یورپ (رپورٹس)

امریکی سفارت خانہ کے اہلکار کا جماعت احمدیہ کوسوو کے مرکز کا دورہ

(جناح الدین سیف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کوسوو)

مورخہ ۲۸؍فروری ۲۰۲۴ء کو جماعت احمدیہ کوسوو نے جناب ڈومینک میکانٹائر(Mr. Dominic McIntyre) پولیٹیکل آفیسر برائے انسانی حقوق اور محترمہ ربا جوشی(Ms. Raba Gjoshi) کوسوو میں امریکی سفارتخانہ کی سیاسی مشیر برائے انسانی حقوق کا کوسوو کے دارالحکومت Prishtina میں جماعت احمدیہ کےمشن ہاؤس میں استقبال کیا۔

شرکاء میں Pejaکے مقامی معلم Alban Zeqiraj صاحب اورجماعت احمدیہ کے جنرل سیکرٹری Besmir Yvejsi صاحب اور خاکسار (مربی سلسلہ و صدر جماعت کوسوو)شامل تھے۔

جماعتی نمائندوں نے کوسوو میں جماعتی ترقیات کا ذکر کرتے ہوئے جلسہ سالانہ کوسوو ۲۰۲۳ء کا ذکر کیاجس میں ۲۷۵؍سے زائد احباب جماعت نے شمولیت کی تھی۔ دوران گفتگو جلسہ سالانہ جرمنی ۲۰۲۳ء اور البانی زبان میں مختصر تفسیر کے ساتھ قرآن پاک کے نئے ترجمہ پر بات کی گئی۔ اس میٹنگ کا ایک موضوع آنے والا گیارہواں جلسہ سالانہ کوسوو بھی تھا۔ جناب میکانٹائر نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور امریکی سفارت خانہ کی جانب سے ممکنہ شرکت کا وعدہ بھی کیا۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی عالمی سطح پر قیام امن کے حوالے سے نمایاں خدمات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ اظہار تشکر کے طور پر مہمانوں کو لٹریچر پیش کیا گیا جس میںریویو آف ریلیجنز کا دسمبر ۲۰۲۳ء کا شمارہ بھی شامل تھا جو کہ امن اور بین المذاہب رواداری کے بارے میں تھا۔

آخر میںموصوف مہمان نے دلی نیک تمنائیں پیش کیں اور Guest Bookمیں اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا: ’’آپ کے اچھے کام کے لیے آپ کا شکریہ۔ اور دنیا بھر میں امن، رواداری اور مفاہمت کو آگے بڑھانے کے لیے۔ اللہ بھلا کرے!‘‘

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button