حاصل مطالعہ

لیلۃ القدر کی دعا اور تحریک مصالحت

حضرت مرزا بشیر احمد صاحب ایم اے رضی الله عنه تحریر فرماتے ہیں:

’’رمضان المبارک کا مہینہ ہے اور آخری عشرہ شروع ہو چکا ہے۔جس کی طاق راتوں کے متعلق آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے ہدایت فرمائی ہے کہ اس میں لیلة القدرکو تلاش کیا جائے۔اس مبارک رات کی فضیلتوں میں سے ایک فضیلت ایک صحابی بروایت آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم یوں بیان کرتے ہیں کہ جو شخص ليلة القدر کو سچی نیت کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے حصول کے لئے کھڑا ہو کر عبادت اور دعا میں گزارتا ہے۔ اس کے تمام سابقہ گناہ بخشے جاتے ہیں گویا یہ رات گناہوں کی معافی اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کے لئے خاص رات ہے پھر حضرت عائشہ رضی الله عنها فرماتی ہیں کہ میں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کیا کہ یا رسول اﷲ اگر میں ليلة القدر کو پاؤں تو کیا دعا کروں۔آپؐ نے فرمایا یہ دعا کرو:’’ اَللّٰھُمَّ اِنَّکَ عَفُوٌّ تُحِبُّ الْعَفْوَ فَاعْفُ عَنِّیْ(جامع الترمذی، کتاب الدعوات باب فی فضل سؤال العافیۃ و المعافاۃ)کہ اے اللہ تعالیٰ یقیناً تو گناہوں کو بہت معاف کرنے والا ہے اور تو معاف کرنے کو پسند کرتا ہے پس مجھے بھی معافی عطا فرما اور مجھے عفو کی چادر میں لپیٹ لے۔‘‘

یہ حدیث بھی بتاتی ہے کہ اس رات کا گناہوں کے عفو اور خدا کی خوشنودی کے حصول سے خاص تعلق ہے۔کیا ہی مبارک یہ مہینہ ہے اور کیا ہی مبارک یہ رات ہے جو ہمارے لئے ہمارے مالک حقیقی کی رضا اور خوشنودی کا دروازہ کھولنے کے لئے دوڑی چلی آ رہی ہے۔پس اے احمدیت کے فرزندو آؤ ہم ان مبارک گھڑیوں میں سب کے سب اپنے گناہ بخشوا لیں اور اپنے مالکِ حقیقی کو راضی کر کے اپنے دلوں کو اس کا تخت گاہ بنائیں۔اور اسی کے ہو جائیں اور اس زریں موقع کو ضائع نہ کریں۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کشتی نوح میں فرماتے ہیں:’’اگر تم خدا کے ہو جاؤ گے تو یقیناً سمجھو کہ خدا تمہارا ہی ہے۔تم سوئے ہوئے ہو گے اور خدا تعالیٰ تمہارے لئے جاگے گا۔تم دشمن سے غافل ہو گے اور خدا اسے دیکھے گا اور اس کے منصوبے کو توڑے گا۔‘‘(کشتی نوح، روحانی خزائن جلد ۱۹ صفحہ ۲۲)

پھر فرماتے ہیں:’’ہر ایک جو پیچ در پیچ طبیعت رکھتا ہے اور خدا کے ساتھ صاف نہیں ہے۔ وہ اس برکت کو ہرگز نہیں پا سکتا جو صاف دلوں کو ملتی ہے۔کیا ہی خوش قسمت وہ لوگ ہیں جو اپنے دلوں کو صاف کرتے ہیں اور اپنے دلوں کو ہر ایک آلودگی سے پاک کر لیتے ہیں اور اپنے خدا سے وفاداری کا عہد باندھتے ہیں کیونکہ وه ہرگز ضائع نہیں کئے جائیں گے۔ممکن نہیں کہ خدا ان کو رسوا کرے کیونکہ وہ خدا کے ہیں اور خدا ان کا۔وہ ہر ایک بلا کے وقت بچائے جائیں گے۔‘‘(کشتی نوح، روحانی خزائن جلد ۱۹ صفحہ ۱۹۔۲۰)

نظارت تعلیم و تربیت ليلة القدر کی مندرجہ بالا دعا اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے پاک کلمات کو پیش کرکے احباب جماعت کو تحریک کرتی ہے کہ وہ خدا تعالیٰ کی خوشنودی اور اس کی برکت حاصل کرنے کے لئے ان دنوں میں اپنے دلوں کو پاک و صاف کر لیں اور ہر ایک قسم کا غصہ اور کینہ اور حسد اور بغض دلوں سے نکال دیں اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی اس تعلیم پر عمل کریں کہ ’’تم آپس میں جلد صلح کرو اور اپنے بھائیوں کے گناہ بخشو۔کیونکہ شریر ہے وہ انسان کہ جو اپنے بھائی کے ساتھ صلح پر راضی نہیں وہ کاٹا جائے گا۔کیونکہ وہ تفرقہ ڈالتا ہے۔تم اپنی نفسانیت ہر ایک پہلو سے چھوڑ دو اور باہمی ناراضگی جانے دو اور سچے ہو کر جھوٹے کی طرح تذلل کرو تا تم بخشے جاؤ۔‘‘(کشتی نوح روحانی خزائن جلد ۱۹ صفحہ ۱۲)(مضامین بشیر جلد اول صفحہ ۲۵۹-۲۶۰)

(’م۔ش۔تبسم‘)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button