ایشیا (رپورٹس)

فلسطین میں ہیومینٹی فرسٹ کے رضاکاران کے لیے درخواست دعا

مکرم محمد نعمان صاحب از ہیومینٹی فرسٹ یوکے تحریر کرتے ہیں کہ ہیومینٹی فرسٹ گذشتہ کئی برس سے دنیا کے اکثر و بیشتر ممالک میں عموماً اور اسرائیل اور فلسطین کے مابین حالیہ تباہ کُن جنگ کی وجہ سے جاری حالات میں خصوصاً فلسطین میں انسانیت کے لیے گراں قدرخدمات سر انجام دے رہی ہے۔ اس جنگ کے آغاز سے ہی خاص طور پر غزہ کے علاقہ میں ہیومینٹی فرسٹ کے تمام مقامی رضاکاران اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر دن رات بے پناہ لگن کے ساتھ اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی خدمت میں کوشاں ہیں۔ان مشکل ترین حالات میں جہاں بنیادی انسانی ضروریات تک رسائی ناممکن ہے وہاں ہمارے رضاکاران نہ صرف ٹینکروں کے ذریعہ مختلف خیمہ بستیوں میں صاف پانی فراہم کر رہے ہیں بلکہ خوراک اورصفائی ستھرائی کے لیے ضروری اشیا بھی مہیا کر رہے ہیں۔

اس جنگ کی تباہ کاریوں کے بد اثرات سے بڑوں کے علاوہ بچوں کی ذہنی حالت پر بہت ہی بُرے اثرات ظاہر ہورہے ہیں جس کے لیے ہمارے رضاکار‘‘غزہ کےلیے مسکراہٹیں’’ کے منصوبہ کے تحت مختلف تفریحی پروگرام اور ذہنی صحت کی بہتری و بحالی کے لیے بھی ہر ممکن سہولتیں مہیا کر رہے ہیں۔ غزہ شہر میں رضاکاروں کی اکثریت احمدی خواتین اور مرد حضرات پر مشتمل ہے جو خود بھی جنگ کے متاثرین میں سے ہیں۔ ان کے پیاروں کو قتل کردیا گیا اور ان کے گھروں کو تباہ کردیا گیا اوریہ رضا کاران غزہ شہرکے دوسرے لوگوں کی طرح خود بھی اپنے ہی وطن کے شمال اور جنوب میں مہاجرین بننے پر مجبور ہو گئے ہیں جہاں انہیں نہایت محدود وسائل کے ساتھ انتہائی مشکل صورتحال کا سامناہے۔

حالیہ دنوں میں رفح کے علاقہ میں ہونے والے شدید حملوں کے نتیجہ میں ایک دفعہ پھر ان رضاکاران کو ایک ایسی جگہ ہجرت پر مجبور ہونا پڑا جہاں حوائج ضروریہ، صاف پانی اور دیگر بنیادی ضروریات بھی ناپید ہیں۔ مگر تمام تر مشکلات اورتکالیف کے باوجود ان رضاکاران کے جذبے کمزور نہیں ہوئے اور ہمت نہیں ہارے بلکہ وہ یہ جان کر ہی اطمینان پاتے ہیں کہ ان کے پیارے اور محبوب امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ان کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھتے ہیں۔ ان تمام رضاکاران کا تقدیرا لٰہی پر راضی بالرضا ہونا اور پختہ ایمان اور یقین کے ساتھ مشکلات کا مقابلہ کرتے ہوئے دوسروں کی مدد کرتے چلے جانا ہم سب کے لیے ایک مثالی نمونہ ہے۔

ہیومینٹی فرسٹ یوکے کی جانب سے تمام احباب جماعت سے عاجزانہ درخواست ہے کہ ان رضاکاران کو اپنی خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں کہ اللہ تعالیٰ ان سب کو اس ہولناک جنگ کی تباہ کاریوں سے بچائے، ان کی حفاظت فرمائے، انہیں اپنے مظلوم بہن بھائیوں کی خدمت کرنے کی توفیق عطا کرتا چلا جائے اورانہیں اپنا قرب عطا کرتے ہوئے اپنے بے شمار فضلوں سے نوازے۔ آمین

(مرسلہ: لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button