جلسہ سالانہ

تیسرے جلسہ سالانہ پرنسپ ۲۰۲۴ء کا بابرکت انعقا د

٭…’’اسلام احمدیت عالمگیر امن کی ضمانت ہے‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقدہ جلسہ سالانہ میں ایمان افروز و علمی تقاریر کا اہتمام

٭… ۹؍مختلف مقامات سے۱۲۳؍احباب جماعت کی شمولیت

پرنسپ جزیرہ کا تعارف اور جماعت کا قیام:ساؤتومے و پرنسپ دو جزیروں ساؤتومے(São Tomé) اور پرنسپ (Príncipe) پر مشتمل براعظم افریقہ کا ایک چھوٹا سا ملک ہے جو کہ بحراوقیانوس میں وسطی افریقہ کے ملک گابوں(Gabon) سے شمال اور گنی ایکٹوریل سے شمال مغرب میں واقع ہے۔ دونوں جزیروں کے درمیان ۲۰۰؍میل کا فاصلہ ہے اور بحری جہاز پر یہ سفر طے کرنے کے لیے ۱۲؍ سے ۱۴؍گھنٹے لگتے ہیں۔ ہوائی جہاز پر چالیس منٹ کا سفر ہے۔ محض اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے پرنسپ جزیرے میں جماعت کا پودا خاکسار(مبلغ سلسلہ)کے ذریعہ نومبر ۲۰۱۸ء میں لگاتھا۔ اس جزیرے پر سو فیصد عیسائی تھے۔ قیام احمدیت کے بعد عیسائی پادریوں کی طرف سے شدید مخالفت بھی ہوئی لیکن ہمیشہ کی طرح اللہ تعالیٰ نےجماعت احمدیہ کو ترقی دی۔ اب تک اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے نومبائعین کی تعداد ۳۰۰؍سے بڑھ چکی ہے۔

جلسہ سالانہ پرنسپ کی تاریخ:ساؤتومے ملک میں جلسہ سالانہ ۲۰۰۸ءسےالا ما شاءاللہ تقریباً ہر سال منعقد ہوتا رہا ہے۔ ۲۰۱۸ء میں پرنسپ جزیرے پر بھی جماعت کا پودا لگ گیا تھا۔ لیکن دونوں جزیروں کے درمیان بڑے سفر کی وجہ سے نومبائعین کا ساؤتومے کے نیشنل جلسہ سالانہ میں شامل ہونا ممکن نہ تھا۔ اس لیے سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت سے مئی ۲۰۲۲ء میں پرنسپ جزیرے کا پہلا جلسہ سالانہ منعقد کیا گیا۔ اس جزیرے پر دو مساجد تعمیر ہو چکی ہیں۔ نومبائعین ایمان و وفا میں بڑھ رہے ہیں۔ الحمد للہ۔

تیسرا جلسہ سالانہ پرنسپ: محض اللہ تعالیٰ کے فضل سےمورخہ ۲۰؍اپریل ۲۰۲۴ءکو پرنسپ جزیرے پر جماعت احمدیہ کو اپنا تیسرا جلسہ سالانہ بعنوان ’’اسلام احمدیت عالمگیر امن کی ضمانت ہے‘‘ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

جلسہ سالانہ کے لیے وہاں کے تمام نومبائعین کو مدعو کیا گیا تھا۔ الحمد للہ نومبائعین نے بھر پور شرکت کی اور ۹؍مختلف مقامات سے۱۲۳؍افراد جلسہ میں شامل ہوئے۔

صبح دس بجے جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ جلسہ میں کُل چار تقاریر ان موضوعات پر ہوئیں:’’اَلَا بِذِکۡرِ اللّٰہِ تَطۡمَئِنُّ الۡقُلُوۡبُ (الرعد:۲۹)‘‘، ’’آج کل کے جنگی حالات میں جماعت احمدیہ کا کردار‘‘، ’’خلافت کے ذریعہ کیسے امن قائم ہوتا ہے‘‘ اور ’’عدل و انصاف کی اسلامی تعلیمات‘‘۔

پہلی دو تقاریر کے بعد ۲۰؍منٹ کا وقفہ کیا گیاجس میں ریفریشمنٹس پیش کی گئیں۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد دوسرا اجلاس شروع ہوا۔ تقاریر سے قبل نومبائعین نے احمدی ہونے پر اپنےتاثرات کا اظہار کیا۔ سوال و جواب بھی ہوئے۔ آخری دو تقاریر کے بعد خاکسار نے دعا کروائی اوراحباب جماعت نے ترانے پیش کیے۔ جلسہ کے اختتام پر نماز ظہر و عصر جمع کرکے ادا کی گئیں۔ پھر شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

شاملین جلسہ کے تاثرات: پورتوریال جماعت میں ایک سکول ڈائریکٹر ہیں۔ وہ پہلی دفعہ جلسہ میں شامل ہوئے، انہوں نے کہا کہ چند سال قبل میں عیسائیت سے مسلمان ہوا ہوں۔ آج میں نے تمام تقاریر سنیں، خصوصی طور پر عدل و انصاف، سچائی اور سچی گواہی کے بارے میں اسلامی تعلیمات نے مجھے بہت زیادہ متاثر کیاہے۔ خلافت کی برکات سے میں بہت متاثر ہوا ہوں۔ اللہ تعالیٰ خلیفہ وقت کو لمبی زندگی عطا فرمائے۔ آمین

آدیکس لئی صاحب ساؤں یواقین گاؤں کے ایک نومبائع نے کہا کہ میں تیسری بار جلسہ میں شامل ہوا ہوں۔ جلسہ میں امن کے حوالہ سے تعلیمات بیان کی گئیں جو مجھے بہت پسند آئیں۔ ہم اپنے علاقہ میں ان چیزوں کی تبلیغ کریں گے، خصوصی طور پر کہ جھوٹ اور جھوٹی گواہی کی اسلام میں کوئی جگہ نہیں۔ جھوٹ اور جھوٹی گواہی حقیقت میں ہمارے معاشرہ میں فساد کی جڑ ہیں۔

اللہ تعالیٰ یہ جلسہ سالانہ اس جزیرے کے احمدیوں اور تمام لوگوں کے لیے بہت بابرکت فرمائے۔ یہ جلسہ یہاں کی تمام سعید روحوں کواسلام احمدیت کی طرف کھینچ لانے والا ہو۔ آمین

(رپورٹ: انصر عباس۔ مبلغ انچارج و صدر جماعت ساؤتومے و پرنسپ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button