افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ لائبیریا کی ۱۶ویں نیشنل مجلس شوریٰ کا انعقاد

(فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹر نیشنل لائیبیریا)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ لائبیریا کی سولہویں نیشنل مجلس شوریٰ کا انعقاد مورخہ ۱۹؍ مئی ۲۰۲۴ء کو شاہ تاج احمدیہ ہائی سکول منروویا کے آڈیٹوریم میں ہوا۔

مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر و مشنری انچارج لائبیریا کی زیر صدارت پہلے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے آیت کریمہ وَاَمۡرُہُمۡ شُوۡرٰی بَیۡنَہُمۡکی روشنی میں نظام شوریٰ کے طریق کار کو مفصل طور پر بیان کیا اور دعا کروائی۔

Tapehma Kortuصاحب نیشنل جنرل سیکرٹری نے گذشتہ سال کی تجاویز اورمنظور شدہ سفارشات پر عمل درآمد کی رپورٹ پیش کی۔ بعدہٗ امسال مجلس شوریٰ کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے منظور شدہ ایجنڈا پیش کیا جو دو تجاویز رشتہ ناطہ اور مالی بجٹ کے متعلق تھا۔

مکرم امیر صاحب نےپیش کردہ تجاویز پر غور و خوض کے لیے سب کمیٹیاں تشکیل دیں۔ ناصر احمد کاہلوں صاحب مبلغ سلسلہ اور ڈاکٹر عبد الحلیم صاحب صدور مقرر کیے گئے۔ کمیٹیوں کی تشکیل کے بعد نمازظہر و عصر کی ادائیگی اور ظہرانہ کے لیے وقفہ کیا گیا۔ اس دوران سب کمیٹیوں نے مقررہ جگہوں پر اپنے اجلاسات منعقد کیے۔

سہ پہر تین بجے تلاوت قرآن کریم سے دوسرے اجلاس کا آغاز ہواجس کے بعد سب کمیٹیوں کے صدور نے شاملین کے سامنے اپنی سفارشات پیش کیں۔ ایوان میں موجود نمائندگان کو بھی اظہار خیال کا موقع دیا جاتا رہا اور اتفاق رائے سے تمام تجاویز کی سفارش کی گئی۔

اختتامی تقریر میں مکرم امیر صاحب نے نمائندگان شوریٰ کو پروان چڑھنے والی احمدی نوجوان نسل کے آپس میں رشتے کروانےمیں ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور اختتامی دعا کروائی جس کے بعد نمائندگان کی روانگی کا سلسلہ شروع ہوا۔

امسال مبلغین ومعلمین،ممبران نیشنل عاملہ اور ممبرات لجنہ اماء اللہ کی نمائندگی کے ساتھ کُل حاضری ۱۴۳؍ رہی۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو کما حقہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی توفیق فرمائے۔آمین

(رپورٹ : فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل )

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button