یورپ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ برطانیہ کی ریجنل و لوکل مجالس عاملہ کا ریفریشر کورس

(لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برطانیہ)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ یوکے کو مورخہ ۲۱ اور ۲۸؍جنوری بروز اتوار بالترتیب مسجد بیت الفتوح کے طاہر ہال میں لندن اورویلز کے جنوبی علاقوں جبکہ مسجد دارالامان مانچسٹر میں شمالی علاقوں کے ریجنز کی مجالس کے لیے ریفریشر کورسز منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ دونوں مقامات پراِن کورسز میں شمولیت کے لیے آنے والے ممبران کی رجسٹریشن کے علاوہ ناشتے کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ جلال الدین صاحب قائد اشاعت مجلس انصار اللہ یوکے کے مطابق مسجد بیت الفتوح میں ۱۳؍ریجنز کی مجالس کے ۷۰۰؍سے زائد جبکہ مانچسٹر میں چھ ریجنز کی مجالس کے ۳۰۰؍سے زائد عاملہ ممبران شامل ہوئے۔

مکرم مرزا وقاص احمد صاحب صدر مجلس انصار اللہ یوکے کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور عہد سے پروگرام کا باقاعدہ آغازہوا۔ بعد ازاں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۸؍اگست ۲۰۲۳ءکے ایک حصہ کا ویڈیو کلپ دکھایا گیا جس میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے عہدیداران کے فرائض اور ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی ہے۔ اس کے بعد نیشنل عاملہ کے تمام ممبران نے سٹیج پر آکر اپنا اپنا تعارف کروایا۔

پروگرام کے افتتاحی اجلاس کے بعد تمام شعبہ جات کے ریجنل و لوکل منتظمین کے لیے علیحدہ علیحدہ ورکشاپ کا آغاز ہوا جس میں شعبہ جات نے مختلف ویڈیو سلائڈز کے ذریعہ سال ۲۰۲۴؍ کے لیے شعبہ کی پلاننگ اور ناظمین و منتظمین کی ذمہ داریوں سے آگاہ کرتے ہوئے حاضرین کے مختلف سوالات کے جواب بھی دیے۔ اس دوران صدر صاحب انصار اللہ نے نائب صدران، ریجنل ناظمین اعلیٰ اور زعمائے مجالس کے ساتھ ایک میٹنگ میں نئےسال کے لائحہ عمل اور انصاراللہ کی تاریخ مرتب کرنے کے لیے تبادلہ خیال کیا۔ یہ اجلاس تقریباً دو گھنٹےپر محیط تھا جس کے بعد نماز ظہر و عصر کی باجماعت ادائیگی کی گئی۔ نمازوں کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔

دوسرے اجلاس میں مسجد بیت الفتوح میں مصور ادریس صاحب نے کمپیوٹرائزڈ رپورٹنگ سسٹم کے بارے میں تفصیل سے بتایاجبکہ مانچسٹر میں چار قائدین نے اپنے اپنے شعبہ جات کے بارے میں پریزنٹیشنز پیش کیں۔ عطاء المومن زاہد صاحب قائد تربیت انصار اللہ یوکے و استاد جامعہ احمدیہ یوکے نے ’عبادالصالحین اور عباد الرحمٰن‘ کے موضوع پر تقریر کرتے ہوئے چند قرآنی آیات کے حوالے سے موجودہ حالات میں فلسطین و اسرائیل کی جنگ کے تناظر میں الٰہی پیشگوئی کا احاطہ کیا۔

بعد ازاں مجلس سوال و جواب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر مجلس انصار اللہ یوکے اور عبدالخالق تعلقدار صاحب اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری برائے انصار سیکشن نے شاملین پروگرام کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئےحضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے تعلق میں بعض ایمان افروز واقعات بھی بیان کیے۔ پھر صدر صاحب مجلس انصاراللہ یوکے نے تمام شرکائے اجلاس کی شرکت، انتظامی کارکنان کی خدمات اور عبدالخالق تعلقدارصاحب کی خصوصی شرکت کے لیے شکریہ ادا کیا۔ دونوں مقامات پر دعا سے پروگرام اختتام پذیر ہوئے ۔

(رپورٹ : لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button