امریکہ (رپورٹس)

ریو دی جانئیرو (برازیل) کی کونسل کی طرف سے جماعت احمدیہ کے مبلغ کو ممبرشپ اوراعزازی سند دی گئی

(وسیم احمد ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

ریو دی جانئیرو (Rio de Janeiro)برازیل کا دوسرا بڑا شہرہے جو سیر و سیاحت کی وجہ سے پوری دنیا میں مشہور ہے۔ ہر سال لاکھوں لوگ یہاں مختلف تاریخی و سیاحتی مقامات دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔ اس شہر میں ۱۹۸۵ء میں Paqueta کے مقام پر جماعت احمدیہ کا سنٹرقائم کیا گیا جس کے بعد اسی صوبہ کے شہر پیٹروپولس میں جماعت نے اپنی زمین لے کر یہاں مستقل مرکز بنایا جہاں جماعت احمدیہ کی خوبصورت مسجد ’’بیت الاول‘‘ بھی تعمیر کی گئی ہے۔ ۲۰۲۰ء میں ایک مرکزی مبلغ احتشام احمد مومن صاحب کی تقرری کے بعد اس شہر میں از سر نو جماعت کا سنٹر قائم کیا گیا ہے۔ اس شہر میں مختلف مذاہب پائے جاتے ہیں۔ ان کی آپس میں ہم آہنگی کے لیے شہر کے میئر کی طرف سے ایک مذہبی امور کی کونسل تشکیل دی گئی ہے جس میں مختلف مذاہب کے نمائندگان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ مورخہ ۲۶؍ستمبر ۲۰۲۳ء کو ایک تقریب میں مذہبی امور کے سیکرٹری نے مبلغ سلسلہ کو بھی اس کونسل کی ممبر شپ دیتے ہوئے ایک خصوصی سرٹیفیکیٹ دیا۔ ریو دی جانئیرو میں مختلف بین المذاہب پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں جن میں سے بعض مذہبی جماعتوں کی طرف سے اور کچھ سیاستدانوں کی طرف سے ہوتے ہیں۔ ان پروگراموں میں اسلام کی نمائندگی میں جماعت احمدیہ کو دعوت دی جاتی ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ان پروگراموں میں حصہ لیتی ہے جہاں اسلام کی پُرامن تعلیم بیان کرنے کے علاوہ انسانیت کی خدمت کے لیے ہیومینٹی فرسٹ جو رفاہی کام کررہی ہے اس کا بھی ذکر کیا جاتا ہے۔ انہی خدمات کے پیش نظر ریو دی جانئیرو کے سٹی ہال میں مورخہ ۲۷؍اکتوبر۲۰۲۳ء کو منعقدہ ایک تقریب میں حافظ احتشام احمدمومن صاحب مربی سلسلہ ریو دی جانئیرو کو شہر کی کونسل کی طرف سےایک ’’سند امتیاز‘‘ دی گئی۔ یہ اعزاز ان لوگوں کو دیا جاتا ہے جو شہر کے لیے خاص خدمات بجا لاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کے لیے اور جماعت کے لیے یہ اعزاز مبارک فرمائے اور جماعت کو پہلے سے بڑھ کراسلام کی نمائندگی کرتے ہوئے خدمات بجا لانے کی توفیق دے۔ آمین

(رپورٹ: وسیم احمد ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button