یورپ (رپورٹس)

جرمنی کی لوکل امارت ڈیٹسن باخ (Dietzenbach) میں جلسہ یوم خلافت کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جرمنی کی لوکل امارت ڈیٹسن باخ کو مورخہ ۲۶؍مئی ۲۰۲۴ء کو مسجد بیت الباقی میں جلسہ یوم خلافت منانے کی توفیق ملی۔الحمدللہ علیٰ ذالک

جلسے کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں ‘‘خلافت کی افراد جماعت سے محبت’’ کے موضوع پر اردو ڈاکومینٹری دکھائی گئی۔ اس کے بعد اطفال اور ناصرات کے لیےBuzzerکوئز پروگرام منعقد کیا گیا جس کے لیے عزیزم معیز ناصر نے اطفال کی چار ٹیمیں تیار کیں جن میں ہر عمر کے اطفال شامل تھے۔ ان کے مابین کوئز یوم خلافت کے موضوع پر نوید احمد صاحب اور ان کی ٹیم نے کروایا۔ جیتنے والی پہلی دو ٹیموں کو جلسہ کے آخر پر انعامات سے نوازا گیا۔ اسی طرح خدام کے لیے جرمن زبان میں ایک Panel-Discussionرکھی گئی جس میں مبرور باجوہ صاحب،عزیزم ناصر عبداللہ صاحب اور فرحان احمد صاحب نے مل کر ’’خلافت احمدیہ سے اخلاص و وفا‘‘ کے متعلق بات کی۔ خاکسار (مربی سلسلہ) کی اردو تقریر کے بعد لوکل امیر صاحب نے اختتامی کلمات کہے۔ بعدہٗ کوئز میں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے گئے اور دعا کے ساتھ جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔

اس جلسہ کی خاص بات یہ تھی کہ حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام ‘‘اللہ تعالیٰ وفا کے ساتھ عہد بیعت نبھانے کی توفیق دے’’ جو لوکل امارت ڈیٹسن باخ کی خواہش پر حضور انور نے اپنے دست مبارک سے تحریر فرمایا تھا جلسہ کے بعد پرنٹ کروا کر ہر ایک گھر تک پہنچایا گیا۔ نیز اس کے ساتھ حضرت مسیح موعودؑ کا الہام ’’اِنِّی مَعَکَ یَا مَسْرُور‘‘ کو ممبرات لجنہ اماءاللہ نے کیلیگرافی بھی کیا جس پر پیارے آقا نے اپنے دست مبارک سے دستخط فرمائے۔ ہر دو تبرکات کو جلسہ یوم خلافت کے دوران مسجد میں افراد جماعت کے دیکھنے کے لیے سجا کر رکھے گئے۔

اللہ تعالیٰ سے دعاہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں خلافت کے انعام سے حقیقی رنگ میں مستفیض ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(رپورٹ: کامران احمد۔ مربی سلسلہ جرمنی)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button