https://youtu.be/u3G67ANOdQg?si=nsVfYPv9g9eHC222&t=2350 پیارے بچو ایک نئے سوال کے ساتھ پھر حاضر ہیں۔ ہمارا آج کا سوال ہے: بچوں کے لیےدودھ پینا کیوں ضروری ہے؟ بچو! مجھے معلوم ہے کہ جب امی جان آپ کو دودھ کا گلاس دیتی ہیں تو آپ بعض دفعہ پینے سے انکار کر دیتے ہیں۔لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ بچوں کےلیے دودھ پینا کتنا ضروری ہے؟ دودھ طبی لحاظ سے مفید اور توانائی بخش غذا ہے۔ پیدائش کے بعد عموماً انسان کو سب سے پہلی غذا جو دی جاتی ہے وہ دودھ ہے۔ یہ اتنی مؤثر غذا ہے کہ غذائی ماہرین کے نزدیک بچپن میں پیا جانے والا دودھ بڑھاپے تک اپنا اثر رکھتا ہے۔ لہٰذا بچپن میں دودھ کی کثرت صحت مند زندگی کی ضمانت ہے جبکہ بچپن میں دودھ کی کمی بڑی عمر میں صحت کے مسائل سے دوچار کرسکتی ہے۔ B12دودھ کے اندر ایک ایسا کیمیاوی جزو ہے جس کا دماغ،حافظے اور ذہن کے ساتھ تعلق ہے۔ سا ئنس کہتی ہےکہ دودھ DHAکا قدرتی ذریعہ ہے، جو دماغی خلیات کے فعل، یادداشت اور اعصابی نظام کے لیے اہم ہے۔ خاص طور پر(ایک اومیگا-3 فیٹی ایسڈ) دماغ کے خلیات کی ساخت کا حصہ ہے، جو یادداشت اور سیکھنے کی صلاحیت کو بہتر بناتا ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے بھی ایک جگہ فرمایا ہے کہ گائے کا دودھ پینے والے بچے بھینس کا دودھ پینے والے بچوں کے مقابلہ میں زیادہ ذہین ہوتے ہیں۔(خطباتِ ناصر جلد ہشتم صفحہ45) پس معلوم ہوا کہ بچوں کے لیے دودھ پینا بہت ضروری ہے کیونکہ یہ نشوونما اور صحت کے لیے ضروری غذائی اجزاء فراہم کرتا ہے۔خاص طور پر ماں کا دودھ چھوٹے بچوں کے لیے بہترین ہے کیونکہ یہ انہیں مکمل اجزامہیا کرتا ہے جو ان کی ابتدائی نشوونما کے لیے ضروری ہیں۔بچو ! دودھ میں موجود کیلشیم، فاسفورس اور پروٹین ہماری ہڈیوں، دانتوں اور مسلز کی صحت کے لیے ضروری ہیں۔دودھ بہت سے وٹامنز سمیت،معدنیات کا ایک بہت اچھا ذریعہ ہے جو خون کے خلیوں کو بڑھانے،نظر کو تیز کرنے اور قوتِ مدافعت کو میں مدد کرتا ہے۔ دودھ میں ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ یہ بھوک و پیاس دونوں کو دورکرتا ہے لہٰذا یہ غذا بھی ہے اور پانی بھی۔ بچو!آپ کو یاد ہوگا کہ واقعہ معراج میں رسول اللہﷺ کو بھی دو پیالے پیش کیے گئے توآپؐ نے دودھ کا پیالہ لیا تھا۔ تو بچو!آپ کو آج کا سوال اور اس کا جواب کیسا لگا؟ ان شاءاللہ اگلے سوال اور اس کے جواب کے ساتھ پھر حاضر ہوں گا۔ آپ کا بھائی۔ خلیق احمد شرجیل(جرمنی)