عالمی خبریں

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۷؍جون ۲۰۲۴ء کے اختتام پر دنیا کے عمومی جنگی حالات کے لیے دعا کی تحریک کرتے ہوئے فرمایا کہ میں ہمیشہ تحریک کرتا ہوں فلسطین کے مظلوموں کے لیے دعائیں جاری رکھیں۔ اللہ تعالیٰ ظالموں کی پکڑ کے جلد سامان پیدا فرمائے۔اسی طرح پاکستان کے احمدیوں کی مشکلات کے لیے بھی خصوصی دعا کی تلقین فرمائی۔ تفصیل کے لیے ملاحظہ کریں الفضل انٹرنیشنل ۱۰؍جون ۲۰۲۴ءصفحہ اوّل۔

٭… ۸؍جون ۲۰۲۴ء پاکستان کے صوبہ پنجاب کےضلع منڈی بہاؤ الدین کے علاقہ سعد اللہ پور میں دو الگ واقعات میں یکے بعد دیگرے ۲؍احمدیوں کو دن دیہاڑے سرعام شہید کر دیا گیا۔ ایک ۶۲؍سالہ بزرگ زمیندار غلام سرور ولد بشیر احمد ہیں جنہوں نے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ۶؍بچے سوگوار چھوڑے ہیں ۔ اور۳۰؍سالہ نوجوان راحت احمد باجوہ ولدمشتاق احمد باجوہ ہیں جنہوں نے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ۲؍کمسن بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں ۔ ایک سولہ سترہ سالہ گرفتار قاتل سید علی متعلم مدرسہ اہلسنت نے احمدیوں کو مذہبی بنیاد پر شہید کرنے کا اعترافی بیان پولیس کو دیا ہے۔ یاد رہے کہ اس مدرسے کا مہتمم ساجد لطیف احمدیوں کے خلاف نفرت انگیز مہم میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔ تفصیل کے لیے ملاحظہ کریں الفضل انٹرنیشنل ۱۰؍جون ۲۰۲۴ء۔

٭…سینٹ پیٹرز برگ عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کرتے ہوئے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ مغربی ممالک کے مجموعی ایٹمی ہتھیار بھی روس کے ایٹمی ہتھیاروں کا مقابلہ نہیں کرسکتے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یوکرین میں فتح کے لیے روس کو ایٹمی ہتھیاروں کی ضرورت نہیں۔ روس کے صدر نے کہا کہ ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق ہر چیز طے اور تحریر شدہ ہے۔ ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال صرف غیرمعمولی حالات ہی میں ممکن ہے۔ اگر خودمختاری اور ملکی سلامتی کو خطرہ ہو تو انہیں استعمال کیاجاسکتا ہے تاہم وہ نہیں سمجھتے کہ ایسی صورتحال کا ابھی روس کو سامنا ہے۔ جب تک روسی کردار موجود ہے روس کو ایٹمی ہتھیاروں کی ضرورت نہیں۔واضح رہے کہ یوکرین جنگ شروع ہونے سے روس اب تک یوکرین کے ۸۸۰؍اسکوائر کلومیٹر علاقے پر قبضہ کرچکا ہے اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ لڑائی ایٹمی جنگ میں بدل سکتی ہے۔واضح رہے کہ دنیا کے ۹۰؍ فیصد ایٹمی ہتھیار روس اور امریکہ کے پاس ہیں۔

٭…امریکہ نے عشروں سے جاری کٹوتی پالیسی ختم کرتے ہوئے ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد میں اضافے پر غور شروع کردیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق یہ اقدام روس اور چین سے مقابلے کی خاطر کیا جارہا ہے۔وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کونسل کے ڈائریکٹر کے حوالے سے امریکہ کی نئی حکمت عملی میں مقابلے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ صدر بائیڈن نے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کی شرائط سے متعلق تازہ ترین ایگزیکٹو آرڈر پر حال ہی میں دستخط کیے ہیں۔ خیال رہے کہ امریکہ کی جانب سے روس، شمالی کوریا اور چین سے ایک ساتھ نمٹنے کے لیے خبردار کیا گیا ہے۔

٭…جمعے کی شام دارالحکومت کوپن ہیگن میں ایک شخص نے ڈنمارک کی ۴۶؍سالہ خاتون وزیراعظم میٹے فریڈرکسن پر سڑک پر اچانک حملہ کردیا۔ حملہ کرنے والا شخص چل کر وزیراعظم کے پاس آیا تھا جس کے بعد اس نے اچانک حملہ کردیا، حملہ کرنے والے شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔وزیراعظم کے آفس سے جاری ہونے والے بیان میں اس واقعے کی تصدیق کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ میٹے فریڈریکسن ۲۰۱۹ء میں وزیر اعظم بنی تھیں۔ وہ ڈنمارک کی تاریخ کی سب سے کم عمر وزیراعظم ہیں۔

٭…اقوام متحدہ کی جانب سے اسرائیل کو غزہ میں بچوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بلیک لسٹ میں شامل کیا گیا۔ یو این بلیک لسٹ میں روس، افغانستان، صومالیہ، شام، یمن، داعش اور بوکو حرام بھی شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ جون کے آخر تک شائع کردی جائے گی۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غزہ میں کم از کم ۵؍ میں سے چار بچے ۷۲؍گھنٹوں میں سے پورا ایک دن خوراک کے بغیر رہے ہیں۔

دوسری جانب یو این انسانی حقوق کے عہدیدار فرانسسکا البانیز نے اسرائیل کو یو این بلیک لسٹ میں شامل کیے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں ۱۵؍ہزار فلسطینی بچے مارے جاچکے ہیں، اسرائیل کو بچوں کے خلاف سنگین جرائم پر بلیک لسٹ میں لے جانے کا اقدام تاخیر سے ہوا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button