یورپ (رپورٹس)

لجنہ اماءاللہ سویڈن کے زیر اہتمام تبلیغی و تفریحی مینا بازارکا کامیاب انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ سویڈن کو یکم مئی ۲۰۲۴ء کو مجموعی طور پر تمام مجالس میں مینا بازار منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

پروگرام کے پہلے حصے میں تمام مجالس نے آن لائن شرکت کی جس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور عہد لجنہ اماء اللہ سے ہوا۔ اس کے بعد جماعت احمدیہ کا تعارف ایک پریزنٹیشن کے ذریعے آن لائن پیش کیا گیا۔
پکوان: کھانے کے سٹالز میں بریانی، آ لو والےسموسے، نان چنےاور پیزا شامل تھے۔ میٹھے پکوانوں میں، ٹرائفل، کپ کیکس، ڈونٹس اور کوکیز تھیں۔ دیگر پاکستانی پکوانوں کے ساتھ ساتھ چائے، کافی، قہوہ اور مصالحہ چائے سے سبھی لطف اندوز ہوئے۔

تبلیغ سٹال:شعبہ تبلیغ نے مینا بازار کے دوران دو تبلیغی سرگرمیاں منعقدکیں۔ اول: قرآنِ کریم کی نمائش تھی جس میں تقریباً آٹھ مختلف زبانوں میں تراجم موجود تھے۔ دوم : قرآنی خطاطی کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔ یہ نمائش زائرین کے لیے انتہائی پرکشش ثابت ہوئی جس میں لوگوں کی ایک خاصی تعداد شامل ہوئی جنہوں نے دکھائے گئے مواد میں بہت دلچسپی ظاہر کی۔ بہت سے زائرین نے اپنے لیے قرآن کے نسخے حاصل کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

قرآن نمائش کے علاوہ عالیہ عروج صاحبہ سیکرٹری تبلیغ نے لجنہ اماء اللہ کے مختلف شعبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے ایک پریزنٹیشن تیار کی۔ اس پریزنٹیشن کے ساتھ جماعت کے تعارف اور ہیومینٹی فرسٹ کے منصوبوں کو اجاگر کرنے والی پانچ ویڈیوز دکھائی گئیں۔

اس کے ساتھ ساتھ لجنہ اماء اللہ اور جماعت احمدیہ سویڈن کی ویب سائٹس کے تعارف پر مبنی دیگر جماعتی لٹریچر بھی تقسیم کیا گیا۔

شعبہ اشاعت:شعبہ اشاعت کے تحت بھی مختلف جماعتی کتب کا سٹال لگایا گیا اور پمفلٹس بھی رکھے گئے ۔سیکرٹری اشاعت محترمہ خالدہ صدیق صاحبہ نے زائرین کی راہنمائی اور معلومات کے لیے ساتھ ساتھ بریفنگ بھی دی۔

سٹال امور طالبات:سیکرٹری امور طالبات شائستہ صدیق صاحبہ اوران کی نائبہ لبنیٰ احمد صاحبہ نے امور طالبات کے تحت بھی ایک سٹال کا انتظام کیا جس میں انہوں نے تعلیم اور بعض پیشوں سے متعلق مختلف امور کی بابت راہنمائی کی۔

سٹال شعبہ خدمت خلق:شعبہ خدمت خلق کی سیکرٹری فاطمہ بشریٰ صاحبہ نے ناصرات الاحمدیہ ( سیکرٹری عاصمہ ودود صاحبہ) کے تعاون اور شراکت سے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی امداد کے لیے ٹک شاپ کا اہتمام کیا۔ اس سے حاصل ہونے والی آ مدن تقریباً دو ہزار ۶۰۰؍کرونر غزہ و فلسطین کے لیے عطیہ کیے گئے ۔

مہندی سٹال:مہندی کے سٹال پر مہمان خواتین کے ساتھ آئی ہوئی بچیوں نے بھی سٹیکرز اور کون والی مہندی شوق سے لگوائی۔

اس کے علاوہ بھی دو سٹالز ایسے تھے جن میں لجنہ اماء اللہ نے مختلف چیزیں عطیہ کی تھیں۔ ان میں ملبوسات، جوتے کھلونے، برتن، بناؤ سنگھار کا سامان اور مصنوعی زیورات شامل تھے۔ الحمدللہ یہ سٹالز بھی خاصے پُر کشش اور کامیاب رہے۔ اس طرح رنگ برنگی اشیا نے چار چاند لگائے۔

کِڈز کارنر: اس بات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کہ ڈیوٹی پر مامور تمام مائیں اپنے تمام تر کام بخوبی سرانجام دے پائیں نیز مہمان خواتین بھی خرید و فروخت سے پوری طرح لطف اندوز ہوں بچوں کے لیے ہال کا ایک خاص حصہ مختص کیا گیا تھا جس میں بچوں نے مختلف سرگرمیاں انجام دیں اور خوب لطف اندوز ہوئے۔
الحمدللہ، اس مینا بازار میں مختلف کلچرز کی مہمان خواتین اور بچوں کی تعداد ۱۴۴؍رہی جبکہ آمدن تقریباً دس ہزار کرونر رہی۔

(رپورٹ: شائستہ عزیز۔ مجلس لولیو، سویڈن)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button