افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون کے دو معزز واقفین زندگی کے اعزاز میں الوداعی تقاریب

(سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے سیرالیون کےدو معزز واقفین زندگی کو لمبا عرصہ خدمات دینیہ کی توفیق ملی ہے۔ ان دو احباب کے بیرون ملک روانگی پر ان کے اعزاز میں الوداعی تقاریب منعقد کی گئیں۔

مولانا سعید الرحمٰن صاحب نے افریقہ میں ۳۸؍سال خدمات دینیہ میں گزارے۔ آپ سیرالیون کے علاوہ گیمبیا، آئیوری کوسٹ اور نائیجیریا میں بھی رہے۔ سیرالیون میں لمبے عرصے تک امیر و مبلغ انچارج کے طور پر خدمات بجا لائیں۔ بطور امیر ومبلغ انچارج آپ کا عرصہ خدمت ۱۸؍سال بنتا ہے۔ اب حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت آپ کو کینیڈا جانے کا ارشاد فرمایا ہے۔ مورخہ۳؍نومبر۲۰۲۳ء کو آپ کے اعزاز میں ہیڈ کوارٹرز فری ٹاؤن میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی جس میں نیشنل عاملہ کے اراکین، مبلغین اور تینوں ذیلی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی اور ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس تقریب میں مکرم امیر صاحب اور ممبران نیشنل عاملہ کے علاوہ صدر بین المذاہب ہم آہنگی کونسل، صدر اہل تشیع کمیٹی اور سابق نائب صدر سیرالیون نے بھی ان کی جماعت اور رفاہی خدمات کو سراہا۔ مولانا سعیدالرحمٰن صاحب نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب میں روایتی پیراماؤنٹ چیف کا لباس پہنایا گیا۔ اسی طرح صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ نے ان کی اہلیہ کو روایتی گاؤن اوڑھایا۔ تقریب کے آخر پر مختلف تحائف پیش کیے گئے اور دعا کے ساتھ یہ بابرکت پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ تقریب کے آخر پر تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اسی طرح مورخہ ۳۱؍جنوری۲۰۲۴ء کو مولانا افتخار احمد گوندل صاحب مبلغ واٹرلو ریجن کے اعزاز میں ہیڈ کوارٹر فری ٹاؤن میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں نیشنل عاملہ، ریجنل مشنریز،تینوں ذیلی تنظیموں کے سربراہان اور عاملہ ممبرز شامل تھے۔ آپ نے ۱۹۸۳ء میں جامعہ احمدیہ پاکستان سے شاہد کی ڈگری حاصل کی اور پھر کچھ عرصہ پاکستان میں گزارنے کے بعد بلاد افریقہ میں خدمات بجا لاتے رہے۔ ان کو لائبیریا اور سیرالیون میں انتہائی نامساعد حالات میں خدمات دینیہ کی توفیق ملتی رہی اور افریقہ میں آپ کی خدمات کا عرصہ کم و بیش ۳۵؍ سال پر مشتمل ہے۔ اب آپ یوکے تشریف لے گئے ہیں۔

مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت سیرالیون کی زیر صدارت یہ پروگرام خلافت لائبریری میں منعقد ہوا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مجلس انصار اللہ، مجلس خدام الاحمدیہ،لجنہ اماء اللہ اور نیشنل عاملہ کے نمائندگان نے مکرم گوندل صاحب کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ مکرم نعیم اظہر صاحب مبلغ انچارج سیرالیون نے بتایا کہ انہوں نے انتہائی نامساعد حالات میں بغیر شکوہ شکایات کے صبر کے ساتھ حالات کا سامنا کیا جو ہم سب کے لیے قابل تقلید ہے۔ مکرم امیر صاحب نے گوندل صاحب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اصل جزا تو اللہ کے ہاں ہے۔ اور سیرالیون میں سینئر ترین مبلغین میں ان کا شمار ہوتا تھا اور بالخصوص سول وار(civilwar) میں وقت گزارنا بہت بڑی قربانی تھی جو انہوں نے دی۔ خاکسار نے بھی انہیں خراج تحسین پیش کیا کہ عمر کے اس حصہ میں جب لوگ آرام کرنا چاہتے ہیں یہ خدمات دینیہ میں مصروف تھے۔ یہ وہ مجاہدین ہیں جن کی قربانیوں کا ہم پھل کھا رہے ہیں۔ مکرم افتخار گوندل صاحب نے بھی اظہار خیال کیا اور گذشتہ لمبے عرصے کے چیدہ چیدہ واقعات سنائے اور حاضرین کے ایمان کو تازہ کیا۔ تقریب میں روایتی پیراماؤنٹ چیف کا لباس پہنایا گیا۔ اسی طرح صدر لجنہ نے ان کی اہلیہ کو روایتی گاؤن اوڑھایا۔ تقریب کے آخر پر مختلف تحائف پیش کیے گئے اور دعا کے ساتھ یہ بابرکت پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ بعد ازاں تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ ان دونوں واقفین زندگی مربیان کو ہمیشہ اپنے فضلوں سے نوازتا رہے۔ ان کی قربانیوں کو قبول فرمائے اور دین و دنیا کی نعماء سے نوازے۔ آمین

(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button