یورپ (رپورٹس)

بیلجیم میں دوران رمضان المبارک ایک تبلیغی تقریب کا انعقاد

(چودھری طاہر احمد گِل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

جماعت احمدیہ بیلجیم نے کیتھولک چرچ کے ساتھ امسال دوران رمضان المبارک ایک پروگرام ترتیب دیا جس میں علاقہ کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افرادنےشرکت کی۔

انٹورپن ریجن کی لیئر جماعت میں مورخہ ۱۴؍مارچ۲۰۲۴ء بروز جمعرات ’’رمضان انسان کو یکجا کرتا ہے‘‘ کے موضوع پر ایک زبردست تبلیغی پروگرام ہوا۔ یہ پروگرام جماعت احمدیہ اور کیتھولک چرچ نے مل کر تشکیل دیا جس میں احمدیہ مشن ہاؤس بیت النور سے لے کر تقریباً ۲۰۰؍میٹر پر واقع Saint Pieterskapel چرچ تک تقریباً ۱۵۰؍مردو زن نے ایک انسانی چین (chain)بنائی۔ چین بنانے کے بعد چرچ کے سامنے تمام حاضرین کو بتایا گیا کہ اس پروگرام کے ذریعہ ہم دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم مختلف رنگ و نسل اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ ایک ہی شہر، ایک ہی علاقہ میں امن اور محبت کے ساتھ رہ سکتے ہیں۔ جماعت کی طرف سے توصیف احمد صاحب مربی سلسلہ نے دنیا میں امن قائم کرنے کے حوالے سے قرآن کریم، اسلامی تعلیمات اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں بتایا کہ جب تک دنیا کی بڑی طاقتیں غریب ملکوں کے حق مارتی رہیں گی اور انصاف قائم نہیں کریں گی اس وقت تک دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ بعد ازاں چرچ کی طرف سے بشپ Johan Bonny صاحب نے اپنی تقریر میں حاضرین کو بتایا کہ ہمیں آپس کی غلط فہمیاں دور کر کے مل کر امن کا پیغام دنیا تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ اس پروگرا م میں بیلجیم کی وزیر داخلہ Anelies Verlindenصاحبہ بھی شامل ہوئیں۔ موصوفہ نے اپنی تقریر میں دنیا کے مختلف حصوں میں ہونے والی جنگوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہر جگہ جنگ بندی کے لیے آواز اٹھانی چاہیے اور کہا کہ مجھے اس پروگرام میں شامل ہو کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ اس تقریب کے آخر میں ڈاکٹر ادریس احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ بیلجیم نے وزیر داخلہ صاحبہ کو جماعت کی طرف سے کتب ’’اسلامی اصول کی فلاسفی‘‘ اور ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘ تحفۃً پیش کیں۔

اس پروگرام کا دوسرا حصہ اجتماعی طور پر روزہ افطار کرنا تھا جو دو کلومیٹر فاصلہ پر واقع ایک ہال میں کیا گیا۔ افطار سے قبل مکرم امیر صاحب نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور اجتماعی دعا کروائی۔ جماعت کی طرف سےافطار ی دی گئی جسے تمام حاضرین نے بہت پسند کیا۔ اس پروگرام کی تفصیلی خبر بیلجیم کے تین بڑے اخبارات اور ایک نیشنل ٹی وی چینل نے دی جس کے ذریعہ سے اسلام احمدیت کا پیغام لاکھوں لوگوں تک پہنچا۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: چودھری طاہر احمد گِل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button