حالاتِ حاضرہ

سپورٹس بلیٹن

فٹ بال:سپینش فٹبال کلب ریال میڈرڈ نے پندرھوِیں مرتبہ یوئیفاچیمپئنز لیگ کا ٹائٹل جیت لیا۔یکم جون کولندن کے ویمبلے سٹیڈیم میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکہ میں ریال میڈرڈ نے جرمن کلب بروسیا ڈورٹمنڈ کو دو گول سے شکست دےدی۔ پہلے ہاف میں مقابلہ بغیرکسی گول کے برابر رہا تاہم کھیل کے آخری بیس منٹ میں ریال میڈرڈ نے دانی کارواہال (Dani Carvajal) ونیکیئس جونیئر (Vinicius Jr)کے گولزکی بدولت فتح حاصل کی۔

فارمولا وَن کارریسنگ:۲۶؍مئی۲۰۲۴ءکورواں سیزن کی آٹھویں ریس Monaco Grand Prix مناکو سے تعلق رکھنے والے Ferrari ڈرائیورCharles Leclercنے جیت لی۔McLarenگاڑی چلانے والے آسٹریلیا کے Oscar Piastriنے دوسری جبکہ سپین کے Carlos Sainzنے تیسری پوزیشن حاصل کی۔اس گراں پری کی قابلِ ذکر بات یہ رہی کہ ریس کے آغاز میں پہلے دس ڈرائیورز کی جو ترتیب تھی ،اسی ترتیب سے ریس کے اختتام پر پوزیشنز کا فیصلہ ہوا۔مناکو کے تنگ ریسنگ ٹریک کو کافی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جہاں پیچھے والی گاڑیوں کو آگےبڑھنے کا موقع ہی نہ ملا۔سیزن کی اگلی ریس کینیڈا میں ۹؍جون ۲۰۲۴ء کو ہوگی۔

کرکٹ: پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ہونے والی چار ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز۲۔صفرسے میزبان انگلش ٹیم نے جیت لی جبکہ دومیچزبارش کی نذرہوئے۔برمنگھم میں کھیلے گئے مقابلے میں انگلینڈ نےسات وکٹوں کے نقصان پر۱۸۳؍رنزبنائے،انگلش کپتان جوس بٹلر(Jos Buttler)نے۸۴؍رنز کی شاندار باری کھیلی۔ جواب میں پاکستانی ٹیم ۱۶۰؍رنزبناکرآؤٹ ہوگئی۔ لندن کے اوول میدان پر ہونے والا آخری میچ بھی یک طرفہ ثابت ہوا۔پاکستان نے پہلے بازی کرتے ہوئے ۱۵۷؍رنزبنائےجوکہ انگلینڈ نےصرف تین وکٹیں گنواکر ۲۷؍گیندیں قبل پوراکرلیا۔

انڈین پریمیئر لیگ:آئی پی ایل سیزن ۱۷کولکتہ نائٹ رائیڈرز(KKR) نے جیت کر۲۰۱۲ءاور۲۰۱۴ءکے بعد تیسری بار ٹائیٹل اپنے نام کیا۔چینئی میں کھیلے گئے فائنل میں کولکتہ کی ٹیم نے یک طرفہ مقابلہ میں حیدرآباد سن رائزرز (SRH)کوآٹھ وکٹوں سے شکست دی۔حیدرآباد کی ٹیم پہلے بلے بازی کرتے ہوئے صرف ۱۱۳؍رنز بناسکی۔ کولکتہ کے سبھی باؤلرز نے بہترین باؤلنگ کی اور مخالف ٹیم کو کھل کر کھیلنےکاکوئی موقع نہ دیا۔جواب میں Venkatesh Iyerکی دھواں دار بلےبازی کی بدولت کولکتہ نے ہدف ۵۷؍گیندیں قبل حاصل کرلیا۔وینکٹیش آئیر نے ۲۶؍گیندوں پر۵۲؍رنزبنائے۔فائنل میچ کے بہترین کھلاڑی آسٹریلوی فاسٹ باؤلر مچل سٹارک (Mitchell Starc)قرارپائے جبکہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ KKRکے سنیل نارائن (Sunil Narine)کے حصہ میں آیا جنہوں نے مجموعی طورپر۴۸۸؍رنز بنائے اور ۱۷؍وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش بمقابلہ امریکہ: امریکہ کی کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کےخلاف ٹی ٹوینٹی سیریز ۲۔۱؍سے جیت کرتاریخ رقم کردی۔ ہیوسٹن ٹیکساس میں کھیلی گئی سیریزکے پہلے دو میچز میں امریکہ نےپانچ وکٹوں اورچھ رنزسے کامیابی سمیٹی۔جبکہ آخری میچ میں بنگلہ دیش نے میزبان ٹیم کودس وکٹوں سے شکست دی۔

مینزٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ:یکم جون کوٹورنامنٹ کےافتتاحی مقابلہ میں یوایس اے نے کینیڈا کو سات وکٹوں سےہراکر شاندار اورتاریخی کامیابی حاصل کی۔ یوایس اے کی طرف سےایرون جونز(Aaron Jones)نےناقابلِ شکست ۹۴؍رنز کی جارحانہ باری کھیلی جس میں دس چھکے شامل تھے۔اسی طرح ٹورنامنٹ کے دوسرے میزبان ملک ویسٹ انڈیز نے اپنا پہلا میچ پاپوانیوگنی کے خلاف جیت لیا۔ویسٹ انڈیزنے ۱۳۷؍رنز کاہدف۱۹؍اوورزمیں پانچ وکٹوں کے نقصان پرحاصل کیا۔

والی بال:اسلام آباد میں پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین کھیلی گئی والی بال سیریز پاکستان نے تین صفر سےجیت لی۔ آخری میچ میں پاکستانی ٹیم نے آسٹریلیا کو تین سیٹس میں ۲۴-۲۶، ۲۰-۲۵ اور ۲۰-۲۵؍کے سکورسے شکست دی۔

(ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button