یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ ناروے کے زیر اہتمام ہفتہ تربیت

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ناروے کو مورخہ ۵تا۱۱؍فروری ۲۰۲۴ء ہفتہ تربیت منانے کی توفیق ملی۔ سوموار ۵؍فروری سے جمعرات ۸؍فروری تک روزانہ شام ساڑھے پانچ تا سات بجے آن لائن اجلاسات منعقد کیے گئے۔ ان اجلاسات میں سلسلہ کے علماء یوکے، جرمنی، سویڈن، ڈنمارک اور ناروے سے شامل ہوئے اور مختلف موضوعات پر براہ راست تقاریرکیں۔ اسی طرح ان اجلاسات میں شاملین کوسوالات کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔ ہفتہ تربیت میں نمازِ تہجد، باجماعت نمازوں کی ادائیگی اور تلاوتِ قرآن کرنے کی طرف توجہ دلائی گئی، نیزحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں، نوافل اور نفلی روزوں کی تحریکات پر بھی عمل کرنے کی یاددہانی کروائی گئی۔ اسی طرح خلیفہ وقت سے مضبوط تعلق کی اہمیت اور برکات کے حوالہ سے آگاہی دی گئی نیز حضور انور کی خدمت میں دعا کے لیے خط لکھنے کو بھی پروگرام کا حصہ بنایا گیا۔

پہلا دن رشتہ ناطہ سیمینار کے طور پر منعقد کیا گیا۔ اس میں تقاریر اسی موضوع کے بارے میں تھیں۔آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ مکرم ظہور احمد چودھری صاحب امیر جماعت احمدیہ ناروے کی افتتاحی تقریر کے بعد دو تقاریر ہوئیں: نارویجن زبان میں ’’خوشگوار عائلی زندگی کی بنیاد‘‘ از مکرم مصور احمد شاہکار صاحب مبلغ انچارج ناروے اور اردو میں ’’عائلی زندگی۔ مسائل اور حل‘‘ از مکرم صداقت احمدصاحب مبلغ انچارج جرمنی۔

دوسرےروز کا پروگرام بھی تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا۔ پہلی تقریر مکرم یاسر فوزی صاحب مربی سلسلہStavangerنے نارویجن میں ’’غیب یا ستاری‘‘ کےموضوع پر کی۔ بعد ازاں مہمان مقرر مکرم نسیم احمد باجوہ صاحب مربی سلسلہ یوکے نے ’’تربیت اور تبلیغ کاآپس میں تعلق‘‘ کے موضوع کو مختلف دلچسپ اور ایمان افروز واقعات کی روشنی میں بہت عمدگی سے بیان کیا۔ آخری تقریر نارویجن زبان میں مکرم عبدالحئی احمد صاحب صدرمجلس خدام الاحمدیہ ناروے نے ’’جماعت کے لیے قربانی کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر کی۔

تیسرے روز تلاوت قرآن کریم کے بعد ان موضوعات پر تقاریر کی گئیں: ’’توکل علیٰ اللہ‘‘ از مکرم محمد زکریا خان صاحب امیر و مبلغ انچارج جماعت ڈنمارک، نارویجن زبان میں ’’اطاعتِ خلافت کی برکات‘‘ از ہارون احمد چودھری صاحب مربی سلسلہTrondheim اور ’’جماعت میں اخوت اور باہمی محبت‘‘ از مکرم سید کمال یوسف صاحب سابق مبلغ سکینڈے نیویا۔

چوتھے روز تلاوت قرآنِ کریم کے بعد ان موضوعات پر تقاریر کی گئیں: سویڈش زبان میں ’’حضرت مسیح موعودؑ کی بنی نوع انسان سے محبت‘‘ از کاشف ورک صاحب مربی سلسلہ سویڈن اور ’’ایک مؤحد کی خصوصیات‘‘ از آغا یحییٰ خان صاحب مربی سلسلہ جماعت سویڈن۔ مکرم امیر صاحب ناروے نے اختتامی تقریر میں تمام مقررین اور ناظرین و سامعین کا شکریہ ادا کیا اور دعا کروائی۔

حاضری: روزانہ ۱۳۰سے۱۵۰؍ کے درمیان رہی۔

پانچواں روز جمعہ کا مبارک دن تھا۔ اس میں حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا گیا۔

چھٹا روز یوم تبلیغ کےطور پہ منایا گیا۔ خدام الاحمدیہ ناروے کے زیر اہتمام مختلف شہروں اور مقامات پر تبلیغی سٹالز لگائے گئے ۔

ساتویں دن ناروے کی تمام لوکل جماعتوں میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود منعقد کیے گئے۔

تربیتی ہفتہ میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت ناروے کوبہت سی تربیتی سرگرمیاں منعقد کرنے کی توفیق ملی ۔ خدا تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس کوشش میں برکت ڈال دے اور پروگراموں کے نیک نتائج ظاہر فرمائے۔آمین

(رپورت: عبدالمنعم ناصر۔ نیشنل سیکرٹری تربیت جماعت ناروے)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button