امریکہ (رپورٹس)

برازیل میں رمضان المبارک اور عیدالفطر

(وسیم احمد ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے امسال بھی جماعت احمدیہ برازیل کو رمضان المبارک میں متفرق سرگرمیوں انجام دینے کی توفیق ملی۔ رمضان کے آغاز سے قبل چاند کی تاریخوں کے بارے میں تحقیق کر کے ایک کیلنڈر بنایا گیا جس کو سب ممبران کو بھجوایا گیا۔ امسال برازیل میں ۱۲؍مارچ کو پہلا روزہ تھا۔ چنانچہ ۱۱؍مارچ سے عشاء کی نماز کے بعد صلوٰۃ تراویح کا آغاز کیا جس کا سلسلہ سارا مہینہ جاری رہا امسال خاکسار (مبلغ انچارج) کے علاوہ مکرم ندیم احمد طاہر صاحب، مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب اور مکرم تکریم احمد ظفر صاحب کو باری باری نماز تراویح پڑھانے کی سعادت ملی۔ اسی طرح بعد نماز فجر درس قرآن کریم اور بعد نماز عشاء درس حدیث کا التزام کیا جاتا رہا نیز نماز و روزہ سے متعلق فقہی مسائل بھی بیان کیے جاتے رہے۔ تمام افراد جماعت کو انفرادی و اجتماعی شکل میں رمضان کی اہمیت، روزوں کی فلاسفی اور دیگر عبادات سے متعلق بتایا جاتا رہا۔ اسی طرح دو اخبارات میں خاکسار کے رمضان سے متعلق مضامین شائع ہوئے۔ ایک ٹیلی ویژن چینل میں انٹرویو بھی لیاگیا جس کے کچھ حصے ان کی نیوز میں بھی نشر ہوئے۔ حافظ احتشام مومن صاحب مربی سلسلہ جماعت احمدیہ ریودی جانئیرو ہر اتوار حدیث اور بنیادی مسائل کے بارے میں آن لائن کلاسز بھی لیتے رہے اور شاملین کے سوالات کے جواب بھی دیتے رہے۔ ان کے علاوہ مختلف پوسٹز بنا کر سوشل میڈیا پر بھی اپلوڈ کیے جاتے رہے۔

رمضان کے دوران مورخہ ۳۰؍مارچ کو ایک افطاری کا پروگرام رکھا گیا جس میں کونسلرز، مذہبی نمائندگان اور دیگر مقامی افراد نے شرکت کی انہیں رمضان اور روزوں کی اہمیت و مسائل کے بارے میں بتایا گیا۔ شہر کی اخبار نے اس تقریب کی رپورٹ بھی شائع کی۔ جن ممبران نے اپنے تحریک جدید و وقف جدید چندہ کی سو فیصد ادائیگی کی ان کے لیے رمضان کے اختتام پر خصوصی دعا کی گئی اور ان کے نام بغرض دعا حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں بھجوائے گئے۔ ہیومینٹی فرسٹ کے تحت بعض غریب لوکل فیملیز میں خورونوش کے امدادی پیکٹس بھی تقسیم کئے گئے۔

برازیل میں عید الفطر بھی پورے جوش و جذبہ سے منائی گئی خاکسار نے برازیل کے مرکز مسجد بیت الاول میں جبکہ حافظ احتشام مومن صاحب نے ریو دی جانئیرو میں عید کی نماز پڑھائی جن میں بعض لوکل افراد اور نو مبائعین بھی شامل ہوئے۔ سب کے لیے ریفریشمنٹ کا بھی انتظام کیا گیا تھا اسی طرح پیٹروپولس اور ریو دی جانئیرو میں امدادی پیکٹس اور بچوں میں سویٹس کے پیکٹ بھی تقسیم کیے گئے۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری عاجزانہ قربانیوں اور مساعی کو قبول فرمائے اور ہمارا قدم مزید ترقیات کی منازل طے کرتا رہے۔ آمین

(رپورٹ: وسیم احمد ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button