امریکہ (رپورٹس)

ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا کے زیرانتظام ایک فنڈ ریزنگ افطار ڈنر کا اہتمام

(ناصر احمد وینس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیڈا)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۶؍مارچ ۲۰۲۴ء کووان شہر میں واقع ایوان طاہر میں ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا کے زیر اہتمام افطار ڈنر کی ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں ۷۰۰؍سے زائد مہمانوں اور حکومت کے مختلف سطح کے معززین نے شرکت کی جن میں وان کے میئر آنریبل سٹیون ڈیل ڈوکا صاحب، وزیر تعلیم آنریبل سٹیفن لیچے صاحب، بین الاقوامی ترقی کے وزیر آنریبل احمد حسین صاحب اور متعدد ممبران پارلیمنٹ اور سٹی کونسلرز شامل ہوئے۔

اس تقریب کا مقصد ہیومینٹی فرسٹ کے فلاحی کاموں کے لیے عطیہ جات اکٹھے کرنا تھا جس سے خصوصی طور پر رمضان المبارک کے دوران ضرورت مندوں کو امداد فراہم کی جانی تھی۔اس تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین شامل ہوئے جن میں مقامی کاروباری افراد، سرکاری حکام، اور فلاحی اداروں کے نمائندے قابل ذکر ہیں۔ معززین کی موجودگی نے تقریب کے وقار میں اضافہ کیا اور رمضان المبارک کے دوران فلاحی اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

مہمانوں کی تواضع افطار کے وقت عشائیہ سے کی گئی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں معززین نے اپنی مختصر تقاریر میں ہیومینٹی فرسٹ کے فلاحی کاموں کو سراہا۔ ڈاکٹر اسلم داؤد صاحب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا نے حاضرین کو ان کے تعاون کے ذریعہ کی جانے والی انسانیت کی مختلف خدمات سے آگاہ کیا اور شاملین کو انسانی ہمدردی کے اس کارخیر میں اپنی مالی امداد جاری رکھنے کی درخواست کی۔

ٹکٹوں کی فروخت، عطیات اور وعدوں کے ذریعہ، اس تقریب نے اپنے فنڈ ریزنگ کے ہدف کو نہ صرف پورا کیا بلکہ ہزاروں ڈالرز ٹارگٹ سے زیادہ کے عطیہ جات وصول کیے۔ الحمدللہ۔ موصول ہونے والے عطیات کی رقوم تنظیم کو مقامی اور عالمی سطح پر ضرورت مندوں کی زندگیوں میں بامعنی اور مفیدتبدیلی لانے کے قابل بنائیں گی۔ ان شاءاللہ

اس موقع پر شہر وان کی جانب سے میئر صاحب نے ہیومینٹی فرسٹ کے انسانی ہمدردی کے کاموں میں تعاون کے لیے مبلغ دس ہزارڈالر کا چیک پیش کیا۔ اسی طرح جامعہ احمدیہ کینیڈا نے ہیومینٹی فرسٹ پروگرام کو سپانسر کرتے ہوئے چھ ہزارچھ سوڈالرز کا چیک پیش کیا۔ جزاہم اللہ احسن الجزاء

اس تقریب سے نہ صرف فنڈز اکٹھے ہوئے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ انسانیت کی خدمت اور دوسروں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کی اہمیت کے جذبے کو بھی فروغ ملا۔ عطیہ دہندگان کی فراخ دلی اور شراکت داروں کی مسلسل حمایت کے ساتھ ہیومینٹی فرسٹ ضرورت مندوں کو امداد فراہم کرنے کے اپنے مشن کے لیے پُرعزم ہے۔ پروگرام کے اختتام پر مکرم لال خان ملک صاحب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے دعا کروائی۔

اس پروگرام کی خبر معروف مقامی ٹی وی چینل 24.TV نے مختصر ویڈیوز کے ساتھ اسی رات نشر کی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا کے کاموں میں مزید برکت عطا فرمائے۔آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button