گیانا ویسٹ، اینڈیز میں میڈیکل مشن سرگرمیوں کی ایک جھلک
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے گیانا ویسٹ، اینڈیز میں ایک ہفتہ کے لیے امریکہ کی یونیورسٹی آف ٹولیڈو سے ۹؍طلبہ اور ایک ڈاکٹر میڈیکل مشن پروگرام کے تحت خدمتِ انسانیت کے لیے تشریف لائے۔ اس پروگرام کے مطابق تمام شاملین نے ایک ہزار ۵۰۰؍ڈالرز جمع کیے اور ذاتی طورپر سفر کے اخراجات برداشت کیے۔
اس ٹیم کا دورہ مورخہ ۲تا۹؍مارچ۲۰۲۴ء کے لیے تھا۔ اس دورہ کے دوران ہیومینٹی فرسٹ گیانا کے تحت ملک کے مختلف حصوں میں تین میڈیکل کیمپس منعقد کیے گئے۔
پہلا میڈیکل کیمپ گیانا کے ایک دُور دراز گاؤں سینٹ کٹ برٹس مشن (St. Cuthbert’s Mission) میں تھا۔ یہ گاؤں گیانا کے آبائی باشندوں آمر انڈین(Amerindian) افراد پر مشتمل ہے جس کی آبادی ایک ہزار ۷۰۰؍افرادہے۔ یہ ٹیم تین گھنٹے کی مسافت طے کر کے اس گاؤں میں پہنچی۔
میڈیکل کیمپ کے دوران مریضوں کی رجسٹریشن کروانے کے بعد ان کے وائٹل چیک کیے گئے۔ شوگر، بلڈ پریشر ٹیسٹ کے بعد ان کی بیماری کی تفصیل پوچھی جاتی تھی۔ پھریہ مریض ڈاکٹر سے تفصیلی ملاقات کے بعد طبی ہدایات لے کر مفت ادویات وصول کرتے۔
ان بنیادی سہولیات کے ساتھ دانتوں اورآنکھوں کا چیک اپ، کینسر سکریننگ، ایڈز ٹیسٹنگ اور مینٹل کاؤنسلنگ کی سہولت بھی موجود تھی۔ اسی طرح ۴۰۰؍افراد کے لیے راشن، ۱۵؍بوڑھے افراد کے لیے سٹکس، ڈینٹل ہائیجین کٹس، خواتین کے لیے ہائیجین کٹس، گلاسز، وٹامن سی اور دیگر وٹامنز اور ادویات مفت تقسیم کی گئیں۔۱۶۵؍افراد نے میڈیکل کیمپ سے فائدہ اٹھایا۔
دوسرے دن گیانا کے دارالحکومت جارج ٹاؤن میں میڈیکل کیمپ منعقد کیا گیا۔ جہاں ۲۶۵؍افراد کا معائنہ کیا گیا۔ اس دن امریکی سفیر Nicole D. Theriot بھی ہمارے کیمپ پر تشریف لائیں اور ایک گھنٹہ سے زائد وقت دیا۔ اس دوران تمام رضاکاروں سے گفتگو کی اور ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ اس دوران انہوں نے میڈیا کو اور ہیومینٹی فرسٹ کو بھی انٹرویو دیا۔ انہوں نے کہا ’’میں آج ہیومینٹی فرسٹ کے ساتھ یہاں ہوں، جو گیانا کے لوگوں کے لیے صحت کی دیکھ بھال، طبی مشورے، ٹیسٹ، آنکھوں اور دانتوں کی دیکھ بھال فراہم کرنے کے لیے یہاں ایک ناقابل یقین کام کر رہے ہیں۔ لوگوں کے لیے یہاں بلا معاوضہ آنے، طبی امداد، طبی مشورے اور ٹیسٹ کروانے کا یہ ایک شاندار موقع ہے۔ یہ وہ چیز ہے جس کی یہاں بہت ضرورت ہے اور میں ہیومینٹی فرسٹ کی بہت شکر گزار ہوں کہ وہ یہ کام کر رہے ہیں۔‘‘ اس کے بعد امریکی سفیرنے تمام ٹیم کے ساتھ مل کر ایک تصویربھی لی ۔
تیسرے دن بھی جارج ٹاؤن میں میڈیکل کیمپ پولیس ہیڈ کوارٹر پر منعقد کیا گیا جس میں ۲۳۵؍افراد شامل ہوئے۔ اس طرح تینوں دن کے کُل ۶۶۵؍افراد ہو جاتے ہیں۔ الحمدللہ۔ اس کے علاوہ ۱۰۰؍سے زائد افراد میں چشمے مفت تقسیم کیے گئے،۵۴؍افراد کے دانتوں کے علاج کیے گئے،۱۰۰؍کے قریب افراد کے ایڈز کے ٹیسٹ کیے گئے اور درجن سے زائد افراد نے خون کا عطیہ دیا۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ امریکہ کے طلبہ تقریباً ۲۵۰؍چشمے اور ۷۵۰؍ڈینٹل کٹس بھی ساتھ لائے تھے جو مفت میں تقسیم کی گئیں۔
ان تینوں کیمپس کو کامیاب بنانے کے لیے تقریباً ۱۰۰؍کے قریب افراد نے مل کر کام کیا۔ مختلف تنظیموں نے بھی بھر پورا تعاون کیا۔ ان میں خصوصی طور پر امریکی سفارت خانہ،گیانا پولیس فورس، گیانا کی وزارتِ صحت، ڈائمنڈ آپٹیکل کمپنی کا خصوصی تعاون اور شمولیت تھی جن کی بدولت یہ پروگرامز کامیاب رہے۔
چوتھے روز امریکہ سے آئے ہوئے طلبہ نے گیانا کے سب سے بڑے پبلک ہسپتال کا دورہ کیا اور ڈیڑھ گھنٹہ سرجری کا معائنہ کیا جس کے بعد انہیں ہسپتال کا تفصیلی دورہ کروایا گیا۔ اس کے بعدساری ٹیم بشمول ہیومینٹی فرسٹ گیانا امریکی سفارت خانہ گئے جہاں امریکی سفیرNicole D. Theriot کے ساتھ ملاقات ہوئی اور طلبہ نے اپنا تجربہ بیان کیا اور امریکی سفارت خانہ کی طرف سے تمام طلبہ کو سرٹیفیکیٹس دیے گئے۔ ہیومینٹی فرسٹ گیانا کو بھی ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ایک سرٹیفیکیٹ دیا گیا۔
اس کے بعد گیانا کے وزیر اعظم جناب Hon. Mark Phillipsسے ملاقات ہوئی جس میں وزیر اعظم نے ہیومینٹی فرسٹ کی خدمات کا شکریہ ادا کیا اور طلبہ سے بلا تکلف گفتگو کی۔
ایک ہفتہ کی مصروفیت کے بعد تمام ٹیم کے ممبران کو ایسی کیوبو کے جزائر کے دورہ پر لے گئے جہاں انہوں نے پرانے تاریخی قلعے اور آبشار دیکھی اور آخر پر ایک جزیرے سلاتھ نامی پر دوپہر کے کھانے اور کچھ آرام کے بعد سیر و تفریح کی۔
آخری روز گیانا کے دار الحکومت جارج ٹاؤن کا دورہ کیا اور مختلف تاریخی جگہیں دیکھیں۔
اس دورہ کے دوران مختلف اخباروں، ٹی وی چینلز، انٹرنیٹ کے مختلف میڈیا پر رپورٹس اور خبریں شائع ہوتی رہیں۔ اللہ کےفضل سے کُل ۱۱؍مختلف خبریں شائع ہوئیں جس کے باعث ہیومینٹی فرسٹ گیانا کا نام سارے ملک میں روشن ہوا۔ الحمد للہ
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہ دورہ بہت ہی کامیاب رہا۔ اس دورہ کے بہت ہی مثبت نتائج پیدا ہوئے اور لوگوں کے بہت ہی مثبت تاثرات سننے کو ملے۔ اللہ تعالیٰ ان فضلوں کو مزید بڑھائے اور ان کے نیک اثرات دیر تک ظاہر ہوتے رہے اور ہمیں انسانیت کی بھرپورخدمت کرنے کی توفیق ملے۔آمین اللہم آمین
(رپورٹ: مقصود احمد منصور۔ صدر جماعت و چیئر مین ہیومینٹی فرسٹ گیانا)