https://youtu.be/fmF0jldnsQo?si=Jh_iHJGcaQqnwLHs&t=1180 حکایاتِ مسیح الزماںؑ دنیا کی فتح کے لیے ارادہ ضروری ہے حضرت مصلح موعودؓ فرماتے ہیں کہ ’’حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام سنایا کرتے تھے کہ کوئی اندھا تھا وہ کچھ ساتھیوں سمیت ایک سرائے میں ٹھہرا اور کسی ساتھی کے ساتھ باتیں کرنے لگا۔ باتیں کرتے کرتے بہت رات ہو گئی۔ ایک اَورشخص حافظ کی باتیں سُن سن کر تنگ آ گیا اور کہا :حافظ جی! بہت رات ہو گئی ہے اب سو جائیں۔ حافظ جی نے جواب دیا سونا کیا ہے چُپ ہی ہو رہنا ہے۔ یعنی سونا نام ہے آنکھیں بند کر لینے اور چُپ ہونے کا۔ آنکھیں تو پہلے ہی بند ہیں اب صرف زبان ہی کو روکنا ہے۔ جس طرح سونا نام ہے خاموش ہو جانے کا اور آنکھیں بند کر لینے کا اِسی طرح قومی کامیابی نام ہے خدا تعالیٰ اور مومنوں کے ارادہ کے مل جانے کا۔ خداتعالیٰ تو ارادہ کرچکا ہے اب ہماری کامیابی صرف یہ ہے کہ ہم بھی ارادہ کر لیں۔ اگر ہم ارادہ کر لیں گے تو ضرور کامیاب ہو جائیں گے۔ لوگ کامیابی کے لئے پہلے خود ارادہ کرتے ہیں اور پھر اللہ تعالیٰ کے آگے ناک رگڑتے ہیں اور پھر بھی وہ کامیاب ہو جاتے ہیں۔ لیکن ہمارے لئے کتنی سہولت ہے کہ خدا تعالیٰ کا ارادہ پہلے سے ہو چکا ہے اب ہمارا ارادہ جو چھوٹی سی چیز ہے باقی ہے اس کے بعد دنیا فتح ہو جائے گی‘‘۔ (خطبہ جمعہ فرمودہ 17 اگست1945ء) (پنجابی میں اندھے شخص کو حافظ جی کہہ کر بھی مخاطب کیا جاتا ہے۔ شاید اس لیے کہ اسے ہر چیز یاد کرنی پڑتی ہے۔) احمدی بچوں کے رسائل Atfal Zeitung (اطفال کا اخبار) احمدی بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی نے Atfal Zeitung (اطفال سائٹونگ)کے نام سے ایک تربیتی، تعلیمی اور اخلاقی ماہانہ اخبار کا اجرا کیا، جو خاص طور پر مجلس اطفال الاحمدیہ کے زیرِ اہتمام شائع ہوتا ہے۔ اگرچہ اس جریدے کاباقاعدہ آغاز نومبر 2022ء میں ہوا تھا اور محترم فرحان منظور صاحب مربی سلسلہ اس کے پہلے مدیر مقرر ہوئے۔انہوں نے دسمبر 2024ءتک بطور مدیر اپنی ذمہ داری سر انجام دی جنوری 2025ءسے مکرم فیصل محمود صاحب متعلم جامعہ احمدیہ جرمنی اس کی ادارت کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ Atfal Zeitung جرمنی بھر میں احمدی بچوں میں مقبولیت حاصل کررہا ہے۔ اس کی سالانہ خریداری صرف بارہ12 یورو کی ادائیگی سے ممکن ہے۔ Atfal Zeitung کے اجرا کا بنیادی مقصد صرف معلومات فراہم کرنا نہیں، بلکہ بچوں کو ایک نیک، بااخلاق، سچے مسلمان اور محبِّ وطن شہری بننے کی طرف راغب کرنا ہے۔ اس رسالے کے ذریعےدینِ اسلام اور جماعت احمدیہ کی بنیادی تعلیمات آسان زبان میں بچوں تک پہنچائی جاتی ہیں۔ Atfal Zeitung کا ہر شمارہ متنوّع اور دلچسپ مضامین پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس میں قرآنی آیت۔اقتباس خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز، سیرتُ النبی ﷺ اور خلفائے راشدین کے واقعات، نظمیں، جو اخلاقی پیغامات پر مشتمل ہوں، سائنس، تاریخ اور اسلامی ثقافت سے متعلق آسان اور معلوماتی مضامین، مزاحیہ گوشہ، معمہ، پہیلیاں اور کوئز، بچوں کی اپنی تحریریں، خطاطی اور تاریخی و جماعتی تصاویر، خطبہ جمعہ کے نکات۔یہ تمام مواد نہ صرف علم افزا ہوتا ہے بلکہ بچوں کی دلچسپی کا مرکز بھی بنتا ہے۔ Atfal Zeitung میں بچوں کی شمولیت کی ایک خاص بات یہ ہے کہ یہ بچوں کے لیے ہی نہیں بلکہ بچوں کے ذریعے بھی تیار کیا جاتا ہے۔ بچے اپنی نظمیں، کہانیاں، خطوط اور سوالات رسالے میں بھیجتے ہیں جنہیں منتخب کر کے شائع کیا جاتا ہے۔ اس عمل سے بچوں میں خوداعتمادی پیدا ہوتی ہے اور وہ سیکھتے ہیں کہ ان کی بات کی بھی اہمیت ہے۔ موجودہ دور میں جب بچوں کی توجہ موبائل، ویڈیو گیمز اور غیر مفید تفریح کی جانب بڑھ رہی ہے Atfal Zeitung جیسےجریدے بچوں کو ایک بہتر، مثبت اور مفید راہ دکھاتے ہیں۔ یہ جریدہ بچوں کی سوچ کو تعمیری بناتا ہے، اُنہیں دین سے جوڑتا ہےاور اُن کے اندر خدمتِ انسانیت کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔(درثمین احمد۔ جرمنی)