متفرق مضامین

حمدِ ربُّ العالمین (قسط دوم۔آخری)

(امۃالباری ناصر)

[تسلسل کے لیے دیکھیں الفضل انٹرنیشنل ۱۳؍مئی ۲۰۲۴ء]

۶۔تُونے خود روحوں پہ اپنے ہاتھ سے چھڑکا نمک

اس سے ہے شورِ محبت عاشقان زار کا

نمک چھڑکنا :namak cheraknaa، نمک پاشی کرنا، Sprinkle salt (metaphorically)to galvanize into an excited state of emotions

عاشقان زار:aasheqaan-e-zaar، دکھی عاشق Disconsolate, desperate lovers

تُو نے خود اپنے ہاتھ سے روحوں پر نمک چھڑکا ہے جس سے دکھی عشاق کے جذبۂ عشق میں اضافہ ہوا ہے۔ اور انہوں نے وفور محبت سے ایک ہنگامہ برپا کردیا ہے۔

۷۔کیا عجب تو نے ہر اک ذرّہ میں رکھے ہیں خواص

کون پڑھ سکتا ہے سارا دفتر اُن اسرار کا

ذرّہ: zarrah،ریزہ،چھوٹے سے چھوٹا ٹکڑا Particle،(اس شعر میں یہ لفظ ذرّہ نہیں ذرّے پڑھا جائے گا )

خواص:khawaas،خاصیت،تاثیر’اثر، جوہر(خاص اور خاصہ کی جمع) Qualities

دفتر: daftar، تحریریں، دستاویزات Records

اسرار:asraar،(سرّ کی جمع) راز، پوشیدہ بات Divine secrets, mysteries

تُونے ہر اک ذرے میں عجیب خصوصیات اور خاصیتیں رکھ دی ہیں کس میں ہمت، طاقت اور صلاحیت ہے کہ ان میں چھپے سارے رازوں کو دریافت کر سکے۔

۸۔تیری قدرت کا کوئی بھی انتہا پاتا نہیں

کس سے کھل سکتا ہے پیچ اس عقدۂ دشوار کا

پیچ :paich، الجھاؤ Complication, twist

عقدۂ دشوار:uqdah-e-dushwaar،معمۂ راز، پیچیدہ مسئلہ،intricate, difficult knot, mystery

کوئی بھی تیری قدرتوں کی تہ تک نہیں پہنچ سکتا۔ کسی میں اتنی فراست نہیں کہ تیرے نہاں در نہاں رازوں کو پا سکے۔ ان میں اتنی پیچ در پیچ گرہیں ہیں کہ انہیں سلجھا لینا کسی کے بس میں نہیں۔

۹۔خوبرویوں میں ملاحت ہے ترے اس حسن کی

ہر گُل و گلشن میں ہے رنگ اُس تری گلزار کا

خوب رُویوں: khoob rooyoN خوبصورت چہرے والےBeautiful persons, pretty

ملاحت: malaahat، نمکینی، خوبصورتی A rich brown complexion,

گل و گلشن :gul-o-gulshan، پھول اور باغ Flowers and garden, a rose

گلزار :gulzaar، باغ، گلستان Garden, a bed of roses

ہر خوب صورت چہرے میں تیرے ہی حسن سے دلکشی ہے۔ ہر پھول اور باغ میں تیرے دلفریب حسن کا عکس ہے۔

فرش سے عرش تک جو چیز بھی خوب صورت ہے اس میں اللہ تعالیٰ کا حسن جھلکتا ہے۔

۱۰۔چشم مست ہر حسیں ہر دم دکھاتی ہے تجھے

ہاتھ ہے تیری طرف ہر گیسوئے خم دار کا

چشمِ مستِ ہر حسیں: chashm-e-mast-e-har haseeN

ہر حسین کی نشیلی آنکھ:(The enchanting, amorous, intoxicated, inebriated eyes drunk with the love of God show Thee at every step and every moment)

گیسوئے خمدار: gesoo-e- khamdaar Curly hair, a sign of beauty بل کھائے ہوئے بال۔

ہر حسین کی نشیلی آنکھیں تیرا حسن دکھاتی ہیں۔ بل کھا ئے ہوئے بال بھی تیری طرف اشارہ کرتےہیں۔

اللہ تعالیٰ کا عاشق اس کی پیدا کی ہوئی ہرچیزمیں اس کی ذات کو دیکھتا ہے۔ آنکھ کا کام دیکھنا ہے لیکن یہاں آنکھ دکھانے کا کام کر رہی ہے۔ کوئی نشیلی آنکھوں کو دیکھتا ہے تو وہ زبان حال سے کہتی ہیں یہ میرا حسن احسن الخالقین کا عطا کردہ ہے۔ اسے دیکھو کہ کس قدر ملکوتی حسن و جمال کا مالک ہے۔ بل کھائے ہوئے لہر دار بالوں کا خم اشارہ کرتا ہے کہ ہمارے خالق کو دیکھو۔ بالوں کا ہاتھ نہیں ہوتا مگر جب بالوں کے سرے مڑتے ہیں تو شکل ایسی بنتی ہے جیسے کوئی ہاتھ اشارہ کرنے میں تھوڑا سا موڑا جاتا ہے۔ اور یہ اشارہ ہوتا ہے اس ذات کی طرف جو سارا جمال عنایت کرتی ہے۔ تمام تر حمد رب العالمین کے لیے ہے جو ہرحسن و خوبی کا پیدا کرنے والا ہے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button