افریقہ (رپورٹس)

گنی کناکری کے ریجن فورے کاریا میں مسجد بیت المجیب اور مشن ہاؤس کا افتتاح

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ گنی کناکری کو فورے کاریا (Forecariah) ریجن کے گاؤں درابے (Darabay) میں مورخہ ۸؍مارچ ۲۰۲۴ء کو مسجد اور مشن ہاؤس کا افتتاح کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

یہ مسجد مرزا محمد لقمان صاحب آف امریکہ کے تعاون سے تعمیر ہوئی ہے ۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت مسجد کا نام بیت المجیب عطا فرمایا ہے ۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے افتتاحی تقریب میں علاقہ کی وائس میئر مادام حوا سانکو اور سیکیورٹی کے انچارج کرنل عمارہ کونڈے صاحب اور اسی طرح لیگ اسلامک کے انچارج اور ۱۵؍ائمہ کرام نے شرکت کی ۔

تمام احباب نے علاقہ میں جماعت کی خدمات کو سراہا، مسجد کی تعمیر پر خوشی کا اظہار کیا اور مبارک باد پیش کی۔ ضلع کے صدر صاحب نے کہا کہ با وجود بیماری کے میں یہاں حاضر ہوا ہوں اور اتنی خوبصورت مسجد کی تعمیر پر احمدیہ مسلم جماعت کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔

سیرالیون سے عبد الحئی کروما صاحب نائب امیر اوّل، نعیم احمد اظہر صاحب مبلغ انچارج اور محمد مورث کمارا صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ بھی اس تقریب میں شامل ہوئے اور نیک خیالات کا اظہار کیا ۔ مقامی جماعت کے صدر طورے صاحب نے اپنی تقریر میں اس علاقہ میں جماعت احمدیہ کے نفوذ کے متعلق چند تفاصیل بتائیں۔

تقریب کے آخر پر خاکسار (صدر ومبلغ انچارج گنی کناکری)نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات کی روشنی میں مساجد کی تعمیر کے مقاصد اور اہمیت بیان کی اور تقویٰ کے ساتھ عبادات بجا لانے کی طرف توجہ دلائی ۔

الحمدللہ، اس تقریب میں ۵۱۰؍احباب شامل ہو ئے۔ نماز جمعہ کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو علاقہ میں جماعت احمدیہ کی ترقی کا پیش خیمہ بنا دے۔ آمین

(رپورٹ: طاہر محمود عابد۔ صدر ومبلغ انچارج گنی کناکری)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button