حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے کہا ہے کہ عازمین حج کے لیے نُسُک کارڈ رکھنا ضروری ہے۔ بیرون ملک سے آئے عازمین کو نسک کارڈ حج مشنز فراہم کریں گےجس میں عازمین حج کی تمام تفصیلات درج ہوں گی۔نسک کارڈ کے بغیر حج کرنا غیر قانونی ہو گا، بغیرحج پرمٹ مکہ چیک پوسٹ سے داخل ہونے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔سعودی وزارتِ حج کا کہنا ہے کہ حدود الحرم کے اردگرد سیکیورٹی فورسز تعینات کر دی گئی ہیں، غیر قانونی طور پر داخل ہونے والوں پر جرمانے اور قید کی سزا ہو گی۔

٭…سعودی محکمہ موسمیات کے سربراہ ایمن غلام نے رواں سال حج کے موقع پر شدید گرمی کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ سعودی محکمہ موسمیات نے عازمین حج کو خبردار کیا ہے کہ حج کا سیزن اس بار جون میں آرہا ہے جب بہت گرمی پڑتی ہے اور فضا میں نمی کا تناسب بھی بڑھ جاتا ہے جبکہ رواں سال ۲۴سے ۲۹؍جون تک سال کا گرم ترین وقت ہوگا۔ایمن غلام کا کہنا ہے کہ رواں سال چوبیس لاکھ سے زائد افراد حج کریں گے۔ شدید گرمی میں اُن کے لیے تمام ضروری انتظامات غیر معمولی توجہ چاہتے ہیں۔

٭… عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے باوجود رفح میں اسرائیلی فوج نے کارروائیاں تیز کردیں۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں میں بچے سمیت چھ فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ جبالیہ پناہ گزین کیمپ اور غزہ پٹی کے شمالی علاقوں میں بھی اسرائیلی زمینی کارروائیاں بڑھ گئی ہیں۔ الفلوجہ اور بیت لاہیہ میں پناہ لیے بے گھر فلسطینی ایک بار پھر نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔رفح میں کویتی ہسپتال میں چوبیس گھنٹے سے بھی کم وقت کا ایندھن باقی رہ گیا ہے۔طولکرم میں اسرائیلی فوج نے کھیلتے ہوئے پندرہ سال کے لڑکے کو فائرنگ کر کے شہید کردیا۔

٭… سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے ایران کے دورے کی دعوت قبول کرلی۔شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران کے قائم مقام صدر ڈاکٹر محمد مخبر کی خصوصی دعوت قبول کی۔ سعودی ولی عہد نے ایران کے قائم مقام صدر کو تعزیت کا ٹیلی فون کیا تھا۔ بات چیت کے دوران دونوں راہنماؤں نے باہمی روابط اور علاقائی مسائل پر گفتگو کی تھی۔

٭…غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف امریکی طلبہ کا احتجاج جاری ہے، امریکی جامعات کی گرایجویشن تقاریب میں طلبہ نے فلسطین حامی بینرز اٹھا کر ڈگریاں وصول کیں۔ ویل کارنل میڈیسن ( Weill Cornell Medicine) یونیورسٹی میں غزہ سے آئے طالبعلم نے فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف اقدامات نہ کرنے پر امریکی جامعات کی مذمت کی۔غزہ میں خدمات انجام دیتے ہیلتھ ورکرز سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔دوسری جانب امریکی ریاست مشی گن میں تین روزہ پیپلز کانفرنس برائے فلسطین جاری ہے، جس میں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔کانفرنس میں غزہ میں جاری مظالم کو روکنے کےلیے حکمت عملی اور ٹیکٹکس پر تقاریر اور پلینری سیشنز ہورہےہیں۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button