افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون کے دو ریجنز کے دس سال سے زائد واقفین نو کا سالانہ اجتماع ۲۰۲۳ء

(سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

الله تعا ليٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمديہ سیرالیون کو مورخہ ۳۰؍دسمبر ۲۰۲۳ء کو دارالحکومت فری ٹاؤن ميں دس سال سے زائد عمر کے واقفين نو کا ایک روزہ سالانہ اجتماع منعقد کرنے کي توفيق ملي جس میں فری ٹاؤن اور لنگے ریجنز کے واقفین نو اور ان سب کے والد صاحبان شریک ہوئے ۔

اجتماع کی افتتاحي تقريب کا آغاز صبح دس بجے تلاوت قرآن کريم و ترجمہ، حدیث اور نظم سے ہوا۔ اس کے بعد تمام واقفین نو نے اپنا تعارف کروایا۔ بعدازاں مکرم شاہد احمد کورجی صاحب نيشنل سیکرٹری وقف نو نے واقفين نو کو خوش آمديد کہااور گذشتہ سال کی رپورٹ پیش کی۔ پھر مکرم نعیم اظہر صاحب مبلغ انچارج نے واقفین نو کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ اس کے بعد بعض اہم اختلافی سوالات پر دس سال سے بڑے واقفین نو کو اظہار خیال کا موقع دیا گیا۔ یہ سوالات ایسے تھے جو عمومی طور پر بچوں سے جماعت کے حوالے سے سکول میں پوچھے جاتے ہیں۔ اس میں واقفین نونے بڑی دلچسپی سے حصہ لیا ۔

سیکرٹری صاحب وقف نو نے اپنی تقرير ميں واقفين نو کو حضور انور ا يدہ الله تعا ليٰ بنصرہ العزيز کي نصائح کي روشني ميں ان کي ذمہ داريوں اور تربيتي امور سے متعلق آگا ہ کيا۔ بعد ازاں علمي مقابلہ جات منعقد کیے گئے جن میں مقابلہ تلاوت قرآن کریم، نظم، تقرير في البديہہ اور ديني معلومات شامل تھے۔ دینی معلومات کے سوالات کے جواب سب سے پہلے چھوٹے بچے سے پوچھے جاتے اور آہستہ آہستہ بڑی عمر کے بچوں تک پہنچتے جس کا مقصد بچوں کی علمی و ذہنی سطح معلوم کرنابھی تھا۔ اجتماع کی ایک خاص بات تمام واقفین نو کا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں دعائیہ خط لکھنا تھا۔

اجتماع کے اختتامی اجلاس میں سیکرٹری صاحب وقف نو کی رپورٹ کے بعد مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون نے انعامات تقسیم کیے اور پھر واقفین نو اور والدین کو نصائح کیں۔ انہوں نے واقفین نو کو جماعت کا سرمایہ قرار دیا اور واقفین نو کو اپنا عملی نمونہ پیش کرنے کا کہا۔ دعا کے ساتھ یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا اور پھر گروپ فوٹو ہوئی۔ نماز ظہر کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پيش کيا گيا۔

اختتامی تقریب یوٹیوب کے ذریعہ براہ راست نشر کی گئی۔دس سال سے بڑی عمر کے ۱۳؍واقفین نو جبکہ ۱۰؍بچگان واقفین و واقفات نو شامل ہوئے ان کے علاوہ والدین اور ضلعی سیکرٹریان وقف نو بھی شامل ہوئے۔

اللہ تعالیٰ واقفین نو کو اپنے اعلیٰ نمونے قائم کرنے والا بنائے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ہر ارشاد پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button