حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ شہریوں کے مینڈیٹ کا احترام ہونا چاہیے اور اسے کھل کر تسلیم کرنا چاہیے۔اپنے بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے عوام خاص طور پر خواتین کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ خواتین مشکلات کے باوجود باہر نکلیں، جمہوریت کی مضبوطی کےلیے ووٹ دیا۔عارف علوی نے کہا کہ نوجوان بھی داد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے ووٹنگ میں حصہ لے کر ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کا فیصلہ کیا، ان کا جمہوریت پر یقین، ولولہ اور تعمیر ملت کا عزم تاریخ رقم کرے گا۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ مالی بحران سے نکلنے، مشکل فیصلے کرنے کےلیے حقیقی مینڈیٹ ضروری تھا جو نظر آرہا ہے، ہمیں اس پُرجوش جذبے کا جشن منانا چاہیے اور دنیا کو پاکستان کا یہ خوبصورت چہرہ دکھانا چاہیے۔صدر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ شاندار مستقبل پر میرا اعتماد مضبوط ہوا ہے کیونکہ لوگوں نے کُھل کر اپنی مرضی کا اظہار کیا۔

٭…آسٹریلوی حکومت نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں ۸؍فروری کے انتخابات کے ابتدائی نتائج کو دیکھ رہے ہیں۔آسٹریلوی حکومت نے کہا کہ بارہا آزادانہ، غیر جانبدارانہ، منصفانہ، قابل تصدیق انتخابات کا کہا۔ آسٹریلیا خواتین رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں اضافے کا خیرمقدم کرتا ہے۔ آسٹریلوی حکومت کا کہنا تھا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ پاکستانیوں کو اپنے انتخاب میں پابند کیا گیا، تمام سیاسی جماعتوں کو عام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی۔آسٹریلوی حکومت کا یہ بھی کہنا تھا کہ آسٹریلیا ایک جمہوری، معتدل اور خوشحال پاکستان کی حمایت کرتا ہے۔ بطور طویل المدت شراکت دار ہم پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔

٭…وسطی فرانس میں چینون نیوکلیئر پاور پلانٹ میں آگ لگ گئی جس کے باعث پاور پلانٹ کے دو یونٹ بند کردیے گئے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق آگ نیوکلیئر زون سے باہر پاور یونٹ تین کے مین ٹرانسفارمر میں لگی جسے بجھا دیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

٭… ایرانی وزیر خارجہ نے لبنانی وزیر خارجہ کے ساتھ بیروت میں پریس کانفرنس کی۔اس موقع پر ایرنی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران اور لبنان خطے کی جنگ میں توسیع نہیں چاہتے، لبنان میں وسیع پیمانے پر حملوں کا اقدام نیتن یاہو کا حتمی روز ثابت ہوگا۔حسین امیر نے کہا کہ فلسطین پر سعودی عرب اور ایران کے درمیان بات چیت جاری ہے، غزہ تنازع کا حل سیاسی طریقے سے ہی نکل سکتا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ غزہ تنازع کے سیاسی حل کے لیے حماس کی حقیقی تجاویز کی حمایت ہونی چاہیے۔

٭… انقلاب ایران کی سالگرہ کے موقع پر تہران کے آزادی سکوائر کو رنگا رنگ روشنیوں سے منور کیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق ایران کے مختلف شہروں میں ریلیاں بھی نکالی جاتی رہیں۔ایران میں اسلامی انقلاب ۱۱؍فروری ۱۹۷۹ء میں لایا گیا تھا جس کے سبب بادشاہ محمد رضا پہلوی کو ملک چھوڑنا پڑا تھا۔انقلاب ایران کے بعد عوامی ریفرنڈم سے ملک کو اسلامی جمہوریہ بنایا گیا تھا اور اس کے نتیجے میں اختیارات علما ءکو منتقل کر دیے گئے تھے۔

٭… ماچس کی تیلیوں سے ۷.۱۹؍میٹر لمبے ایفل ٹاور ماڈل کو فرانسیسی شہری رچرڈ پلوڈ نے تیار کیا ہے۔اس ایفل ٹاور ماڈل کو تیار کرنے میں آٹھ سال لگے۔ابتدا میں اُنہوں نے کمرشل طور پر دستیاب ماچس کی تیلیاں استعمال کیں لیکن ماچس کی تیلیوں کے لال رنگ کے سلفر والے سِروں کو کاٹنے کے عمل میں بہت زیادہ وقت لگ رہا تھا اس لیے اُنہوں نے مینوفیکچرر سے رابطہ کرکے بالکل سادہ ماچس کی تیلیاں حاصل کیں۔رچرڈ پلوڈ نے اس ایفل ٹاور ماڈل کو گذشتہ سال ۲۷؍ دسمبر کو مکمل کیا تھا اور پھر باقاعدہ ریکارڈ اپنے نام کرنے کے لیے گنیز ورلڈ ریکارڈز سے رابطہ کیا تو وہاں سے ان کے اس پراجیکٹ کو یہ کہہ کر مسترد کر دیا گیا کہ اسے بنانے کے لے کمرشل طور پر دستیاب ماچس کی تیلیاں استعمال نہیں کی گئیں۔

بعد ازاں، گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اپنا موقف بدل لیا اور گنیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں رچرڈ پلوڈ کے اس پراجیکٹ کو تسلیم کرتے ہوئے بہت خوشی ہے۔اس پراجیکٹ کے بارے میں ہمارے ابتدائی ریمارکس قدرے سخت تھے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ رچرڈ پلوڈ کا یہ پراجیکٹ واقعی حیرت انگیز ہے۔اب رچرڈ پلوڈ کو امید ہے کہ وہ جولائی میں ہونے والے اولمپکس کے لیے پیرس میں اپنا یہ پراجیکٹ نمائش کے لیے پیش کریں گے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button