https://youtu.be/fmF0jldnsQo?si=K_vb4V2tGFUJq5eS&t=2390 پیارے بچو ایک نئے سوال کے ساتھ پھر حاضر ہیں۔ ہمارا آج کا سوال ہے: جرمنی کو ڈچ لینڈ کیوں کہتے ہیں؟ جی تو پیارے بچو! جرمنی کو Deutsch-land کہنے کی وجہ زبان، قوم اور تاریخی پسِ منظر سے جُڑی ہوئی ہے۔ جرمن لوگ اپنے ملک کو Deutschland کہتے ہیں۔ یہ لفظ دو حصوں پر مشتمل ہے Deutsch مطلب جرمن (یعنی جرمن قوم یا زبان سے تعلق رکھنے والا) اور Land یعنی زمین یا ملک۔تو جب یہ دونوں مل کر بنتے ہیں تو مطلب ہوتا ہے جرمنوں کی سرزمین۔ یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ تو پھر یہ Deutsch کالفظ کہاں سے آیا؟تو بچو! Deutsch کا ماخذ قدیم جرمن زبان کے لفظ diutisc سے ہے، جس کا مطلب تھا:’’قوم کی زبان یا لوگوں کی زبان ‘‘ یہ لفظ اس وقت استعمال ہوا جب لوگ لاطینی کے مقابلے میں اپنی علاقائی زبانوں کی شناخت چاہتے تھے۔ آہستہ آہستہ diutiscسے Deutsch بن گیا۔ اب بچو، جب اردو بولنے والے لوگ Deutschland کو اپنی زبان میں ادا کرتے ہیں تو یہ ڈچ لینڈ یا ڈوئچ لینڈ بن جاتا ہے۔ یہ ایک معمولی سی آواز کی تبدیلی ہے، جیسا کہ اکثر غیرملکی الفاظ کو اردو میں ڈھالتے وقت ہوتی ہے۔ بچو، یہاں ایک بات یاد رکھنا بہت ضروری ہے کہ کچھ لوگ یہ سمجھ لیتے ہیں کہ ڈَچ لینڈ کا تعلق ڈَچ یعنی ہالینڈ سے ہے، مگر ایسا ہرگز نہیں۔ یاد رکھیں Dutch یعنی ہالینڈ کے لوگ اور Deutsch یعنی جرمن لوگ۔ یہ دونوں الفاظ سننے میں تو ایک جیسے لگتے ہیں لیکن ان کا مطلب اور ماخذ مختلف ہیں۔ بعض لوگ غلطی سےڈَچ لینڈ کو ہالینڈ سمجھ بیٹھتے ہیں حالانکہ یہ جرمنی کا تلفظ ہے، جو Deutschland سے آیا ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اردو جرمنی کو ڈچ لینڈ کیوں نہیں کہتے؟ تو بچو! جرمنی کا لفظ اردو، فارسی اور عربی میں لاطینی زبان سے آیا ہے، جب رومیوں نے قدیم زمانے میں دریائے رائن کے پار مختلف اقوام یا قبائل کو Germani کہا۔ اگرچہ یہ قبیلے ایک جیسے نہ تھے لیکن رومیوں نے انہیں ایک ہی نام دیا اور ان کی سرزمین کو Germania کہا جانے لگا، جس سے جرمنی بنا۔ جرمنی اردو میں رومیوں کی تاریخی اصطلاح سے لیا گیا ہے، جبکہ ڈچ لینڈ ملک کے اصل نام Deutschland کا تلفظ ہے۔ اسی لیے مختلف زبانوں میں اس کے مختلف نام ہیں جیسے کہ انگریزی میں Germany، فرانسیسی میں Allemagneایک جرمن قبیلے Alamanni کے نام پر، ہسپانوی میں Alemania، فارسی میں آلمان اور عربی میں ألمانيا۔(Almania) بچو! جرمنی اور ڈچ لینڈ ایک ہی ملک کے نام ہیں، فرق صرف زبان اور تلفظ کا ہے۔ ڈچ لینڈ جرمن زبان میں کہا جاتا ہے، جبکہ جرمنی اردو میں عام ہے۔ یہ فرق ہمیں زبانوں کی تاریخ اور تعلقات کو سمجھنے کا موقع دیتا ہے۔ تو بچو!آپ کو آج کا سوال اور اس کا جواب کیسا لگا؟ ان شاءاللہ اگلے سوال اور اس کے جواب کے ساتھ پھر حاضر ہوں گا۔ آپ کا بھائی۔ خلیق احمد شرجیل(جرمنی)