نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۲۳؍جنوری ۲۰۲۴ء بروز منگل بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم چودھری محمد اکرم صاحب (آف Dudley۔ یوکے) کی نمازِ جنازہ حاضر اور چار مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم چودھری محمد اکرم صاحب (آف Dudley۔ یوکے)

۱۶؍جنوری ۲۰۲۴ء کو ۷۴؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت چودھری غلام حسین صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پوتے اور مکرم ماسٹر نواب دین صاحب مرحوم (ٹیچر قادیان) کے بھتیجے تھے۔ پولیس سے ریٹائرمنٹ کے بعد اسیران راہ مولیٰ کی رہائی کے لیے بنائی گئی کمیٹی میں اور بعد ازاں امور عامہ ربوہ میں خدمت کی توفیق پائی۔ ۲۰۰۳ء میں پاکستان سے ہالینڈ اور پھر ۲۰۱۵ء میں یو کے آگئے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار اورخلافت کے ساتھ گہری عقیدت رکھنے والے نیک اور مخلص انسان تھے۔ اپنی اولاد کو بھی ہمیشہ خلافت سے وابستہ رہنے کی تلقین کرتے رہے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ پانچ بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم سعید احمد جٹ صاحب ( مربی سلسلہ) آجکل صدر مجلس خدام الاحمدیہ ہالینڈ کے طور پر خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

نماز جنازہ غائب

-۱مکرم سلیم احمد اٹھوال صاحب( آف چک نمبر ۱۸ بہوڑو ضلع ننکانہ صاحب)

۲۴؍دسمبر ۲۰۲۳ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے خاندان میں احمدیت آپ کے دادا کے ذریعہ سے آئی۔ مرحوم پنجوقتہ نمازوں اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، متوکل علی اللہ، مہمان نواز، غریب پرور،مخلص اور نیک انسان تھے۔ روحانی خزائن اور سلسلہ کی دیگر کتب کا باقاعدگی سے مطالعہ کرتے تھے۔ خلافت سے بےپناہ محبت اور عقیدت کا تعلق تھا۔ آپ نے مقامی صدر جماعت کے علاوہ امیر حلقہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ آپ خود اور آپ کے بڑے بیٹے لمبا عرصہ اسیر راہ مولیٰ بھی رہے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں ۳ بیٹے اور ۳ بیٹیاں شامل ہیں۔

-۲مکرم ممتاز علی اعوان صاحب ابن مکرم عنایت علی صاحب(آصل گرو کے تحصیل کینٹ لاہور)

۱۸؍فروری ۲۰۲۲ء کو ۸۸؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ صوم وصلوٰۃ کے پابند، چندوں میں باقاعدہ اور مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے مخلص اور باوفا انسان تھے۔ آپ نے لمبا عرصہ مقامی صدر جماعت کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ آپ ریاضی کے ایک ماہر استاد تھےاور بہت سے طلبہ کو پڑھانے کا موقعہ ملا۔

-۳عزیزم باسط شمائل خواجہ ابن مکرم خواجہ عبد المومن صاحب(ربوہ)

۱۳؍دسمبر ۲۰۲۲ء کو ۱۵؍سال کی عمر میں وفات پاگیا۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ عزیز وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل تھااورنہایت فعال اور جماعتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا تھا۔ مقامی مجلس میں اطفال الاحمدیہ کے سیکرٹری اشاعت کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔

-۴عزیزہ امۃ الکافی بنت مکرم نعیم احمد خرم صاحب ( مبلغ سلسلہ ہالینڈ)

۲۶؍نومبر ۲۰۲۳ء کو ۲۱؍سال کی عمر میں وفات پاگئی۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ عزیزہ بچپن میں گردن توڑ بخار کے بعد مختلف بیماریوں کا سامنا کرتی رہی۔پسماندگان میں والدین کے علاوہ دو بھائی شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button