ فرانس اور مکرم اطہر کاہلوں صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ فرانس نے اپنے وفد کے ہمراہ مسافرین کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر مقامی شہر کے میئر صاحب بھی اپنے وفد کے ہمراہ تشریف لائے۔ ان کے وفد میں سائیکل سوار بھی شامل تھے۔ یہاں پر کچھ وقفہ کے بعد گروپ کو مختصر کرکے ۱۰-۱۰ میں تقسیم کیا گیا۔ ہر گروپ میں ایک ایک مقامی دوست جو کہ میئر صاحب کے ساتھ تشریف لائے تھے وہ بھی شامل ہوئے اور سائیکل سفر کا دوبارہ آغاز کیا گیا۔ یہاں سے کچھ مسافت کے بعد قافلہ Straßburgمسجد بیت المہدی میں پہنچا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

مسجد میں اختتامی تقریب منعقد کی گئی جس میں تمام شاملین کو میڈلز دیے گئے۔ اس موقع پر مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ نے صدر صاحب مجلس انصار اللہ فرانس اور ان کے وفد کا بہت شکریہ ادا کیا اور سائیکل سفر کے تمام شاملین کو اس کامیاب سائیکل سفر پر مبارکباد دی۔ میئر صاحب نے بھی اس موقع پر جماعت احمدیہ کا اس امن کے پیغام کو پھیلانے اور یہ پروگرام رکھنے کے حوالے سے بہت بہت شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان موجودہ حالات میں اس قسم کے پروگراموں کی بےحد ضرورت ہے۔

اس کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے واپسی کا سفر شروع کیا گیا۔

چیریٹی واکس: مجلس انصاراللہ جرمنی مختلف شہروں میں چیریٹی واکس کا انعقاد کرتی ہے۔ امسال ابھی تک ۵۳؍ چیریٹی واکس کی تواریخ مل چکی ہیں جن میں سے ماہ ستمبر تک ۲۵؍چیریٹی واکس منعقد ہو چکی ہیں۔ ماہ ستمبر میں ان مجالس میں چیریٹی واکس منعقد کی گئیں:Majlis Nidda, Majlis Neuwied, Majlis Altenstadt, Majlis Bad Segeberg, Andernach, Majlis Bochult, Majlis Bad Marienberg۔

ان چیریٹی واکس میں شہر کے میئر صاحبان اپنے نمائندگان کے ساتھ شامل ہوتے ہیں اور اسی طرح انسانی فلاح و بہبود کی مختلف تنظیمیں بھی ان واکس میں شامل ہوتی ہیں۔ مقامی مربیان سلسلہ کو بھی ان چیریٹی واکس میں شمولیت کی دعوت دی جاتی ہے جو کہ اس موقع پر بڑے اچھے طریقے سے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کرتے ہیں۔ ان تمام چیریٹی واکس میں مجموعی طور پر ۵۰۰؍سے زائد جرمن مہمانوں نے حصہ لیا اور ۹۰۰؍سے زائد احمدی احباب نے ان چیریٹی واکس میں حصہ لیا۔ ناظمین اعلیٰ علاقہ اور زعماء مجالس کے ساتھ مل کر ۶۰؍انصار نے ان واکس کے دوران مختلف شعبہ جات میں خدمت کی توفیق پائی اور ان تمام چیریٹی واکس میں مجلس انصاراللہ سے مرکزی نمائندگان نے بھی حصہ لیا اور اس موقع پر شہر ی انتظامیہ کے نمائندگان اور شہر کے میئر صاحبان کو یادگاری شیلڈز بھی دیں۔

ان چیریٹی واکس کے اختتام پر اختتامی تقریب منعقد کی جاتی ہے جس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور اس کے جرمن ترجمہ سے کیا جاتا ہے اور جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا جاتا ہے۔ ان واکس کوعمر کے لحاظ سے مختلف حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے، بچوں کے لیے علیحدہ اور اسی طرح مردو خواتین کے لیے واک میں علیحدہ علیحدہ فاصلے مقرر کيے جاتے ہیں اور آخر میں پوزیشنز لینے والے احباب کو انعامات بھی دیے جاتے ہیں۔ ان تمام چیریٹی واکس کے اختتام پر جمع ہونے والی رقوم کے امدادی چیکس مقامی سماجی تنظیموں میں تقسیم کيے جاتے ہیں۔ مقامی اخبارات اور میڈیا میں بھی ان چیریٹی واکس کی تشہیر کی جاتی ہے اور مجلس انصار اللہ جرمنی کو ایک کثیرتعداد میں جماعت احمدیہ کا پیغام جرمن احباب تک پہنچانے کی توفیق ملتی ہے۔

تبلیغی سرگرمیا ں: مجلس انصار اللہ جرمنی کو دوران سال مختلف تبلیغی پروگرامز منعقد کرنے کی توفیق ملتی رہتی ہے۔ اس سلسلہ میں جرمنی کے مختلف شہروں میں واقع چھوٹی لائبریریوں میں جماعتی کتب رکھوائی جاتی ہیں اور مختلف مجالس میں بڑے بڑے پوسٹرز لگا کر معلوماتی سٹال لگائے جاتے ہیں۔ ان پوسٹرز پر اسلام کی امن پسند تعلیمات درج ہوتی ہیں۔ یہ پوسٹرز جرمن احباب کے لیے بہت دلچسپی کا موجب بنتے ہیں اور سار ا دن ان سٹالز پر مہمان آکر اسلا م سے متعلق اپنے سوالات کرتے ہیں۔ مربیان سلسلہ بھی ان پروگراموں کے دوران ناظمین اعلیٰ علاقہ اور زعماء مجالس صاحبان کے ساتھ مل کر خدمت کی توفیق پا تے ہیں اور سٹالز پر آنے والے مہمانوں کے سوالات کے تسلیّ بخش جواب دیتے ہیں۔

اس سلسلہ میں دوران ماہ ستمبر میں نمایاں کام کرنے والی مجالس میں Majlis Bad Kreuznach, Montabauer, Majlis Wittlich اور Majlis Wiesbaden Mubarak Moscheeشامل ہیں۔ ان مجالس میں تقریباً ۱۰۰۰؍فلائر تقسیم کيے گئے اور ۵؍چھوٹی لائبریریوں میں ۲۰؍کتب رکھی گئیں۔ اور بڑے پوسٹرز کے ساتھ ۳؍معلوماتی سٹال بھی لگائے گئے۔ بیرون ملک تبلیغ کے سلسلہ میں بھی دوران ماہ مجلس انصار اللہ کو Luxemburg اور Czech Republicمیں اپنی ٹیمیں بھجوانے کی توفیق ملی۔ ان دورہ جات کے دوران بڑے پوسٹرز کے ساتھ تبلیغی سٹالز لگانے اور فلائرز تقسیم کرنے اور اسلام احمدیت کا پیغام ان ملکوں میں پہنچانے کی توفیق ملی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان دونوں ممالک میں مقامی انتظامیہ اور پولیس نے بہت تعاون کیااور مکمل تحفظ فراہم کیا۔ ان دورہ جات کی بہت مثبت فیڈ بیک آ رہی ہے اور دورہ جات کو ان شاء اللہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

وقار عمل مجلس انصار اللہ جرمنی:مجلس انصار اللہ کو دوران سال شہر ی انتظامیہ کے ساتھ مل کر مختلف شہروں میں وقارعمل کی توفیق ملتی ہے۔ اس سلسلہ میں مورخہ ۴؍ستمبر کو مجلس Darmstadt علاقہ Hessen Süd West نے اپنے شہر Darmstadt کے ایک مصروف علاقے میں وقار عمل کیا۔ اس پروگرام میں ناظم اعلیٰ علاقہ اور زعیم صاحب مجلس کے ساتھ مل کر ۱۱؍انصار نے حصہ لیا جبکہ متعلقہ محکمہ کے جرمن احباب نے بھی اس وقار عمل میں ساتھ حصہ لیا۔

اسی طرح مورخہ ۲۰؍ستمبر کو مجلس انصاراللہ Neuwied علاقہ Rheinlandpfalzکے انصار نے بھی شہر کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر شہر میں وقار عمل کیا۔ اس پروگرام میں ۱۰؍انصار نے شمولیت کی اور ۸؍جرمن احباب نے حصہ لیا۔ یہ پروگرام اللہ تعالیٰ کے فضل سے سارا سال جاری رہتے ہیں اور جماعت کی نیک نامی اور شہری انتظامیہ کے ساتھ بہتر تعلقات استوار کرنے میں بہت کارگر ثابت ہوتے ہیں۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ:عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جلس انصاراللہ ناروے کی پینتیسویں مجلس شوریٰ ۲۰۲۵ء

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button