افریقہ (رپورٹس)

گیمبیا کےنارتھ بینک ریجن میں ایک اور سنٹرل ریور ریجن میں دو مساجد کا افتتاح

(مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گیمبیا)

نارتھ ریجن

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ چوگن (CHOGEN) ،گیمبیا کو ملک کے ریجن نارتھ بینک میں ایک نئی مسجد کی تعمیر اور پھر مورخہ ۲۰؍فروری۲۰۲۴ء کو اس کے افتتاح کی توفیق ملی۔الحمد للہ ۔ اس مسجد کا نام ’مسجد اکبر‘ ہے۔

اس تقریب میں جماعت احمدیہ گیمبیا کے نائب امیر اول و مبلغ انچارج مکرم محمود احمد طاہر صاحب، ایریا مشنری، مکرم امیر صاحب کا نمائندہ اور ریجن سے مختلف احباب شامل ہوئے۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد سٹیج پر موجود مختلف احباب نے اپنے خیالات اور مسجد کی تعمیر پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس مسجد کی تعمیر کے لیے امریکہ کے ایک احمدی دوست اور ان کے گھروالوں نے رقم مہیا کی۔اللہ تعالیٰ ان کے اموال ونفوس میں برکت عطا فرمائے۔آمین۔ مسجد میں تقریباً ۲۰۰؍افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔

آخر پرمکرم نائب امیر صاحب نے احباب کو مسجد کی اہمیت اور ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ ان کے بعد علاقہ کی معروف شخصیات نے اظہار خیال کیا اور جماعت احمدیہ کا اس عظیم خدمت پر شکریہ ادا کیا۔

اس پُروقار اور مبارک تقریب میں غیر ازجماعت احباب میں علاقہ کے چیف، گاؤں کے الکالو اور قریبی گاؤں کے امام مساجد اور دیگر غیر احمدی احباب نے شمولیت کی۔ اس پروگرام میں تقریباً ۱۵۰؍ افراد شامل ہوئے۔ پروگرام اور نماز ظہروعصر کی ادائیگی کے بعد احباب کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اس تمام تقریب کوایم ٹی اے گیمبیا نے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا۔

سنٹرل ریور ریجن میں دو مساجد کا افتتاح

گیمبیا کے سنٹرل ریور ریجن کو اپنی جماعت بولبک (BOLBOK) میں ’مسجد مبارک‘ اور جماعت سارے نیانگا (SARE NYANGA) میں ’مسجد احمد‘ کی تعمیر اور ان کے افتتاح کی توفیق ملی۔

مساجد کے افتتاح کی تقریب مورخہ ۲۱؍فروری ۲۰۲۴ء کو منعقد ہوئی جس میں جماعت احمدیہ گیمبیا کے نائب امیر اول و مبلغ انچارج محمود احمد طاہرصاحب، مختلف ریجنز کے ایریا مشنریز، معلمین اور دیگر احباب کے ساتھ ساتھ ان مساجد کی تعمیر کے لیے عطیات دینے والے دوست مکرم محمد افضال صاحب بھی شامل ہوئے۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد معمار نے مسجد کی تعمیر کے بارے میں مختصر رپورٹ پیش کی۔ بعدازاں علاقہ کے ڈپٹی گورنر نے کہا کہ جماعت احمدیہ کا یہ طرہ امتیاز ہے کہ وہ نہ صرف ملک کے افراد کی جسمانی و تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہسپتال اور سکول بناتی ہے بلکہ افراد کو اسلام سکھانے اور خدائے واحدکی عبادت کرنے کے لیے مساجد بھی تعمیر کرتی ہے۔انہوں نے جماعتی خدمات کو سراہا۔ اللہ تعالیٰ ان کے اموال ونفوس میں برکت عطافرمائے۔آمین۔ان ہر دو مساجد میں تقریباً ۲۰۰؍افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔

ان مواقع پر علاقہ کی معروف شخصیات جیسے چیف، الکالو، مساجد کے امام بھی موجود تھے۔ الکالو نے کہا کہ میں احمدی نہیں ہوں لیکن میں ہمیشہ جماعت احمدیہ کے ساتھ کھڑا ہوں کیونکہ جماعت دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے ہروقت کوشاں رہتی ہے۔

محمد افضال صاحب نے کہا کہ آج میں یہاں پر صرف خلافت کی برکت سے موجود ہوں ورنہ شاید میں کبھی اپنی زندگی میں افریقہ نہ دیکھتا۔ یہ خلافت کی برکت ہے کہ ہم سب ایک پرچم کے تلے ایک ہیں اور کسی علاقہ کا کوئی فرق نہیں۔ہم سب کو خلافت سے وابستہ رہنا چاہیے۔

افتتاحی تقریب کے بعدجماعتی عہدیداران نے مسجد کے دائیں اور بائیں جانب مختلف پھلدار پودے لگائے۔

اس پروگرام میں تقریباً ۲۰۰؍افراد شامل ہوئے۔ پروگرام سے قبل تمام حاضرین کی خدمت میں ناشتہ اور بعد از تقریب ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اس تمام تقریب کوایم ٹی اے گیمبیا نے کور کیا۔

اللہ تعالیٰ ان مساجد کو حقیقی عبادت گزاروں سے بھرا رکھے۔ ان کو اسلام احمدیت کا حقیقی پیغام پہنچانے اور تبلیغ کا ذریعہ بنائے۔ آمین

(رپورٹ: مسعود احمدطاہر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button