متفرق مضامین

درد شقیقہ یعنی مائیگرین (Migraine)

(مسز منظر محمود۔ جرمنی)

سر درد متعدد وجوہات کی بنا پر ہو سکتا ہے تاہم بنیادی طور پر سر میں درد کی دو اقسام ہیں ۔ایک وہ جس میں پورے سر میں درد کی ٹیس ابھر کر بے چین کرتی ہوں۔ دوسری قسم وہ جو سرکے آدھے حصہ میں ہو۔

مائیگرین سادہ الفاظ میں سر درد ہے۔ اسے آدھے سر کا درد یا درد شقیقہ بھی کہا جاتا ہے۔ مائیگرین کی وجہ سے ہمارا دماغ اور جسم کا تمام نظام متاثر ہوتا ہے۔ یہ کہنا بھی غلط نہ ہو گا کہ اس درد میں مبتلا انسان بے بس اور لاچار ہو جاتا ہو۔ مائیگرین صرف سر میں ہی نہیں ہوتابلکہ بعض اوقات یہ پیٹ ، آنکھ یا بازو میں بھی ہو سکتا ہے۔ مگر زیادہ تر یہ درد سر میں ہی ہوتا ہے۔

مائیگرین ۱۲ سے ۴۰؍ سال کی عمر کے افراد میں زیادہ دیکھنے کو ملتا ہےلیکن تُو درد شقیقہ کا مرض زیادہ تر خواتین میں پایا جاتا ہے اور اسی وجہ سے خیال کیا جاتا ہے کہ جنسی ہارمونز کی بے اعتدالی،ماہواری میں خرابی، ہسٹیریا اور دوسرے جنسی عوارض بھی اس تکلیف کی وجہ ہو سکتے ہیں ۔

درد شقیقہ کی وجوہات:درد شقیقہ کی درج ذیل میں سے کوئی بھی وجہ ہوسکتی ہے: پانی کی کمی ، ماحولیاتی آلودگی ، شور شرابہ، خوف و وہم، حسد، نفرت، تکبر، معاشی مسائل، بخل، سماجی الجھنیں، ازدواجی ناخوشگوار ماحول، وساوس، ڈپریشن (ذہنی تناؤ ؍ اینگزائٹی)، ضرورت سے زیادہ چیزوں کا بوجھ مثلاً ضرورت سے زیادہ ورزش یا ضرورت سے زیادہ یا کم سونا، بعض مخصوص قسم کی روشنیاں، وٹامن ڈی اور آئرن کی کمی، کیفین والی اشیاء مثلاً کافی، چائے وغیرہ کے زیادہ استعمال سے بھی یہ درد ہو سکتا ہے۔

علامات:اس درد کے شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل سر بوجھل رہتا ہے، آنکھوں سے مسلسل پانی نکلتا ہے، بعض افراد میں متلی یا چکر آنا جیسی علامات بھی سامنے آتی ہیں یا پھر غنودگی سی طاری رہتی ہے۔ پھر اس درد کے دوران سر یا جس جگہ آپ کو درد ہے ایسا لگ رہا ہوتا ہے کہ اس جگہ آپ کی نبض تیز تیز حرکت کر رہی ہو۔

پہچان:کیونکہ ہر درد مائیگرین نہیں ہوتی اس لیے اس کی پہچان کے لیے بھی چند علامات ہیں جن میں درد کا بار بار ہونا، اس کا دورانیہ شروع میں چند گھنٹے رہتا ہے مگر اگر اس کا وقت پر حل نہ کیا جائے تو دورانیہ بڑھ کر دو سے تین دن تک بھی جا سکتا ہے۔

درد شقیقہ کا قدرتی علاج :اس درد میں مبتلا مریض اگر گہری نیند سو لے تو یہ درد قدرتی طور پر ختم ہو جاتا ہے۔ نیز اس درد کے دوران کم سے کم روشنی میں رہا جائے تو بہتر ہے۔ نیز کوشش کریں کہ کھلی فضا میں لمبے لمبے سانس لیں۔

درد شقیقہ کے متعلق چند ٹوٹکے:ایک چٹکی سونف، ایک چٹکی سفید زیرہ، ایک گرام ادرک، ایک گرام پودینہ اور ایک عدد سبز الائچی ڈیڑھ کپ پانی میں اچھی طرح پکا کر قہوہ بنا کر پینے سے سر کا درد کم ہو سکتا ہے۔

ایک کپ کافی پی لی جائے تو یہ سب سے سستا علاج ہے۔ کافی خون کی شریانوں کودباتی ہے جس سے درد کی شدت میں کمی واقع ہوتی ہے۔

آدھے سر کے درد کی ابتدا ہی میں اگر ایک سے دو گرام ادرک کا سفوف لے لیا جائے یا چھوٹا ٹکڑا چبا لیا جائے تو درد میں شدت نہیں آتی۔

(نوٹ: اس مضمون میں عمومی معلومات دی گئی ہیں۔ قارئین اپنے مخصوص طبی حالات کے پیش نظر اپنے ڈاکٹر یا جی پی (GP)سے مشورہ کریں۔)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button