افریقہ (رپورٹس)

گیمبیا کے احمدیہ کلینک بصے میں جلسہ یوم مسیح موعود کا انعقاد

صاحبزادہ رفیع احمد خان صاحب انچارج احمدیہ کلینک بصے تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ کلینک بصے میں جلسہ یوم مسیح موعود منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمدللہ علیٰ ذالک۔ یہ جلسہ مورخہ ۱۳؍مارچ ۲۰۲۴ءبروز بدھ احمدیہ کلینک کے ہال میں منعقد ہوا جس میں کلینک کے تمام سٹاف کے ساتھ ساتھ پہلی باراحاطہ کلینک کے قرب وجوار کے ہمسایوں کو بھی مدعو کیا گیا۔

جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کے بارے میں حدیث میں مذکور پیشگوئی پڑھ کر سنائی گئی۔ پھر خاکسار نے بعثت مسیح موعودؑ کی پیشگوئیوں کے پس منظر میں حضرت مسیح موعودؑ کو ماننے کی اہمیت کے موضوع پر اور مقامی معلم صاحب نے بعثت مسیح موعودؑ کے مقصد اور اس کے حصول کے عنوان پر تقریر کی۔ ان دو تقریروں کے بعد ایک مجلس سوال وجواب ہوئی جس میں احباب کی طرف سے کیے گئے سوالات کے جواب دیے گئے۔ اجتماعی دعا کے ساتھ اس جلسہ کا اختتام ہوا۔جلسہ کا دورانیہ تقریباً ایک گھنٹہ اور کُل حاضری ۴۰؍ رہی۔

جلسہ کے بعد کلینک کے سٹاف اور قریبی مستحق افراد میں رمضان پیکج تقسیم کیا گیا جس میں ایک بوری چاول، کوکنگ آئل، پیاز،چائے اور چینی شامل تھے۔ یہ راشن ۲۱؍فیملیز میں تقسیم کیا گیا۔پروگرام کے بعد مہمانان نے جماعت کی اس کاوش کو بہت سراہا۔انہوں نے کہا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ احمدیہ کلینک میں جسمانی شفا کے ساتھ ساتھ روحانی اور علمی مائدہ بھی تقسیم کیا جارہا ہے۔ہم جماعت احمدیہ کی راشن کی صورت میں دی گئی مدد پر بھی ممنون ہیں۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس پروگرام کے دُور رس نتائج پیدا فرمائے۔ہمیں دکھی انسانیت کی خدمت کرتے چلے جانے کی توفیق عطا فرمائے۔اور آئندہ بھی ایسے پروگرام جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(مرسلہ: مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button