یورپ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ یوکے کے زیر اہتمام تیسرے یوروپین ریفریشر کورس کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مرکزی شعبہ انصاراللہ کو مجلس انصاراللہ برطانیہ کے تعاون سے امسال ایک دفعہ پھر یوروپین ممالک کی مجالس انصاراللہ کے نیشنل عاملہ ممبران کا ایک ریفریشر کورس مورخہ ۲۵؍مئی ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ ایوان مسرور، اسلام آباد، برطانیہ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

اس موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز شام چھ بجے بنفس نفیس ایوان مسرور میں ازاراہ شفقت تشریف لائے اور ریفریشر کورس میں شامل ہونے والے ممبران کو حضور انور کے ساتھ تصویر کھنچوانے کی سعادت نصیب ہوئی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

ریفریشر کورس سے چند روز قبل ہی مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ اکثر شاملین جمعۃ المبارک ۲۴؍مئی تک برطانیہ پہنچ گئے تھے۔ نماز جمعہ مسجد مبارک اسلام آباد میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں ادا کی۔ اسی روز مجلس انصاراللہ برطانیہ کے زیر اہتمام ایوان مسرور اسلام آباد میں برموقع یوم خلافت منعقد ہونے والے مشاعرے میں شامل ہوئے جس کے بعد عشائیہ پیش کیا گیا۔ یوں جمعہ کے روز اکثر شاملین ریفریشر کورس نے نمازیں حضور انور کی اقتدا میں پڑھنے کی توفیق پائی۔

۲۵؍مئی بروز ہفتہ تمام مہمانان گیارہ بجے تک ایوان مسرور اسلام آباد میں آگئے تھے۔سٹیج پر مکرم عبد الخالق صاحب بنگالی (اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری انصارسیکشن) اور مکرم محمد محمود خان صاحب نائب صدر مجلس انصاراللہ برطانیہ موجود تھے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں خاکسار (قائد تعلیم مجلس انصاراللہ برطانیہ) نے تمام شرکا کو خو ش آمدید کہا اور دن کے پروگرام سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سب سے پہلے مجلس انصاراللہ برطانیہ کے اس سال کے اجتماع کے عنوان’’ عبادِ صالحین اور عبادالرحمٰن‘‘ کے بارے میں قرآنی آیات پر مبنی تفاسیر کا خلاصہ مکرم عطاءالمومن زاہد صاحب قائد تربیت مجلس انصاراللہ برطانیہ نے پیش کیا۔

اس ریفریشر کورس کے لیے خصوصی طور پر ایک گفٹ پیک تیار کیا گیا تھا جس میں بعض لٹریچر اور سوونیئر شاملین ریفریشر کورس کے استفادہ کے لیے انہیں دیے گئے۔

اس اجلاس میں تمام شرکاء نے باری باری اپنا تعارف کروایا۔ پونے بارہ بجے تمام شاملین حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دفتر کے باہر چلےگئے جہاں نماز جنازہ کی ادائیگی کا انتظام تھا۔ حضور انور نے دفتر سے باہر تشریف لاکر نماز جنازہ حاضر و غائب پڑھائی۔یوں شرکائے ریفریشر کورس کو ایک دفعہ پھر خلیفۃالمسیح کا دیدار حاصل ہوا۔اس کے بعد دوبارہ ایوان مسرور میں آکر کارروائی جاری رہی۔

جہاں شرکا کا تعارف مکمل کیا گیا۔اس دوران سٹیج پر مکرم عکا شہ بدر صاحب نائب صدر اول مجلس انصاراللہ برطانیہ مکرم عبد الخالق صاحب کے ساتھ بیٹھے رہے۔ مکرم حافظ محمد ظفراللہ صاحب نائب صدر صف دوم مجلس انصا ر اللہ جرمنی نے ایک پریزنٹیشن مجلس انصاراللہ کے لیے مختلف مواقع پر حضور انور اید ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات پر مشتمل پیش کی۔ ظہر کی نماز کے وقفہ سے پہلے مختلف ممالک کے صدران نے سٹیج پر آکر اپنے اپنے ممالک میں انصاراللہ کی مختصر تاریخ نیز مجلس کی کارگزاری بیان کی۔ ٹھیک پونے دو بجے نماز ظہر و عصر اور کھانے کا وقفہ ہوا۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نماز ظہر و عصر کی امامت کروائی۔ نمازوں کے بعد جب ہمیں یہ خبر ملی کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز شام چھ بجے شاملین ریفریشر کورس کو تصویر کھنچوانے کی سعادت بخشنے کے لیے تشریف لائیں گے تو تمام شاملین میں خوشی اور تشکر کے عجیب جذبات واضح نظر آرہے تھے۔

ظہرانے کے بعد چار بجے اگلے اجلاس کی کارروائی کا آغاز ہوا جس کی صدارت مکرم صاحبزادہ مرزا وقاص احمد صاحب صدر مجلس انصاراللہ برطانیہ نے کی۔ چند ایک صدران جن کی باری رہ گئی تھی انہوں نے اپنے ملک میں انصاراللہ کی تاریخ بیان کی۔ اس کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ شروع ہوا۔ مجلس انصاراللہ برطانیہ کی سائیکلنگ کے حوالے سے سپین کے حالیہ سفر کے بارے میں تعارف مکرم حافظ اعجازاحمد طاہر صاحب نائب صدر صف دوم مجلس انصاراللہ برطانیہ نے بیان کیا۔

قریباً پانچ بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا واقفاتِ نو ناصرات برطانیہ کے سالانہ اجتماع سے اختتامی خطاب تمام شاملین نے ایوان مسرور میں ہی دیکھا اور سنا۔ اس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز کے ساتھ تصویر کی سعادت کے لیے تمام انصار تیار ہوگئے۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز قصر خلافت سے مسجد مبارک اسلام آباد کی طرف دروازے سے ایوان مسرور کی طرف تشریف لائے اور اپنی نشست پر تشریف فرما ہوئے۔ ایم ٹی اے انٹرنیشنل اورمخزن تصاویر کے ٹیم ممبران نے ان لمحات کو ویڈیو اور تصاویر کے ذریعے محفوظ کیا۔ تصویر کی سعادت عطا فرمانے کے بعد حضور انور نے مختصر ارشاد فرمایا جس میں آپ نے نمازوں کی طرف توجہ کی تلقین فرمائی اور یہ بھی فرمایا کہ ابھی واقفاتِ نو سے جو باتیں کی ہیں انہی پر عمل کریں۔ اس کے بعد حضور انور اپنی رہائش گاہ کی طرف تشریف لے گئے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اس شفقت و عنایت پر تمام شرکائے ریفریشر کورس شکر اور خوشی کے جذبات سے لبریز تھے۔

بعد ازاں ریفریشمنٹ کے ساتھ اس ریفریشر کورس کے اختتامی اجلاس کا آغاز ہوا۔ اس اجلاس میں بھی ریفریشر کورس کے شاملین نے مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ برطانیہ سے مختلف سوالات کیے۔ صدر صاحب نے مجلس عاملہ برطانیہ کے مختلف شعبہ جات کے حوالے سے مختلف ممبران کو باری باری تفصیل بیان کرنے کا کہا جن میں شعبہ تبلیغ کے حوالے سے مکرم شکیل احمد بٹ صاحب نائب صدر مجلس انصاراللہ برطانیہ نے مختلف امور بیان کیے۔ اس اجلاس کی اختتامی تقریر مکرم عبدالخالق بنگالی صاحب (اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری انصارسیکشن) نے کی جس کے بعد دعا کے ساتھ باقاعدہ ریفریشر کورس کی کارروائی کا اختتام ہوا۔

نماز مغرب و عشاء سے قبل باربی کیو پیش کیا گیا۔ ہفتہ کے دن بھی محض اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے تمام شرکائے ریفریشر کورس نے نمازیں حضورانور کی اقتدا میں ادا کیں۔ اتوار کے دن جملہ مہمانان کو لندن کے مختلف مقامات کی سیر کروائی گئی۔ یورپ کے مختلف ممالک سے شاملین کی تعداد درج ذیل رہی: آسٹریا: 1، بیلجیم:11، ڈنمارک:6، فرانس:5، فن لینڈ:6، جرمنی: 6، نیدرلینڈز: 6، ناروے: 6، سپین: 2، سویڈن: 4 اور سوئٹزرلینڈ:8۔ اس کے علاوہ مجلس انصاراللہ برطانیہ کے جملہ عاملہ ممبران بھی اس میں شامل ہوئے۔

تمام مہمانوں کی رہائش کا انتظام مسجد بیت الفتوح میں کیا گیا تھا جبکہ مہمانوں کو مسجد مبارک اسلام آباد لانے اور لےجانے کا انتظام مختلف ریجنز کے تعاون سے شعبہ ایثار نے کیا۔ مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ برطانیہ کی نگرانی میں مختلف شعبہ جات نے اس پروگرام میں خدمت کی توفیق پائی۔

اس ریفریشر کورس کا سب سے نمایاں پہلو حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں زیادہ سے زیادہ نمازوں کی ادائیگی کی توفیق پانا تھا۔

اللہ تعالیٰ تمام شاملین ریفریشر کورس کو ان برکات کو اپنے ساتھ رکھنے اور اپنی زندگی کا حصہ بنانے اور اپنے اپنے ممالک میں پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین

(رپورٹ :راجہ برہان احمد قائد تعلیم مجلس انصا راللہ برطانیہ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button