افریقہ (رپورٹس)

رمضان المبارک میں لجنہ اماءاللہ لائبیریا کا دو سکولوں کا دورہ

(فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹر نیشنل لائیبیریا)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماءاللہ لائبیریا کو رمضان المبارک کے مہینہ میں منروویا، لائبیریا میں موجود بصارت اور سماعت سے محروم بچوں کے سکولوں کا دورہ کرنے کا موقع ملا۔ اس مقصد کے لیے سیکرٹری صاحبہ خدمت خلق نے لجنہ اماءاللہ منروویا کو خصوصی طور پر مالی قربانی پیش کرنے کی تحریک کی جس میں ہر ایک نےحسب استطاعت حصہ لیا۔

پروگرام کے مطابق ۳۰؍مارچ اور ۴؍اپریل کو صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ، سیکرٹری خدمت خلق، سیکرٹری تبلیغ اورسیکرٹری تعلیم و تربیت نے ناصر احمد کاہلوں صاحب مبلغ سلسلہ مونٹسیراڈو کاؤنٹی کے ساتھ ایک وفد کی صورت میں بالترتیب بصارت اور سماعت سے محروم بچوں کے دو مختلف سکولوں کا دورہ کیا۔ دونوں سکولوں میں مجموعی طور پر ۸۰؍طلبہ زیر تعلیم ہیں۔

طلبہ نے وفد کے ساتھ وقت گزارنے پر بے حد مسرت کا اظہار کیا۔ دونوں سکولوں میں ایک ایک ماہ کا راشن بھی انتظامیہ کے حوالہ کیا گیا جس میں چاول، دالیں، آئل اور چینی وغیرہ شامل تھے۔ اس کے علاوہ سکول انتظامیہ سے کہا گیا کہ بچوں کو جب بھی طبی امداد کی ضرورت ہو تو احمدیہ کلینک تشریف لائیں۔ اس موقع پر سیکرٹری صاحبہ تبلیغ نے جماعت احمدیہ اور لجنہ اماء اللہ کا تعارف بھی کرایا۔

Mrs. Dowrah صاحبہ نے پرنسپل اور سٹاف کی طرف سے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کی تشریف آوری کا دل سے خیر مقدم کرتے ہیں اور راشن کا تحفہ دینے پر آپ کے شکر گزار ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس کی جزا عطا فرمائے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ آپ آئندہ بھی ہمارے ادارہ میں آتے رہیں گے اور ہمارا یہ محبت اور پیار کا تعلق مضبوط ہوتا چلا جائے گا۔ آمین

(رپورٹ : فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل )

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button