اطلاعات و اعلانات

اطلاعات و اعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

سانحہ ارتحال

ایم۔ایم۔طاہر تحریر کرتے ہیں کہ صلاح الدین قمر صاحب آف شٹٹگارٹ ،جرمنی مورخہ۱۳؍مئی ۲۰۲۴ء کو ۶۲؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ آپ حاجی قمرالدین صاحب چانڈیو آف قمر آباد نوشہروفیروز سندھ کے بیٹے تھے۔ حاجی قمر الدین صاحب علاقے کے صاحب رسوخ زمیندار تھے جنہوں نے خلافت ثانیہ میں ۱۹۴۷ء میں خود بیعت کی اور اپنی گوٹھ قمر آباد کو قائم کیا اور کئی غریب احمدی گھرانوں کو بھی وہاں آباد کیا۔

صلاح الدین قمر صاحب نے جوانی میں ہی ۱۹۸۴ء میں نظام وصیت میں شمولیت اختیار کی۔ آپ کا وصیت نمبر ۲۵۳۹۱ تھا۔ شروع سے جماعتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ۔قیام ربوہ کے دوران حضرت خلیفةالمسیح الثالثؒ اور حضرت خلیفة المسیح الرابعؒ کے عملہ حفاظت میں رضاکارانہ ڈیوٹی سر انجام دینے کی سعادت ملی۔ دارالصدر جنوبی ربوہ کے زعیم مجلس خدام الاحمدیہ، بلاک لیڈر، محاسب مقامی اور پھر مہتمم تربیت مجلس خدام الاحمدیہ مرکزیہ رہے۔ ۱۹۸۸ء میں جرمنی آگئے۔یہاں مقامی جماعت ، ریجن، خدام الاحمدیہ اور انصاراللہ میں مختلف جماعتی عہدوں اور پھر قاضی سلسلہ کے طور پر خدمت کی توفیق ملی۔ بوقت وفات سیکرٹری وصایا کے طور پر خدمت بجا لا رہے تھے۔ جلسہ سالانہ جرمنی اور جلسہ سالانہ برطانیہ میں ہر سال شمولیت اختیار کرتے تھے۔ ہر دل عزیز، ہمدرد، مہمان نواز اور خلافت کے عاشق تھے۔ مالی خدمت میں پیش پیش رہتے اور غریب طلبہ کی مالی امداد بھی کرتے تھے۔

آپ کی نماز جنازہ مورخہ ۱۵؍مئی کو پہلے شٹٹگارٹ اور بعدازاں اسی روز شام کو مسجد بیت السبوح فرینکفرٹ میں مولانا صداقت احمدصاحب مشنری انچارج جرمنی نے پڑھائی۔آپ کی میت ربوہ لائی گئی جہاں ۱۸؍مئی بروز ہفتہ صبح دس بجے احاطہ دفاتر صدرانجمن میں آپ کی نماز جنازہ پڑھائی گئی۔ بہشتی مقبرہ دارالفضل میں تدفین کے بعد دعا ہوئی۔مرحوم نے پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ دو بیٹے، دو بیٹیاں اور بوڑھی والدہ یادگار چھوڑی ہیں۔

اللہ تعالیٰ آپ کی مغفرت فرمائے اور جملہ پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button