ایشیا (رپورٹس)

جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے کیشور گنج زون میں جلسہ سیرۃ النبیﷺ کا بابرکت انعقاد

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۸؍مارچ۲۰۲۴ء کو جماعت احمدیہ تیروگاتی، کیشورگنج زون، بنگلہ دیش کا تیرھواں جلسہ سیرۃ النبیﷺ مسجد رئیس الدین میں منعقد ہوا۔ الحمدللہ

جلسہ کے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ پھر صبح ساڑھے دس بجے جلسہ کے پہلے اجلاس کا آغاز مولانا عبد الاول خان چودھری صاحب امیر جماعت بنگلہ دیش کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے افتتاحی تقریر کی اور دعا کروائی جس کے بعد درج ذیل موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’آنحضرتﷺ انسانیت کے لیے بہترین اسوہ‘‘ از مسعود احمد صاحب مربی سلسلہ۔ پھر ایک نظم کے بعد ’’آنحضرتﷺ زندگی کے ہر پہلو میں اسوۂ حسنہ‘‘ از مولانا شیخ مستفیض الرحمٰن صاحب مربی سلسلہ۔ اس کے بعد کیشور گنج زون کے صدر صاحب نے تقریر کی۔ ساڑھے بارہ بجے پہلا اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

صبح کے اجلاس کے دوران لجنہ اماءاللہ کا الگ سے اجلاس نائب صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس کے بعد نماز جمعہ اور دوپہر کے کھانے کا وقفہ ہوا۔

دوپہر تین بجے مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت دوسرے اجلاس کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سےہوا۔ اس کے بعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’آنحضرت ﷺ کی تعلیم کے مطابق وصیت کے قواعد اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ از فیروز احمد صاحب نیشنل سیکرٹری مال۔ ’’رشتہ ناطہ کے متعلق آنحضرتﷺ کا اسوہ‘‘ از تصدق حسین صاحب نیشنل سیکرٹری رشتہ ناطہ بنگلہ دیش۔ ایک نظم کے بعد چارشیندور جماعت کے صدر فرید احمد صاحب نے تقریر کی اور مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر کی۔ پھر جلسہ پر آئے ہوئے مہمانوں کے لیے سوال وجواب کا اجلاس منعقد ہوا۔ شام ساڑھے پانچ بجے دعا کے ساتھ جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔

اس جلسہ میں زون کی جماعتوں تیروگاتی، کاٹیادی، بیر پائیکشا، گالیم غازی، چار شندور، نار شینگدی، بھائرب بازار سے کافی تعداد میں احباب جماعت اپنے زیر تبلیغ مہمانوں کے ساتھ شامل ہوئے۔ اس کے علاوہ برہمن باڑیہ، تارویا، بھادوگڑھ، تالشہر، کوڈا، درگارام پور، نریان گنج، ڈھاکہ، میمن سنگھ سے بھی احباب جماعت شامل ہوئے۔ شاملین کی کُل تعداد ۸۶۱؍تھی جن میں ۴۶۴؍مرد، ۳۱۰؍خواتین اور ۸۷؍مہمان شامل ہوئے۔ اس جلسہ میں ایک مقامی خاتون اپنی دو بیٹیوں سمیت بیعت کر کے جماعت احمدیہ میں داخل ہوئیں۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

جلسہ کی پوری کارروائی فیس بک اور یوٹیوب پر براہ راست نشر کی گئی جبکہ لاؤڈ سپیکر کے ذریعہ علاقہ کے لوگوں کو سنانے کا انتظام بھی تھا۔ اللہ تعالیٰ اس جلسہ کے مثبت نتائج پیدا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button