مالی کے ریجن بوگنی میں کتاب میلہ میں جماعت احمدیہ کی شرکت
مالی (مغربی افریقہ) کے ریجن بوگنی میں ہر سال میلہ کی طرز پر فیسٹیول کا انعقادکیا جاتا ہے جس میں مختلف قسم کے خریدو فروخت کے سٹال لگائے جاتے ہیں۔ امسال جماعت احمدیہ ریجن بوگنی کی طرف سے بھی تبلیغی سٹال لگایا گیا۔ اس سال مورخہ ۵تا۱۰؍مارچ ۲۰۲۴ء چھ دن کے لیے یہ سٹال لگایا گیا۔ یہ سٹال صبح آٹھ بجے سے رات بارہ بجے تک کھولا جاتا۔ اس سٹال میں جماعتی لٹریچر کی نمائش کی گئی جس میں قرآن کریم فرنچ ترجمہ کے ساتھ، حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کی بعض عربی اور فرنچ ترجمہ کی کتب رکھی گئیں۔ اس کے علاوہ دیگر تبلیغی لٹریچر جس میں خصوصاً پمفلٹس شامل ہیں رکھے گئے۔
اس سٹال میں آویزاںنمایاں انداز میں بینر پر جماعت کا نام فرنچ زبان میں لکھا گیا۔ اس سٹال پرلوگوں نے بڑی تعداد میں جماعت کی تعلیمی ،تربیتی اور تبلیغی کتب پر مشتمل لٹریچر خریدا اور بعض افرادکو مفت تحفہ کے طور پر بھی دیا گیا۔ علاوہ ازیں سٹال پر علاقہ کے گورنر اور دیگر حکومتی افراد نے بھی دورہ کیا ان کو حضرت مسیح موعودؑ کی کتاب اسلامی اصول کی فلاسفی کا فرنچ ترجمہ تحفہ کے طور پر پیش کیا گیا اور تبلیغی پمفلٹس بھی دیے گئے۔
اس تبلیغی سٹال پر دو ہزار سے زائد پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔ تقریباً تین ہزار افراد تک جماعت احمدیہ کا پیغام پہنچا۔ الحمد للہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: نعیم احمد۔ مبلغ سلسلہ ریجن بوگنی مالی)