احمدیہ مسلم ریڈیو،سیرالیون کے بارہویں نیشنل مقابلہ تلاوت کا بابرکت انعقاد
رمضان المبارک اور قرآن کریم کے گہرے تعلق کو مد نظر رکھتے ہوئے احمدیہ مسلم ریڈیو جماعت سیرالیون ہر سال ملکی سطح پر مقابلہ تلاوت قرآن کریم کا انعقاد کرواتا ہے۔ پہلے سالوں میں یہ مقابلہ جات صرف خدام و اطفال کی سطح تک محدود تھے، بعد ازاں تمام تنظیموں کو شامل کیا گیا حتی کہ مربیان،معلمین اور جامعہ احمدیہ کے طلبہ سمیت سات مختلف کیٹیگریز متعارف کروائی گئیں جن میں مجلس انصاراللہ، مجلس خدام الاحمدیہ، اطفال الاحمدیہ، لجنہ اماءاللہ، ناصرات الاحمدیہ، طلبہ مدرسۃ الحفظ اور مبلغین و معلمین شامل ہیں۔
رمضان کی آمد کے ساتھ ہی تمام اضلاع میں مقابلہ کی اطلاع اور نصاب بھجوا دیا گیا تا وہ ضلعی سطح پر تیاری کروائیں اور مقابلہ جات کروا کر اول اور دوم آنے والوں کی آڈیوز احمدیہ ریڈیو کو بھجوا دیں تاکہ ان میں سے اول اور دوم آنے والوں کو فائنل راؤنڈ کے لیے منتخب کیا جاسکے۔ اس سال ابتدائی مقابلوں میں ۱۷۲؍افراد نے حصہ لیا جو پچھلے سالوں سے زیادہ ہے۔ سب سے زیادہ شمولیت اطفال الاحمدیہ کی رہی۔
یہ مقابلہ جات تین مراحل میں کروائے گئے۔ پہلا مرحلہ مورخہ ۱۰؍مارچ کو مکمل کیا گیا۔ دوسرا مرحلہ ۱۶؍مارچ کو مکمل کیا گیا جس کو احمدیہ ایف ایم ریڈیوز کے ذریعہ نشر کیا گیا۔
دوسرے راؤنڈ میں کامیاب ہونے والے احباب و خواتین کو فائنل راؤنڈ کے لیے ہیڈ کوارٹرز فری ٹاؤن میں بلایا گیا۔ مورخہ ۳۰؍مارچ کو اختتامی تقریب کا انعقاد جماعت احمدیہ کے ہیڈکوارٹر فری ٹاؤن کے کانفرنس ہال میں کیا گیا۔ مکرم وسیم الرشید صاحب ریجنل مبلغ لنگے اور خاکسار (ریجنل مبلغ سلسلہ) نے منصفین کے فرائض سر انجام دیے۔ یہ مقابلہ احمدیہ مسلم ریڈیو فری ٹاؤن، احمدیہ مسلم ریڈیو بو ٹاؤن اوراحمدیہ مسلم ریڈیو مکینی اور آڈیو ویڈیو سیکشن سیرالیون کے یوٹیوب چینل نے براہ راست نشر کیا۔ اسی طرح یوٹیوب پر لائیو سٹریمنگ کے ذریعہ ساری دنیا میں براہ راست نشریات جاری تھیں۔ اسی دوران سامعین اس پروگرام پر اپنی پسندیدگی کے تبصرے بھجواتے رہے جن کو ساتھ ساتھ نشر کیا جارہا تھا۔ محمد حسن سیسے صاحب اور محمد مورث کمارا صاحب مبلغ سلسلہ و انچارج احمدیہ ریڈیوز پروگرام کو آرگنائز کر رہے تھے اور رواں تبصرے بھی نشرکر رہے تھے۔
ان مقابلہ جات میں شاملین کا جوش و جذبہ قابل دید تھا۔
مجلس انصار اللہ میں الحاج ڈاکٹر شیخو تامو صاحب، مجلس خدام میں میر ہشام صاحب، لجنہ اماءاللہ میں حافظہ ماریۃ امۃالروؤف صاحبہ، ناصرات میں عزیزہ سبیکہ محمود، اطفا ل الاحمدیہ میں عزیزم فیضان محمود، طلبہ مدرسۃ الحفظ میں عزیزم حافظ عبد الرحمان علی اور مبلغین ومعلمین میں فواد ایس بنگورا صاحب نے پہلی پوزیشن لی۔
فائنل راؤنڈ میں پوزیشن حاصل کرنے والے شرکا میں پروگرام کے مہمان خصوصی مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون تھے۔ مقابلہ جات کے اختتام پر منصفین کی رائے پوچھی گئی چنانچہ میر وسیم الرشید صاحب اور خاکسار نے ان مقابلہ جات کے متعلق اپنی آرا دیں۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب اور بعض دیگر احباب کو انعامات دینے کے لیے بلایا گیا۔ تقسیم انعامات کے بعد مکرم امیر صاحب نے مقابلہ جات میں شاملین کو کچھ نصائح کیں۔ انہوں نے پروگرام کو سراہا اور شاملین کو کہا کہ اصل غرض انعام حاصل کرنا نہیں بلکہ نیکی میں آگے بڑھنا اور قرآن کریم کے نور کو پھیلانا ہے۔ دعا کے ساتھ اس پروگرام کا اختتام ہوا۔دعا کے بعد مسافر شاملین کو کھانا پیش کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ ہمیں قرآن کریم کو پڑھنے، سمجھنے اور اس پر کماحقہ عمل کرنے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین
(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)